طلبہ کو تعلیم کے ساتھ ساتھ صحت مند سرگرمیوں کو بھی اپنا معمول بنانا چاہیے اور جے ایس ایم یو ایسی تمام سرگرمیوں کے فروغ میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے، وائس چانسلر پروفیسر سید محمد طارق رفیع
جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کی اسٹوڈنٹ کونسل کے زیر اہتمام سالانہ آل کراچی چیس اینڈ اسکریبل مقابلے کی اختتامی تقریب میں طلبہ کا گروپ فوٹو |
کراچی (نیوز اپ ڈیٹس) جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کی اسٹوڈنٹ کونسل کے زیر اہتمام سالانہ آل کراچی چیس اینڈ اسکریبل مقابلہ گرڈ منعقد کیا گیا۔ دو روز جاری رہنے والے چیس اینڈ اسکریبل مقابلوں میں 16سال سے کم اور زائد عمر کی کیٹی گیریز رکھی گئی تھیں۔ ان مقابلوں میں دو سو سے زائد طلبہ نے حصہ لیا۔ پہلے روز شطرنج کے مقابلے ہوئے جس میں انڈر 16 میں کراچی گرامر اسکول کے طالب علم مومن فیاض نے پہلی جب کہ سولہ برس سے زائد عمر کے مقابلوں میں تابانی کالج کے قاسم مجتبیٰ نے پہلی پوزیشن حاصل کی جب کہ اسکریبل مقابلوں میں انڈر 16 میں بی وی ایس اسکول کے مونس حسین خان جب کہ سولہ برس سے زائد عمر کے مقابلے میں محمد علی جناح یونیورسٹی کے شاہزیب کھتری نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ گرڈ کی اختتامی تقریب جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے لیکچر ہال میں منعقد کی گئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان اسکریبل ایسوسی ایشن کے صدر طارق علی تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے طارق علی کا کہنا تھا کہ اسکریبل اور شطرنج کا مستقبل پاکستان میں خاصا روشن ہے اس کی واضح مثال گزشتہ برس بین الاقوامی سطح پر ہونے والے چیس کے مقابلوں میں پاکستانی طلبہ کی کام یابی ہے۔ اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر سید محمد طارق رفیع کا کہنا تھا کہ طلبہ کو تعلیم کے ساتھ ساتھ صحت مند سرگرمیوں کو بھی اپنا معمول بنانا چاہیے اور جے ایس ایم یو ایسی تمام سرگرمیوں کے فروغ میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ تقریب کے اختتام پر منتظمین میں شیلڈز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔
No comments:
Post a Comment