قوم نے دیکھ لیا ہے کہ شہباز شریف کتنے دلیر اور جرات مند ہیں، وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان
لاہور (نیوز اپ ڈیٹس) وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے بزدلی کےمعیار کا حق ادا کیا ہے اب قوم نے دیکھ لیا ہے کہ شہباز شریف کتنے دلیر اور جرات مند ہیں۔ تفصیلات کے مطابق شہباز شریف کی نیب میں عدم پیشی کے باعث ممکنہ گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنی رٹ قائم کریں گے، آج جو ہوا یہ شہباز شریف اور نیب کاآپس کا معاملہ ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ شہباز شریف نے جو مؤقف اپنایا وہ نئی منطق ہے، شہباز شریف کے مؤقف کے بعد ملک بھر کےملزمان کو چھٹی دے دینی چاہیے، لندن میں وبا زیادہ پھیلی ہوئی ہے، شہباز شریف ڈرتے ڈرتے پاکستان آئے اور وطن آنے کے بعد ڈھائی ماہ سے خود کو قرنطینہ کر رکھا ہے۔ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ آج جو ہوا یہ شہباز شریف اور نیب کا آپس کا معاملہ ہے، نیب میں جتنی بھرتیاں ہوئی ہیں وہ ن لیگ کے دور میں ہوئی ہیں، کرپشن کا پوچھا جائے تو ن لیگ کو ٹڈی دل اور کورونا یاد آجاتا ہے، شہباز شریف نے بزدلی کے معیار کا حق ادا کیا ہے، اب قوم نے دیکھ لیا ہے کہ شہباز شریف کتنے دلیر اور جرات مند ہیں۔ واضح رہے کہ اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں نیب کی جانب سے عدم پیشی پر اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی گرفتاری کا امکان ہے، اس سلسلے میں نیب کی ٹیم بھی شہباز شریف کی رہائش گاہ کے لیے پہنچ گئی ہے۔
No comments:
Post a Comment