Thursday, December 13, 2018

عزیر بلوچ کو عدالت میں پیش نہ کرنے پر سیکرٹری دفاع طلب

بتایا جائے کہ عزیر بلوچ کو ٹرائل کورٹ میں کیوں پیش نہیں کیا جا رہا، سندھ ہائی کورٹ
کراچی (نیوز اپ ڈیٹس) سندھ ہائی کورٹ نے عزیر بلوچ کو پیش نہ کرنے پر سیکرٹری دفاع کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 2 جنوری کو طلب کرلیا ہے۔ جمعرات کو سندھ ہائی کورٹ میں لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ کو ٹرائل کورٹ میں پیش نہ کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ عزیر بلوچ کی والدہ رضیہ بیگم نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ جنوری2016 ءمیں عزیر بلوچ کی گرفتاری ظاہر کی گئی اور40 سے زائد مقدمات میں چالان بھی پیش کردیا گیا لیکن 12اپریل 2017ئ کے بعد سے اسے عدالت میں پیش نہیں کیا گیا، خدشہ ہے کہ عزیر بلوچ کولاپتا کردیا گیا ہے، عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا جائے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے جواب جمع نہ کرانے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا اور ڈپٹی اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ آپ کو گزشتہ سماعت پر جواب جمع کرانے کے لیے آخری مہلت دی گئی تھی۔ جس پر ڈپٹی اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ عزیر بلوچ کی حراست سے متعلق آرمی ہیڈ کوارٹر کو خط لکھا ہے مگر تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ عدالت نے استفسار کیا کہ عزیر بلوچ کو کہاں رکھا گیا ہے کیوں نہیں بتایا جا رہا؟ احکامات کے باوجود کسی فریق نے جواب جمع نہیں کرایا۔ سندھ ہائی کورٹ نے سیکرٹری دفاع کو2 جنوری کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے کہا کہ بتایا جائے کہ عزیر بلوچ کو ٹرائل کورٹ میں کیوں پیش نہیں کیا جا رہا۔ واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پر آئی جی جیل خانہ جات نے جواب جمع کرایا تھا کہ عزیر بلوچ11 اپریل2017 ءسے ملٹری فورس کے پاس ہے اور جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں ملزم عزیر بلوچ کو میجر محمد فنین کے حوالے کیا تھا۔ عزیر بلوچ پر درجنوں افراد کے قتل اور دہشت گردی کے مقدمات ہیں۔

No comments:

Post a Comment

قوم نے دیکھ لیا ہے کہ شہباز شریف کتنے دلیر اور جرات مند ہیں، وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان

قوم نے دیکھ لیا ہے کہ شہباز شریف کتنے دلیر اور جرات مند ہیں، وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان لاہور (نیوز اپ ڈیٹس) وزیر اطلاعات پن...