اجتماع گاہ کے اطراف صفائی ستھرائی، روشنی کی فراہمی اور تعمیر و مرمت کے کاموں کو بروقت مکمل کرنے کے لیے تمام تر دست یاب وسائل اور افرادی قوت سے استفادہ حاصل کیا جا رہا ہے، بلدیہ غربی میں یوٹیلیٹی سروسز فراہم کرنے والے اداروں خصوصا سولڈ ویسٹ مینجمنٹ، ادارہ فراہمی نکاسی آب، کے الیکٹرک کے ساتھ اشتراک عمل کو مضبوط بنانے کی اشد ضرورت ہے، بلدیاتی افسران کی رپورٹ
کراچی (نیوز اپ ڈیٹس) سالانہ تبلیغی اجتماع کے آغاز سے قبل سہولتوں کی فراہمی کا عمل ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے کے لیے تمام تر دست یاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین بلدیہ غربی اظہار احمد خان نے سابق وزیر اوقاف عبدالحسیب، رکن صوبائی اسمبلی عدیل شہزاد، اراکین کونسل اور منتظمین کے ساتھ اجتماع گاہ کے اطراف جاری صفائی ستھرائی، روشنی کے انتظامات اور گزرگاہوں کی تعمیر و مرمت کے کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سابق وزیر اوقاف عبدالحسیب اور رکن صوبائی اسمبلی عدیل شہزاد نے منتظمین کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ حق پرست اراکین اسمبلی اور منتخب بلدیاتی نمائندے اجتماع گاہ کے اطراف بہترین بلدیاتی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے جامع اور مربوط حکمت عملی سے اقدامات کو یقینی بنا رہے ہیں۔ چیئرمین نے موقع پر موجود بلدیاتی افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ سالانہ اجتماع کے موقع پر آنے والے افراد کو بہترین بلدیاتی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے صفائی ستھرائی کے کاموں کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے، روشنی کے انتظامات کی بروقت تکمیل کے ساتھ ساتھ تعمیر و مرمت کے جاری کاموں کو قبل از وقت مکمل کرنے کے لیے تمام تر دست یاب وسائل سے استفادہ حاصل کیا جائے۔ موقع پر موجود بلدیاتی افسران نے اجتماع گاہ کے اطراف جاری کاموں کے بارے میں رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ اجتماع گاہ کے اطراف صفائی ستھرائی، روشنی کی فراہمی اور تعمیر و مرمت کے کاموں کو بروقت مکمل کرنے کے لیے تمام تر دستیاب وسائل اور افرادی قوت سے استفادہ حاصل کیا جا رہا ہے، بلدیہ غربی میں یوٹیلیٹی سروسز فراہم کرنے والے اداروں خصوصا سولڈ ویسٹ مینجمنٹ، ادارہ فراہمی نکاسی آب، کے الیکٹرک کے ساتھ اشتراک عمل کو مضبوط بنانے کی اشد ضرورت ہے۔
No comments:
Post a Comment