اسٹوڈنٹس ویلفیئر اورگنائزیشن کے تحت یونس رضوی مباحثہ ایوارڈ ونر کے لیے انعامی رقم بڑھا کر 25 ہزار روپے کر دی گئی
کراچی (نیوز اپ ڈیٹس) اسٹوڈنٹس ویلفیئر آرگنائزیشن کے زیر اہتمام ”آل کراچی یونس رضوی انٹر کالجیٹ اردو مباحثہ 2019“ بعنوان ”ہم تو مجبور ہیں وقت کے ہاتھوں“ 9 فروری کو خالق دینا ہال میں منعقد ہو گا، کام یاب ہونے والی ٹیم کو ٹرافی اور25 ہزار روپے نقد انعام دیا جائے گا جب کہ دوم اور سوم آنے والے طالب علموں اور ٹیموں کو ٹرافی اور مباحثے میں شرکت کرنے والے تمام طالب علموں اور ٹیموں کو اسناد دی جائیں گی۔ ایس ڈبلیو او کے میڈیا کوآرڈی نیٹر قاری ہلال احمد ربانی نے مقابلے میں شرکت کے خواہش مند کالجز اور یونیورسٹیز کے طالب علموں سے کہا ہے کہ وہ مباحثے میں شرکت کے لیے7 فروری 2019ءتک ایس ڈبلیو او کے دفتر واقع خالق دینا ہال ایم اے جناح روڈ سے فارم حاصل کر کے اپنے ناموں کا اندراج کرالیں، مقابلے میں شرکت کے لیے اسٹوڈنٹس ویلفیئر آرگنائزیشن کے فیس بک پیج facebook:studentwelfareorganisation-swo پر بھی رجسٹریشن کرائی جا سکتی ہے۔ واضح رہے کہ1951ءسے قائم طالب علموں کی علمی، سماجی و ادبی تنظیم اسٹوڈنٹس ویلفیئر آرگنائزیشن طالب علموں کو تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ادب و ثقافت کے فروغ کے لیے مختلف تقریبات کا انعقاد بھی کرتی ہے۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی ایس ڈبلیو او کے بانی رکن ایس ایم یونس رضوی کے نام سے جاری ”آل کراچی یونس رضوی انٹر کالجیٹ اردو مباحثہ“ بعنوان ”ہم تو مجبور ہیں وقت کے ہاتھوں“ ہفتہ 9 فروری 2019ءکو خالق دینا ہال میں منعقد کیا جا رہا ہے جس میں کراچی کے تمام کالجز اور یونیورسٹیز کے طالب علموں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
No comments:
Post a Comment