٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
ملبوسات تیار کرنے والی نئی صنعتوں کے قیام سے ٹیکسٹائل کی ملکی برآمدات میں بآسانی 50 فی صد تک اضافہ کیا جا سکتا ہے
اسلام آباد (نیوز اپ ڈیٹس) ملبوسات تیار کرنے والی 25 نئی صنعتوں کے قیام سے ٹیکسٹائل کی ملکی برآمدات میں بآسانی 50 فی صد تک اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ ٹیکسٹائلز کے شعبے کے ماہرین نے کہا ہے کہ10 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری سے ملبوسات تیار کرنے والا کارخانہ لگایا جا سکتا ہے جس سے 100 سے زائد افراد کو روزگار بھی فراہم ہوگا جب کہ سالانہ برآمدات سے بآسانی 50 ملین ڈالر سے زائد کا زرمبادلہ کمایا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل کے برآمدکنندگان کو چاہیے کہ وہ جدید ترین ٹیکنالوجی کی حامل ملبوسات تیار کرنے والی نئی صعنتوں کے قیام پر سرمایہ کاری کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شعبے میں 25 نئی صنعتوں کے قیام سے روزگار کے 2500 سے زائد مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ 50 ملین ڈالر سے زائد کی برآمدات بھی کی جا سکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت تیار ملبوسات کی برآمدات 1.25 ارب ڈالر ہیں، نئے کارخانوں کے قیام سے برآمدات میں 50 فی صد کے اضافے سے برآمدات کا حجم 2.5 ارب ڈالر تک بڑھایا جا سکتا ہے جس سے قومی معیشت کی ترقی کے اہداف کے حصول کو یقینی بنانے میں بھی مدد ملے گی۔
****************
رواں مالی سال کے ابتدائی پانچ ماہ میں سیمنٹ کی ملکی برآمدات میں 43 فی صد کا اضافہ
اسلام آباد (نیوز اپ ڈیٹس) رواں مالی سال2018-19ءکے ابتدائی پانچ ماہ میں جولائی تا نومبر کے دوران سیمنٹ کی ملکی برآمدات میں 43 فی صد کا اضافہ ہوا ہے جب کہ سیمنٹ کی مقامی مارکیٹ میں فروخت کی شرح میں ایک فی صد کمی واقع ہوئی ہے۔ آل پاکستان سیمنٹ مینو فیکچررز ایسوسی ایشن (اے پی سی ایم اے) کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں جاری مالی سال کے ابتدائی پانچ مہینوں کے دوران سیمنٹ کی قومی صنعت کی فروخت میں مجموعی طورپر4 فی صد کا اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا نومبر2017ءکے دوران سیمنٹ کی برآمدات 20 لاکھ 78ہزار879 ٹن تک بڑھ گیا جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں43 فی صد زائد رہی ہیں۔ اے پی سی ایم اے کے مطابق افغانستان اور بھارت کو کی جانے والی برآمدات میں بالترتیب 25 اور 8 فی صد کی کمی ہوئی ہے تاہم سمندری راستوں سے سیمنٹ کی برآمدات221 فی صد کے نمایاں اضافے سے پانچ لاکھ 40 ہزار791 ٹن کے مقابلے میں17 لاکھ 36 ہزار 154 ٹن تک بڑھ گئیں۔ رپورٹ کے مطابق سیمنٹ کی مقامی مارکیٹ میں فروخت کے حجم میں ایک فی صد کی کمی سے فروخت کا حجم گزشتہ مالی سال کی فروخت ایک کروڑ 64 لاکھ 33 ہزار 684 ٹن کے مقابلے میں ایک کروڑ 62 لاکھ 78ہزار329 ٹن تک کم ہو گئی۔ اے پی سی ایم اے کے مطابق گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں رواں مالی سال میں جولائی تا نومبر2018ءکے دوران سیمنٹ کی ملکی صنعت کی مجموعی فروخت میں 4 فی صد کے اضافے سے فروخت کا حجم ایک کروڑ85 لاکھ 12 ہزار563 ٹن کے مقابلے میں ایک کروڑ 92 لاکھ 47 ہزار185 ٹن تک بڑھ گیا ہے۔
****************
رواں مالی سال کے دوران سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی گئی ترسیلات زر میں 12.5 فیصد اضافہ
اسلام آباد (نیوز اپ ڈیٹس) رواں مالی سال 2018-19ءکے ابتدائی پانچ مہینوں میں جولائی سے نومبر کے دوران سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی گئی ترسیلات زر کی شرح میں 12.5 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال میں جولائی تا نومبر 2018ءکے دوران سمندر پار مقسیم پاکستانیوں نے 9.028 ارب ڈالر کی ترسیلات زر کی ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی سے نومبر 2017ءکے دوران سمندر پار مقیم پاکستانیوں نے 8.021 ارب ڈالر کی ترسیلات زر کی تھیں اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی ال کے دوران سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی جانب سے پاکستان بھیجی جانے والی رقوم کی شرح میں 12.5 فیصد یعنی 1.007 ارب ڈٓلر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیاہے ۔اس بی پی کے اعداد وشمار کے مطابق رواں مالی ال میں سعودی عرب سے سب سے زیادہ 2.152 ارب ڈالر بھیجے گئے ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر متحدہ عرب امارات سے 1.95 ارب ڈالر اور تیسرے نمبر پر امریکا سے بھیجی گئی 1.393 ارب ڈالر کی ترسیلات زر رہی ہیں ۔ اس طرح ملائیشیاءسے بھیجی جانے والی ترسیلات زر میں بھی نمایاں اضافہ سے ترسیلات زر کا حجم 616 ملین ڈالر تک پہنچ گیا۔ اسی طرح برطانیہ سے بھیجی گئی ترسیلات زر میں بھی نمایاں اضافہ سے ان کا حجم 1.286 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔
******** ********
گزشتہ سال پاکستان میں کی جانے والی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری سے 2.7 ارب ڈالر کی دوبارہ سرمایہ کاری کی گئی
اسلام آباد (نیوز اپ ڈیٹس) گزشتہ سال 2017ءکے دوران پاکستان میں کی جانے والی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری سے حاصل ہونے والے منافع جات میں سے 2.7 ارب ڈالر کی دوبارہ سرمایہ کاری کی گئی ہے جبکہ گزشتہ 6 سال کے دوران 10.4 ارب ڈالر کی دوبارہ سرمایہ کاری کی گئی۔ اوورسیز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (او آئی سی سی آئی) کے چیف ایگزیکٹو و سیکرٹری عبدالعلیم نے کہا ہے کہ او آئی سی سی آئی کے اراکین کی تعداد 189 ہے جو دنیا کے 35 مختلف ممالک سے تعلق رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ او آئی سی سی آئی قومی معیشت کے 14 مختلف شعبوں میں خدمات سرانجام دے رہا ہے اور کی جانے والی سرمایہ کاری سے 10 لاکھ سے زائد افراد کو روزگار فراہم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ او آئی سی سی آئی کے اراکین کی سرمایہ کاری اور اثاثہ جات کی مجموعی مالیت 90 ارب ڈالر سے زائد ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایف ڈی آئی میں اضافہ کے لئے سرمایہ کاروں کی سہولیات کو اولین ترجیح دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کے فروغ، ترقی اور بے روزگاری کی شرح کو کم کرنے کے لئے ایمپلائمنٹ زونز کاقیام ضروری ہے اور ایسے زونز میں سرمایہ کاری کرنے والوں کے لئے ٹیکس کی شرح میں کمی سمیت دیگر مراعات فراہم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ نئی صنعتوں کے قیام سے صنعتی ترقی کے فروغ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مدد حاصل کی جاسکے۔
******** ********
ٹی ڈی اے پی نے ہانگ کانگ میں تین روزہ بین الاقوامی تجارتی نمائش میں شرکت کے لیے 28 دسمبر 2018ءتک درخواستیں طلب کر لیں
اسلام آباد (نیوز اپ ڈیٹس) ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) نے ہانگ کانگ میں منعقد ہونے والی تین روزہ بین الاقوامی تجارتی نمائش ”اے پی ایل ایف فیشن ایکسیلیس“ میں شرکت کے لئے 28 دسمبر 2018ءتک درخواستیں طلب کی ہیں۔ اتھارٹی کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق عالمی تجارتی نمائش 13 سے 15 مارچ 2019ءکو منعقد ہو گا جس میں چمڑے کے ملبوسات، جوتے، چمڑے کی مصنوعات، دستانے اور لائف سٹائل و فیشن کی مصنوعات وغیرہ تیار و برآمد کرنے والے ادارے شرکت کے ذریعے اپنی مصنوعات کی نمائش اور عالمی خریداروں سے کاروباری معاملات طے کر سکیں گے۔ عالمی تجارتی میلے میں شرکت کے حوالے سے مزید تفصیلات ادارے کی ویب سائٹ سے بھی حاصل کی جاسکتی ہیں۔
******** ********
اکتوبر 2018ءکے دوران خدمات کے شعبہ کی قومی برآمدات میں 14.3 فیصد اضافہ
اسلام آباد (نیوز اپ ڈیٹس) اکتوبر 2018ءکے دوران خدمات کے شعبہ کی قومی برآمدات میں 14.3 فیصد کا اضافہ ہواہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر 2018ءکے دوران خدمات کے شعبہ کی برآمدات کا حجم 470 ملین ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ اکتوبر 2017ءکے دران شعبہ کی برآمدات سے 411.3 ملین ڈالر کا زرمبادلہ کمایا گیا تھا۔ اس طرح اکتوبر 2017ءکے مقلبہ میں اکتوبر 2018ءکے دوران خدمات کے شعبہ کی برآمدات میں 58.7 ملین ڈالریعنی 14 فیصد سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
No comments:
Post a Comment