پی ایم اے حکومت کو مشورہ دیتی ہے کہ روپے کی قدر میں کمی کے باعث دواؤں کی تیاری میں اٹھنے والے اثرات کو کم کرنے کے لیے دوسرے طریقوں پر غور کرے، دوا ساز اداروں کو ٹیکس میں چھوٹ دینے اور دواؤں کے لیے خام مال کی درآمد پر ڈیوٹی میں کمی کر کے ان مسائل کو حل کیا جا سکتا ہے، مختلف اقسام کی ویکسین اور ادویات کے لیے خام مال ملک میں ہی تیار کیا جائے، نقلی و جعلی ادویات اور ادویات کی اسمگلنگ کا خاتمہ ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے، بیان
کراچی (نیوز اپ ڈیٹس)پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (سینٹر) کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر ایس ایم قیصر سجاد نے کہا ہے کہ حکومت کی اجازت سے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (DRAP) کی جانب سے دواؤں کی قیمتوں میں کیے گئے15 فی صد اضافے پر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن گہر ی تشویش کا اظہار کرتی ہے، یہ بہت مایوس کن بات ہے کہ حکومت نے عوام کو کوئی ریلیف دینے کے بجائے دواؤں کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے جو پہلے ہی عوام کی قوت خرید سے باہر تھیں۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر قیصر سجاد نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ ڈاکٹر ایس ایم قیصر سجاد کا مزید کہنا تھا کہ اس اضافے کا درد ناک پہلو یہ ہے کہ زندگی بچانے والی ادویات کی قیمتیں بھی بڑھا دی گئی ہیں، ایسی صورت حال میں کہ جب سرکاری اسپتالوں میں سہولتوں کا سخت فقدان ہے تو اس اضافے سے عوام کی مشکلات بڑھیں گی، ہمارے ملک کی 50 فی صد سے زائد آبادی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہی ہے، یہ لوگ اپنے علاج معالجے کے لیے سرکاری اسپتالوں کا رخ کرتے ہیں لیکن سرکاری اسپتالوں کی حالت زار کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے۔ ڈاکٹر ایس ایم قیصر سجاد کا کہنا تھا کہ حکومت کی یہ ذمے داری ہے کہ ان اسپتالوں میں بہتری پیدا کرے، سرکاری اسپتالوں میں آنے والے تمام مریضوں کو ہر کسی کی ادویات کی مفت فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ایم اے حکومت کو مشورہ دیتی ہے کہ روپے کی قدر میں کمی کے باعث دواؤں کی تیاری میں اٹھنے والے اثرات کو کم کرنے کے لیے دوسرے طریقوں پر غور کرے، دوا ساز اداروں کو ٹیکس میں چھوٹ دینے اور دواؤں کے لیے خام مال کی درآمد پر ڈیوٹی میں کمی کر کے ان مسائل کو حل کیا جا سکتا ہے، مختلف اقسام کی ویکسین اور ادویات کے لیے خام مال ملک میں ہی تیار کیا جائے، نقلی و جعلی ادویات اور ادویات کی اسمگلنگ کا خاتمہ ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پی ایم اے وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ اپنے اس فیصلے پر نظر ثانی کرتے ہوئے دواؤں کی قیمتوں میں اضافے کے نوٹی فکیشن کو واپس لے تاکہ غریب عوام کی مشکلات کو کم کیا جا سکے جو پہلے ہی مہنگائی اور ابتر معاشی صورت حال کے باعث پریشانیوں کا شکار ہیں۔
No comments:
Post a Comment