علی رضا عابدی کے بہیمانہ قتل پر مذمتی قرار داد متفقہ طور پر منظورکر نے کے بعد دعائے مغفرت اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، ضلع شرقی میں شاہراہ یا کوئی اور جگہ ان کے نام پر منسوب کرنے کی گزارش
مارٹن، کلیٹن اور پاکستان کوارٹرز کے مکینوں کو مالکانہ حقوق دینے کی حکومت سے گزارش کی قرار داد بھی متفقہ طور پر منظور
ترقیاتی کاموں کے حوالے سے تمام یوسیز میں کام منصفانہ بنیادوں پر ہونے چاہئیں۔ قائد حزب اختلاف ذوالفقار قائم خانی
کراچی (نیوز اپ ڈیٹس) بلدیہ شرقی کی کونسل کے نویں اجلاس کی پانچویں اور آخری نشست کا انعقاد ہوا۔ جس کی صدارت قائم مقام چیئرمین عبدالرﺅف خان نے کی اور مختلف مسائل کے سامنے آنے پر رولنگ بھی دی، سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی کے بہیمانہ قتل پر اراکین کونسل نے متفقہ مذمتی قرار داد منظور کی اور حکومت سے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا جب کہ مارٹن،کلیٹن اور پاکستان کوارٹرز کے مکینوں کو مالکانہ حقوق دینے کی حکومت سے گزارش کی قرار داد بھی متفقہ طور پر منظور کر لی گئی ہے۔
قائد حزب اختلاف بلدیہ شرقی ذوالفقار قائم خانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روڈ کٹنگ کے معاملات میں بہت زیادہ بد عنوانیاں کی جا رہی ہےں لہٰذا ریٹ ریوائز کرنے کے سلسلے میں جو قرار داد پیش کی گئی ہے اس حوالے سے غور و خوض کرنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے جب کہ ترقیاتی کاموں کے حوالے سے تمام یوسیز میں کام منصفانہ بنیادوں پر ہونے چاہئیں اور ضلع شرقی میں ایک عوامی فلاحی ماڈل ڈسپنسری اور لائبریری قائم کی جائے اور پارکوں کی حالت بہتر بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے حوالے سے مربوط حکمت عملی بنانے کی اشد ضرورت ہے کیوں کہ صدر سے ختم ہونے والی تجاوزات میں ملوث ٹھیلے والوں نے لائنز ایریا اور ضلع شرقی کا رخ کرلیا ہے جس سے رہائشی لوگوں کو تکلیف کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، اراکین کونسل کی اہمیت کا خیال رکھا جانا چاہیے، ان کے کونسل میں کیے گئے فیصلوں پر من و عن عمل درآمد کو یقینی بنانا انتہائی ضروری ہے، سینئر ملازمین کی ترقیوں کی نشان دہی کے باوجود اب تک وہ ترقیوں سے محروم ہیں لہٰذا فوری طور پر ڈی پی سی تشکیل دے کر سینئر ملازمین کو ترقیاں دی جائیں۔ شاپ بورڈز کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ شاپ بورڈز کے ٹیکس جمع کرنے کے لیے غیر متعلقہ افراد کو رکھا گیا ہے جو اسکولوں اور دیگر دکان داروں کے پاس جا کر انہیں بلیک میل کر کے رشوت وصول کر رہے ہیں اس عمل کا سدباب کیا جائے اور اس حوالے سے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے۔ اجلاس کے آغاز میں پوائنٹ آف آرڈر پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ندیم نے سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی کے بہیمانہ قتل کی نشان دہی کی جس پر قرار داد پیش کی گئی جو متفقہ طور پر منظور کی گئی اور ان کے نام سے شاہراہ یا کوئی جگہ مختص کرنے کا کہا گیا اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ ان کے قاتلوںکو فی الفور منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔ بعد ازاں ان کی مغفرت کے لیے دعا اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ قرار دادوں میں ہومیو پیتھک ڈاکٹرز کے کنٹریکٹ کو بڑھانے، گلشن زون پی آئی بی ابراہیم علی بھائی اسکول کے کام کی مدت میں اضافے، کلیٹن، مارٹن اور پاکستان کوارٹرز کے مکینوں کو مالکانہ حقوق دینے کی قرار دادیں متفقہ طور پر منظور کی گئیں۔ اراکین کونسل ڈاکٹرندیم، اورنگزیب تاج، یوسف انصاری، جاوید احمد، انور غوری، خرم شہزاد، رانا تنزیل، تنزیل بن عبدالرﺅف، سرتاج خٹک، مشتاق احمد، محترمہ عائشہ، بملا روز میری، زرین فاطمہ، محمد غوث اور عرفان کھٹانی نے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے مسائل سمیت یوسیز کے حوالے سے کونسل کو آگاہی فراہم کی۔ ان کی جانب سے متعلقہ افسران کو مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کرنے کو کہا گیا۔ بلدیہ شرقی کی یوسی 1,2,3,6,13,15, اور 17 جہاں واٹر بورڈ کا نیٹ ورک موجود نہیں ہے اس سلسلے میں11رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی جو مذکورہ یوسیز کو واٹر بورڈ کے نیٹ ورک میں لانے کے لیے وزیر بلدیات سمیت دیگر حکام سے بات کر کے مسائل کے حل کو یقینی بنائے گی۔ عبدالرﺅف خان نے اراکین کونسل کی جانب سے نشان دہی کیے گئے مسائل پر فوری رولنگ دی اور افسران کو پابند بنایا کہ وہ اراکین کونسل کے مسائل حل کریں جب کہ قائد حزب اختلاف کی نشان دہی پر انہوں نے روڈ کٹنگ کے ریٹ ریوائز کرنے کی قرار داد پر3 رکنی کمیٹی تشکیل دی جو حقائق کا جائزہ لے کر اپنی سفارشات آئندہ اجلاس میں پیش کرے گی۔ اجلاس میں سپرنٹنڈنگ انجینئر طارق مغل سمیت دیگر محکمہ جات کے افسران نے شرکت کی جب کہ ایس ای نے اراکین کونسل کے سوالوں کے جواب بھی دیے۔
No comments:
Post a Comment