ماہرین کا کہنا تھا کہ لیڈر شپ ایک آرٹ ہے جس کو سیکھنے سے انسان میں شعور بیدار ہوتا ہے
کراچی (نیوز اپ ڈیٹس) جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ اینڈ بزنس مینجمنٹ سائنسز کے زیر اہتمام ہفتہ5 جنوری2019ءکو اقرا یونیورسٹی، کراچی یونیورسٹی اور ایس ایم آئی یو کے اشتراک سے ایک سیمینار بعنوان ”لیڈ 19“ منعقد کیا گیا۔ سیمینار کا مقصد نوجوان نسل میں لیڈر شپ کی صلاحیتوں کی تعمیر اور ان میں آگے بڑھنے کا جذبہ بیدار کرنا تھا۔ سیمینار کے مہمان اعزازی البرکہ بینک کے کنٹری ہیڈ مکرم تھے جب کہ سید حذیر اور ارسل فہیم نے لیڈر شپ کے حوالے سے لیکچرز دیتے ہوئے نوجوانوں کو اپنی فطری صلاحیتیں بروئے کار لانے پر زور دیا۔ ماہرین کا کہنا تھا کہ لیڈر شپ ایک آرٹ ہے جس کو سیکھنے سے انسان میں شعور بیدار ہوتا ہے۔ سیمینار کے مہمان خصوصی جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر سید محمد طارق رفیع نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ اینڈ بزنس مینجمنٹ سائنسز کا قیام معاشرے میں مثبت تبدیلی لارہا ہے اور جے ایس ایم یو کی بھرپور کوشش ہے کہ ایسے اور بھی ادارے قائم کرے تاکہ معاشرہ ترقی کرسکے۔ ا س موقع پر بات کرتے ہوئے آئی او ایچ بی ایم کے ڈائریکٹر ابوذر واجدی کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل کو چاہیے کہ اپنی قائدانہ صلاحیتوں کو دوسرے لوگوں میں بھی منتقل کریں اور قوم کو اجتماعی ترقی کی راہ پر گام زن کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔
No comments:
Post a Comment