سرد موسم میں10 دن گھروں میں آرام کرنے کے بعد ننھے منے طلبہ و طالبات نے اپنے اسکولوں کا رخ کیا
بچوں نے گرم سوئٹر، کیپ وغیرہ پہنے ہوئے تھے۔ پنجاب خیبر پختون میں 7جنوری کو اسکول کھلیں گے
کراچی (نیوز اپ ڈیٹس) سردیوں کی چھٹیوں کے بعد کراچی سمیت سندھ بھر میں نجی و سرکاری اسکول اور دیگر تعلیمی ادارے کھل گئے۔ سرد موسم میں 10 دن گھروں میں آرام کرنے کے بعد ننھے منے طلبہ و طالبات نے اپنے اسکولوں کا رخ کیا۔ سال کے پہلے دن سرمائی چھٹیاں ختم ہونے پر سردی کی وجہ سے بچوں نے گرم سوئٹر، کیپ وغیرہ پہنے ہوئے تھے۔ ادھر پنجاب اور خیبر پختون خوا میں شدید سردی اور دھند کے باعث موسمِ سرما کی تعطیلات میں ایک ہفتے کا اضافہ کر دیا گیا ہے اور وہاںسرکاری اسکول 7 جنوری کو کھلیں گے جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ پنجاب کے نجی اسکولوں کے مالکان چھٹیوں میں اضافے کے معاملے پر دو دھڑوں میں بٹ گئے ہیں۔ آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے صدر کاشف ادیب جاودانی نے کہا کہ چھٹیوں میں مزید اضافہ نہیں کر سکتے، اسکول شیڈول کے مطابق کھولیں گے۔ دوسری تنظیم آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن کے صدر کاشف مرزا نے سرکاری نوٹی فکیشن کے مطابق اسکول بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ محکمہ اسکولز ایجوکیشن نے خبر دار کیا ہے کہ چھٹیوں کی خلاف ورزی کرنے والے نجی اسکولوں کے خلاف کارروائی ہو گی۔ سرکاری اعلامیے کے مطابق صوبائی وزیر اسکولز ایجوکیشن مراد راس نے کہا ہے کہ موسم سرما کی چھٹیوں کا دورانیہ ایک ہفتہ بڑھانے کا مقصد ننھے طلبہ کو شدید سردی سے محفوظ رکھنا ہے، شدید سردی میں والدین بھی اپنے بچوں کا بھرپور خیال رکھیں۔
No comments:
Post a Comment