جے ایس ایم یو انتظامیہ کی ہمیشہ سے یہ کوشش رہی ہے کہ ادارے میں کام کرنے والے ملازمین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات بہم پہنچائی جائیں، حج اسکیم بھی یونیورسٹی کی انہیں کاوشوں کی ایک کڑی ہے، وائس چانسلر پروفیسر سید محمدطارق رفیع
کراچی (اسٹاف رپورٹر) جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے تحت حج اسکیم 2019ءکی تقریب قرعہ اندازی سیکنڈ فلور لیکچر ہال میں منعقد کی گئی۔ تقریب کا مقصد جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے مستقل ملازمین کے درمیان حج درخواستوں کی قرعہ اندازی تھا۔ تقریب کے مہمان خصوصی جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر سید محمد طارق رفیع تھے۔ معروف عالم دین مفتی سیف الرحمان اور علامہ نور خصوصی طور پر تقریب میں شریک ہوئے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر سید محمد طارق رفیع کا کہنا تھا کہ جے ایس ایم یو انتظامیہ کی ہمیشہ سے یہ کوشش رہی ہے کہ ادارے میں کام کرنے والے ملازمین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات بہم پہنچائی جائیں، حج اسکیم بھی یونیورسٹی کی انہیں کاوشوں کی ایک کڑی ہے۔ مفتی سیف الرحمان نے اس موقع پر حج کے مختلف احکامات پر روشنی ڈالی اور فریضہ حج کو امت مسلمہ کے لیے اعزاز قرار دیتے ہوئے یہ دعا کی کہ اللہ تمام مسلم امہ کو فریضہ حج کی سعادت نصیب فرمائے۔ تقریب کے آخر میں جے ایس ایم یو کے مستقل ملازمین کے ناموں کی قرعہ اندازی کی گئی، جس میں سینئر کلرک اختر شیر خان، گرلز ہاسٹل کے چوکیدار سید حنیف، لیب ٹیکنیشن ساجد حسین اور محمد عمران پمپ آپریٹر اس برس حج ادا کرنے والے خوش نصیب قرار پائے۔
No comments:
Post a Comment