Wednesday, January 9, 2019

قومی ادارہ برائے امراضِ قلب نے مریضوں کو امراضِ قلب کا جدید علاج بالکل مفت فراہم کر کے صحت کے شعبے میں حیرت انگیز کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، ترجمان این آئی سی وی ڈی

  ایگزیکٹیو ڈائریکٹر پروفیسر ندیم قمر کی انتھک محنت و کاوشوں اور حکومتِ سندھ کے تعاون کے نتیجے میں این آئی سی وی ڈی دنیا بھر میں امراضِ قلب کا بہترین ادارہ بن چکا ہے، یہ فخر کی بات ہے کہ این آئی سی وی ڈی میں سینہ چاک کیے بغیر دل کا بائی پاس کرنے کا جدید طریقہ متعارف کرایا گیا ہے اور120سے زائد یہ سرجریز سر انجام دی گئی ہیں
کراچی (اسٹاف رپورٹر) این آئی سی وی ڈی کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ قومی ادارہ برائے امراضِ قلب (این آئی سی وی ڈی) نے گزشتہ کچھ سالوں سے مریضوں کو انہیں کے گھروں کے قریب امراضِ قلب کا جدید علاج بالکل مفت فراہم کر کے صحت کے شعبے میں حیرت انگیز کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر پروفیسر ندیم قمر کی انتھک محنت و کاوشوں اور حکومتِ سندھ کے تعاون کے نتیجے میں این آئی سی وی ڈی دنیا بھر میں امراضِ قلب کا بہترین ادارہ بن چکا ہے۔ این آئی سی وی ڈی کراچی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ترجمان کا کہنا تھا کہ سال2018 ءمیں 1,123,633 دل کے مریضوں کا مفت علاج اور3847 مریضوں کے دل کے آپریشنز کیے گئے۔ گزشتہ سال کی نسبت اس سال ریکارڈ8197 پرائمری انجیو پلاسٹیز، 4286 انجیو پلاسٹیز،9052 انجیو گرافیز،20 ٹاوی(TAVI) پروسیجرز،3434 تھیلیم اور55258 ایکو سر انجام دیے گئے۔ او پی ڈی میں410175 مریضوں کا علاج کیا گیا اور ایمر جنسی میں326587 مریضوں کو ہنگامی طبی امداد فراہم کی گئی اور60 ہزار سے زائد مریضوں کو داخل کر کے ان کے پروسیجرز کیے گئے۔
 یہ فخر کی بات ہے کہ این آئی سی وی ڈی میں سینہ چاک کیے بغیر دل کا بائی پاس کرنے کا جدید طریقہ متعارف کرایا گیا ہے اور120سے زائد یہ سرجریز سر انجام دی گئی ہیں۔ این آئی سی وی ڈی سیٹلائٹ سینٹرز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ترجمان کا کہنا تھا کہ سندھ بھر میں قائم این آئی سی وی ڈی کے سیٹلائٹ سینٹرز مریضوں کو انہی کے گھروں کے قریب امراضِ قلب کا جدید علاج مفت فراہم کرنے میں مصروفِ عمل ہیں۔ این آئی سی وی ڈی سکھر، این آئی سی وی ڈی لاڑکانہ اور این آئی سی وی ڈی ٹنڈو محمد خان میں دل کے آپریشنز کا آغاز ہو چکا ہے اور یہ بات باعث مسرت ہے کہ این آئی سی وی ڈی سکھر بغیر کسی اموات کے130 دل کے بائی پاس سر انجام دے چکا ہے۔ ترجمان کا مزیدکہنا تھا کہ این آئی سی وی ڈی سکھرمیں 137702، این آئی سی وی ڈی ٹنڈو محمد خان میں160028، این آئی سی وی ڈی لاڑکانہ میں43917، این آئی سی وی ڈی نواب شاہ میں 38345، این آئی سی وی ڈی حیدرآباد میں33431، این آئی سی وی ڈی سیہون میں22436، این آئی سی وی ڈی خیرپور میں27689 اور این آئی سی وی ڈی مٹھی میں 13831دل کے مریضوں کا مفت علاج کیا گیا۔ این آئی سی وی ڈی نے چیسٹ پین یونٹس کا ایک منفرد پروگرام متعارف کرایا ہے جو کراچی شہر کے عوام کو سینے کے درد کی فوری طبّی امداد مفت فراہم کرنے میں مصروفِ عمل ہے۔ کراچی شہر کے مختلف مقامات گلشن چورنگی فلائی اوور کے نیچے، گل بائی فلائی اوور کے نیچے، ملیر ہالٹ فلائی اوور کے نیچے، قیوم آباد فلائی اوور کے نیچے، ناگن چورنگی فلائی اوور کے نیچے، آئی آئی چند ریگر کے قریب اور لیاری جنرل اسپتال میں یہ یونٹس قائم کیے گئے ہیں جن کی بدولت 150,000 سے زائد مریضوں کو علاج فراہم کیا گیا اور5 ہزار سے زائد دل کے دورے کے مریضوں کو فوری طور این آئی سی وی ڈی منتقل کر کے ان کی پرائمری انجیو پلاسٹی کر کے زندگیاں بچائی گئیں۔ علاوہ ازیں این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر پروفیسر ندیم قمر کا کہنا تھا کہ دو مہینوں کے اندر مزید 10 چیسٹ پین یونٹس قائم کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ این آئی سی وی ڈی میں نہ صرف صوبہ سندھ بلکہ بلوچستان، کے پی کے اور پنجاب سے بھی مریض آتے ہیں جن کو امراضِ قلب کی مفت سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔

No comments:

Post a Comment

قوم نے دیکھ لیا ہے کہ شہباز شریف کتنے دلیر اور جرات مند ہیں، وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان

قوم نے دیکھ لیا ہے کہ شہباز شریف کتنے دلیر اور جرات مند ہیں، وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان لاہور (نیوز اپ ڈیٹس) وزیر اطلاعات پن...