کراچی (نیوز اپ ڈیٹس) مردوں کی پانچویں آل پاکستان ایچ ای سی انٹر ورسٹی سکی چیمپئن شپ پی اے ایف سکی ریزروٹ نلتر میں اختتام پذیر ہوگئی۔ یہ مقابلے پہلی مرتبہ پی اے ایف سکی ریزروٹ نلتر میں منعقد ہوئے جب کہ اس سے قبل یہ چیمپئن شپ پی اے ایف بیس کالا باغ میں منعقد ہوتی تھی۔ پاکستان کی08 یونیورسٹیوں کے24 اسکیئرز نے ان مقابلوںکی سلالم اور جوائنٹ سلالم کیٹی گریز میں حصہ لیا۔ تین دن تک جاری رہنے والے ان مقابلوں کو تماشائیوں اور سکی کی دلدادہ ایک بڑی تعدادنے دیکھا۔
چیمپئن شپ کی تقسیم انعامات کی منعقد ہونے والی تقریب میں انسپکٹر جنرل پولیس گلگت بلتستان ثناءاللہ عباسی مہمان خصوصی تھے۔ یونیورسٹی آف لاہور چیمپئن شپ کی فاتح قرار پائی جب کہ پنجاب یونیورسٹی نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ قراقرم یونیورسٹی، گلگت بلتستان ان مقابلوں میں تیسرے نمبر پر رہی۔
پاک فضائیہ کے زیر اہتمام ونٹر اسپورٹس فیڈریشن آف پاکستان ملک میں سرمائی کھیلوںکے فروغ کے لیے کوشاں ہے۔ نوجوانوںکو اس صحت مندانہ اور پُرجوش کھیل کی طرف زیادہ سے زیادہ راغب کرنے سے نہ صرف ملک میں نیا ٹیلنٹ پروان چڑھے گا بلکہ علاقے میں سیاحت کو بھی مزید فروغ حاصل ہوگا۔
No comments:
Post a Comment