اتفاق رائے سے قانون سازی میں بلدیہ ملیر کی نظیر ملنا مشکل ہے کہ کونسل بلدیہ ملیر مختلف سیاسی اور مذہبی نمائندگان کا حسین گلدستہ ہے، کونسل کے 26 ویں عام اجلاس سے خطاب
کراچی (نیوز اپ ڈیٹس) کونسل بلدیہ ملیر کا 26 واں عام اجلاس چیئرمین و کنوینر بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ کی زیر صدارت مرکزی دفتر کے کونسل ہال میں منعقد ہوا۔ میونسپل کمشنر صفدر علی بگھیو، اراکین کونسل اور بلدیاتی افسران بھی شریک تھے۔ اجلاس میں5 مختلف قرار دادیں اتفاق رائے سے منظور کی گئیں۔ چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ نے کہا کہ مفاہمتی پالیسیوں کے ثمرات بلدیہ ملیر کے عوام کو حاصل ہو رہے ہیں، اتفاق رائے سے قانون سازی میں بلدیہ ملیر کی نظیر ملنا مشکل ہے کہ کونسل بلدیہ ملیر مختلف سیاسی اور مذہبی نمائندگان کا حسین گلدستہ ہے۔ دیگر امور کے تحت گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین بلدیہ ملیر نے کہا کہ صفائی ستھرائی کے حوالے سے چینگ زوجن جیانگ گروپ کی کارکردگی ہمارے لیے شرمندگی کا باعث بن رہی ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ ہونے والی بارشوں کے سلسلے میں صوبائی وزیر بلدیات کے دورے کے موقع پر ہمیں بڑی شرمندگی ہوئی جب شاہراہ فیصل پر تمام کچرے دانوں کو بھرا ہوا پایا گیا، بارش کے موسم میں کچرے کی عدم صفائی سے بیماریاں جنم لے سکتی ہیں لہٰذا کسی بھی صورت میں آج کچرا دانوں کی صفائی عمل میں لائی جائے۔ چیئرمین بلدیہ ملیر نے کہا کہ دو سال قبل جب ہم نجی گروپ سے معاہدہ کر رہے تھے تو ہمیں بڑی اچھی امیدیں تھیں لیکن گروپ کی جانب سے وسائل کی قلت کے جواز سے ہماری تمام امیدیں ٹوٹ رہی ہیں، 15 دن صفائی کی جاتی ہے اور ہر15 روز بعد آپ کا عملہ ہڑتال کر دیتا ہے، کبھی آپ کے ملازمین کو تنخواہیں نہیں ملی ہوتیں، کبھی گاڑیوں میںڈیزل نہیں ہوتا، اس طرح کام نہیں کیا جاتا، اگر آپ کو کچھ مسائل درپیش ہیں تو ہمیں تحریری طور پر آگاہ کریں ہم ان مسائل کو آگے لکھیں گے تاکہ بلدیہ ملیر میں صفائی ستھرائی کی صورت حال کو بہتر بنایا جاسکے۔ اجلاس میں اراکین کونسل نے چیئرمین بلدیہ ملیر سے مطالبہ کیا کہ آٹھ ہزار روڈ کی تعمیر میں سست روی پر جواب طلب کیا جائے۔
No comments:
Post a Comment