نیب کو وزیر اعظم عمران خان کے خلاف27 لاکھ روپے کے ایک بے تکے ہیلی کاپٹر کیس پر معافی مانگنی چاہیے، فواد چوہدری
اگر آج بینظیر بھٹو شہید زندہ ہوتیں تو انہیں سندھ کا سب سے زیادہ دکھ ہوتا، بلاول بھٹو زرداری ابھی بچے ہیں اور بچے غیر سیاسی ہوتے ہیں، وزیر اطلاعات
بلاول کا سندھ کے حالات سے تعلق نہیں، پاپا اور پھوپھی نے سندھ کو یرغمال بنایا ہوا ہے، سندھ کے حکم رانوں کے پاس جادو کا چراغ ہے، پلک جھپکتے میں پیسے بیرون ملک چلے جاتے ہیں، کراچی ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو
کراچی (نیوز اپ ڈیٹس) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے ایک مرتبہ پھر وزیر اعلیٰ سندھ کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر انہوں نے استعفیٰ نہیں دیا تو عملی اقدام اٹھائیں گے، نیب کو وزیر اعظم کے خلاف27 لاکھ روپے کے ایک بے تکے ہیلی کاپٹر کیس پر معافی مانگنی چاہیے، اگر آج بینظیر بھٹو شہید زندہ ہوتیں تو انہیں سندھ کا سب سے زیادہ دکھ ہوتا، بلاول بھٹو زرداری ابھی بچے ہیں اور بچے غیر سیاسی ہوتے ہیں، میرے خیال میں بلاول کا سندھ کے حالات سے تعلق نہیں، پاپا اور پھوپھی نے سندھ کو یرغمال بنایا ہوا ہے، سندھ کے حکم رانوں کے پاس جادو کا چراغ ہے، پلک جھپکتے میں پیسے بیرون ملک چلے جاتے ہیں، سندھ میں اس وقت کوئی وارث نہیں ہے، پیپلز پارٹی نے سندھ پر قبضہ کیا ہوا ہے، تبدیلی سندھ کے عوام کا حق ہے، جتنا پیسہ سندھ کو ملا ہے اگر اس کا جائز استعمال ہوتا تو یہاں کے لوگوں کو کسی چیز کی کمی نہ ہوتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو کراچی ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ فواد چوہدری نے کہا کہ ہم وزیر اعلیٰ سندھ کے استعفے کا مطالبہ اس لیے کرتے ہیں کیوں کہ جس چراغ کو رگڑ کر اومنی گروپ کے سارے کام ہو رہے تھے، اس کے جن مراد علی شاہ ہیں اور جب وہ چراغ رگڑتے ہیں تو مراد علی شاہ کہتے ہیں کہ کیا حکم ہے میرے آقا، پاکستان اور اس کے3 صوبوں نے تبدیلی کی لہر دیکھی ہے، سندھ کے عوام کا درد رکھنے والے تبدیلی چاہتے ہیں کیوں کہ سندھ میں تبدیلی پورے پاکستان میں تبدیلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی بھرپور اکثریت صوبے میں تبدیلی چاہتی ہے، سندھ میں پیپلز پارٹی کے سینئر قائدین نے ہم سے رابطہ کیا ہے، پیپلز پارٹی کے رہنما ہم سے کہہ رہے ہیں کہ سندھ میں تبدیلی کے لیے اپنا کردار ادا کریں، ہم چاہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی خود تبدیلی لائے، پیپلز پارٹی کو پہلا موقع دینا چاہتے ہیں کہ مراد علی شاہ سے استعفیٰ لیں، اگر ایسا نہ ہوا تو حکومت عملی اقدامات اٹھائے گی اور پیپلز پارٹی کی اکثریت ہمارا ساتھ دے گی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں حکومت کی تبدیلی کے لیے فارورڈ بلاک بنائیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بلاول کو چیف جسٹس نے کہا ہے کہ وہ بچے ہیں اور بچے غیر سیاسی ہوتے ہیں، ان کے پاپا اور پھوپھی نے سندھ کو یرغمال بنایا ہوا ہے، پیپلز پارٹی نے سندھ پر قبضہ کیا ہوا ہے، سندھ کے عوام کا پیسہ دبئی اور لندن میں خرچ ہو رہا ہے، سندھ ترقی میں پورے پاکستان سے پیچھے ہے، سندھ کا برا حال ہے، اسپتالوں میں ڈاکٹرز نہیں ہیں، اسکولوں میں استاد نہیں ہیں اور اگر استاد ہیں تو فرنیچر نہیں، مرادعلی شاہ کے حلقہ انتخاب کے حالات دیکھیں، ترقیاتی کاموں کے لیے ملنے والے اربوں روپے کہاں گئے، کراچی کا حشر نشر ہوگیا لیکن ترقیاتی کاموں کے لیے پیسے نہیں، جتنا پیسہ سندھ کو ملا اگر جائز خرچ ہوتا تو آج یہ گلے شکوے نہ ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ استعفیٰ دیں، ان کا استعفیٰ نہیں آیا تو ہم اپنے مطالبے کے لیے حق بجانب ہوں گے، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سندھ اور عوام کے مفاد کے خلاف کام کر رہے ہیں اور گھبرانے والوں کی اپنی ٹانگیں کم زور ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان کے خلاف نیب کیس سے متعلق فواد چوہدری نے کہا کہ نیب نے وزیر اعظم عمران خان پر27 لاکھ روپے کا ایک بے تکا کیس بنایا ہوا ہے، نیب کو ہیلی کاپٹر کیس پر وزیر اعظم سے معافی مانگنی چاہیے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ بڑی بڑی باتیں کرنے والے پیپلز پارٹی کے رضا ربانی بڑے مزدور رہنما بنتے ہیں، وہ27 سال سے سینیٹر ہیں ابھی میں اور وہ ایک ساتھ طیارے میں سفر کر رہے تھے، بطور وزیر اطلاعات میں نے اکانومی کلاس میں سفر کیا جب کہ سینیٹر رضا ربانی27 سال سے بزنس کلاس میں سفر کرتے ہیں، وہ وزراءکالونی میں رہ رہے ہیں، منسٹرکالونی میں رہنا اور فرسٹ کلاس میں سفر رضا ربانی کا استحقاق نہیں، نظام کوسپورٹ کرتے ہیں لیکن تبدیلی ناگزیرہے، گھبراہٹ زیادہ ہے ہم حوصلہ دینے آئے ہیں، پی ٹی آئی کے علاوہ ملک میں اور کوئی پارٹی نہیں بچے گی۔ صحافی نے فواد چوہدری سے سوال کیا کہ پی ٹی آئی کی حکومت آئی تو پٹرول کی قیمت کیا تھی؟ جواب میں فواد چوہدری نے کہا کہ ملک میں تیل اور غریبوں کی تمام اشیا، چیزیں سستی ہیں، سوائے چند چیزوں کے سبزیوں کی قیمتوں میں کمی آئی ہے البتہ بڑے لوگوں کے لیے قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے لیکن غریب کے لیے کمی آئی ہے، ہماری حکومت غریبوں کی فلاح کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت نے فوری طور پر میڈیا اشتہارات سے متعلق50 کروڑ جاری کیے ہیں، اشتہارات سے متعلق نئی پالیسی لے کرآرہے ہیں، اشتہارات کو لوگوں کی تنخواہوں اور نوکری کی گارنٹی سے جوڑیں گے۔ فواد چوہدری نے کہاکہ سندھ میں کراچی کے لیے بڑا پیکیج پانی سے متعلق آیاہے، ہم چاہتے ہیں کہ وفاق کا سندھ کو دیا گیا پیسہ درست خرچ ہو، وفاق کا پیسہ درست خرچ ہوتا تو آج سندھ کا یہ حال نہ ہوتا۔ واضح رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری دو روزہ دورے پر منگل کو کراچی پہنچے۔ اپنے دورے کے دوران ہم خیال سیاسی جماعتوں کے رہنماﺅں سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ وفاقی وزیر اطلاعات صوبائی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں بھی شریک ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق وزارت سے متعلقہ اہم اجلاسوں میں شریک ہوں گے اور مقامی پارٹی قیادت سے بھی ملاقات کریں گے۔
No comments:
Post a Comment