Wednesday, January 9, 2019

سن بلوغت کو پہنچنے والی لڑکیوں کو اپنی جسمانی صفائی کا خاص خیال رکھنا چاہیے، طبی ماہرین

بعض گھرانوں میں لڑکیوں میں مخصوص ایام کا جلدی شروع ہوجانا بیماری سمجھا جاتا ہے اور مخصوص ایام کے دوران لڑکیوں کو گھر کے کام کاج ، چیزوں کو ہاتھ لگانے سے بھی منع کیا جاتا ہے، کچھ بدلیں فاؤنڈیشن کے زیراہتمام آگاہی سیشن سے طبی ماہرین کا اظہار خیال
کراچی (اسٹاف رپورٹر) طبی ماہرین نے کہا ہے کہ سن بلوغت کو پہنچنے والی لڑکیوں کو اپنی جسمانی صفائی کا خاص خیال رکھنا چاہیے اور کسی بھی غیر متوقع پیریشانی کی صورت میں فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ ان خیالات کا اظہار ماہرین نے ”کچھ بدلیں فاؤنڈیشن“ کی جانب سے ریڈ ٹاکس سیریز کے عنوان سے لڑکیوں اور خواتین کے لیے مخصوص ایام میں جسمانی صفائی کا خاص خیال رکھنے سے متعلق لیاقت لائبریری کے لنکن کارنر میں منعقدہ آگاہی سیشن کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ سیشن میںبڑی تعداد میں نوجوان لڑکیوں اور خواتین نے شرکت کی۔ سیشن میں اسسٹنٹ کلینیکل سائیکالوجسٹ سائرہ شبیر، مائیکرو بیالوجسٹ ڈاکٹر سیدہ صدف اکبر، معروف اسکالر عالمہ سیدہ سعدیہ سعید، ویمن ہیلتھ ایجوکیٹر شمائلہ کوثر، لیکچرر آف فزیالوجی ڈاکٹر شیخ محمد سعود، بانی ”کچھ بدلیں فاؤنڈیشن“ کومل صدیقی اور صدر عابد بیلی نے اظہار خیال کیا۔ ”کچھ بدلیں فاؤنڈیشن“ کی بانی کومل صدیقی کا کہنا تھا کہ ہمارے معاشرے میں خواتین کا اہم کردار ہے تاہم خواتین بالخصوص لڑکیوں کو مخصوص ایام سے متعلق آگاہی فراہم نہیں کی جاتی، اس کے بارے میں معاشرے میں بات کرنا بھی غلط اور بے حیائی سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس مہم کے ذریعے مختلف تعلیمی اداروں میں جا کر بھی لڑکیوں کو آگاہی فراہم کریں گے۔ عالمہ سیدہ سعدیہ سعید نے کہا کہ دین اسلام نے عورتوں کو عزت دی، یہ اللہ کا بنایا ہوا نظام ہے، لڑکیوں کا سن بلوغت کو پہنچنا ایک فطری عمل ہے، یہ کوئی بیماری نہیں، خواتین کو اس مسئلے پر بات کرنے سے شرم محسوس نہیں کرنی چاہیے۔ ڈاکٹر سیدہ صدف اکبر اور ڈاکٹر شیخ محمد سعود نے کہا کہ بعض گھرانوں میں لڑکیوں میں مخصوص ایام کا جلدی شروع ہوجانا بیماری سمجھا جاتا ہے اور مخصوص ایام کے دوران لڑکیوں کو گھر کے کام کاج ، چیزوں کو ہاتھ لگانے سے بھی منع کیا جاتا ہے۔ ڈاکٹر سیدہ صدف اکبر نے بتایا کہ خواتین میں مخصوص ایام کم سے کم تین اور زیادہ سے زیادہ سات دن ہوتے ہیں ان دنوں میں خواتین کو صفائی کا خاص خیال رکھنا چاہیے اور بھرپور غذا کا استعمال کرنا چاہیے تاکہ وہ وٹامن بی اور ڈی کی کمی کا شکار نہ ہوں، ایک رپورٹ کے مطابق 75 فی صد خواتین خاص ایام کے دوران صفائی کا خیال نہیں رکھتیں اور اس دوران گندے غیر دھلے کپڑے استعمال کرتی ہیں جس سے انفیکشن ہو سکتا ہے اور بانجھ پن کا خطرہ بھی بڑھ سکتا ہے۔ ماہرین نے مزید کہا کہ اس حوالے سے ماؤں کو بھی چاہیے کہ وہ اپنی بچیوں کو آگاہی دیں اور اس بارے میں بروقت معلومات دیتی رہیں تاکہ لڑکیاں بیماریوں سے بچ سکیں۔

No comments:

Post a Comment

قوم نے دیکھ لیا ہے کہ شہباز شریف کتنے دلیر اور جرات مند ہیں، وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان

قوم نے دیکھ لیا ہے کہ شہباز شریف کتنے دلیر اور جرات مند ہیں، وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان لاہور (نیوز اپ ڈیٹس) وزیر اطلاعات پن...