Wednesday, December 26, 2018

ایم کیو ایم کے رہنما علی رضا عابدی آہوں اور سسکیوں کے درمیان ڈیفنس قبرستان میں سپرد خاک

نماز جنازہ امام بارگاہ یثرب ڈیفنس میں بعد نماز ظہرین علامہ ظفر حسن نقوی کی اقتدا میں ادا کی گئی، ایم کیو ایم پاکستان کا کوئی عہدے دارشریک نہیں ہوا
علی رضا عابدی مہاجروں کی یک جہتی کی کوشش کر رہے تھے، معلوم کرنا ہوگا کہ انہیں دھمکیاں کون دے رہا تھا، ڈاکٹر فاروق ستار کی میڈیا سے بات چیت
علی رضا عابدی کو3 گولیاں لگیں، گردن میں لگنے والی گولی جان لیوا ثابت ہوئی، تینوں گولیاں جسم کے اوپری حصوں پر لگیں، پوسٹ مارٹم رپورٹ 
کراچی (نیوز اپ ڈیٹس) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی کو آہوں اور سسکیوں کے درمیان ڈیفنس4 کے قبرستان میں سپرد خاک کر دیاگیا۔ قبل ازیں ان کی نمازجنازہ امام بارگاہ یثرب ڈیفنس میں بعد نماز ظہرین ادا کی گئی، نمازجنازہ علامہ حسن ظفر نقوی نے پڑھائی۔ نمازجنازہ میں ڈاکٹر فاروق ستار، سید سردار احمد سمیت ایم کیو ایم رہنماﺅں، کارکنوں سمیت، پیپلزپارٹی، پاک سر زمین پارٹی، مسلم لیگ ( ن) اور عوامی نیشنل پارٹی کے وفود نے بھی شرکت کی جب کہ نماز جنازہ میں دیگر سیاسی، سماجی رہنماﺅں، عزیز و اقارب سمیت سول سوسائٹی کی ایک بڑی تعداد نے بھی شرکت کی تاہم ایم کیو ایم پاکستان اور پیپلز پارٹی کا کوئی عہدے دار نماز جنازہ میں شریک نہیں ہوا۔ بعد ازاں علی رضا عابدی کو ڈیفنس 4 کے قبرستان میں آہوں اور سسکیوں کے درمیان سپرد خاک کردیا گیا، اس موقع پر ہر انکھ اشک بار تھی۔ نمازجنازہ اور تدفین کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ نماز جنازہ کے موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ علی رضا عابدی مہاجروں کی یک جہتی کی کوشش کر رہے تھے، معلوم کرنا ہوگا کہ انہیں دھمکیاں کون دے رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ علی رضا کھرے اور سچے انسان تھے، کھرے پن کی وجہ سے انہیں دھمکیاں ملتی تھیں، علی رضا عابدی میرے دست راست تھے، پڑھے لکھے لوگ سیاست میں مشکل سے آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علی رضا عابدی کے قتل سے ہونے والے اس قومی نقصان کا لوگ اندازہ نہیں لگا سکتے، انہیں دھمکیاں کون دیتا تھا یہ بات سامنے آنی چاہیے۔ فاروق ستار نے کہا کہ علی رضا عابدی کے پاس الیکشن سے پہلے دو سپاہی ہوتے تھے، الیکشن لڑنے کے بعد ان سے وہ دو سپاہی بھی واپس لے لیے گئے۔ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما سید سردار احمد نے کہا کہ واقعہ گہری سازش ہے، علی رضا ایم کیو ایم کے مختلف دھڑوں کو ملانے کی کوششیں کر رہے تھے۔ واضح رہے کہ علی رضا عابدی کو گزشتہ روز کراچی کے علاقے ڈیفنس میں ان کے گھر کے باہر گولیاں ماری گئیں، موٹر سائیکل پر سوار دونوں حملہ آور دس سیکنڈ میں کارروائی کر کے فرار ہوگئے۔ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق علی رضا عابدی کو تین گولیاں لگیں، گردن میں لگنے والی گولی جان لیوا ثابت ہوئی۔ علی رضا عابدی کے پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹ تیار کرلی گئی ہے۔ ایم ایل او جناح اسپتال کے مطابق علی رضا عابدی کے سی ٹی اسکین اور ایکسرے بھی کیے گئے، علی رضا عابدی کو 3 گولیاں لگیں، گردن میں لگنے والی گولی جان لیوا ثابت ہوئی، تینوں گولیاں جسم کے اوپری حصوں پر لگیں، ایک گولی چہرے اور ایک گولی کندھے پر لگی، پوسٹ مارٹم کی حتمی رپورٹ ایکسرے اور سی ٹی اسکین کی رپورٹس آنے کے بعد مرتب کی جائے گی۔ کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان غازی کے علاقے میں متحدہ قومی موومنٹ کے سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی پر ان کی رہائش گاہ کے باہر حملہ کیا گیا۔ جس کے نتیجے میں علی رضا عابدی شدید زخمی ہوگئے۔ حملے کے وقت علی رضا عابدی کے والد ان کے ساتھ تھے۔ علی رضا عابدی کے والد ان کو اسی گاڑی میں پی این ایس شفا اسپتال لے کر پہنچے جہاں علی رضا عابدی جانبر نہ ہو سکے اور چل بسے۔ ڈی آئی جی ساﺅتھ جاوید عالم اوڈھو کے مطابق علی رضا عابدی کو ڈیفنس میں ان کے گھر کے باہر موٹر سائیکل سوار دو ملزمان نے نشانہ بنایا، انہیں پی این ایس شفا منتقل کیا گیا تاہم وہ دوران علاج دم توڑ گئے۔ سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی کے قتل پر ایم کیو ایم پاکستان نے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔

No comments:

Post a Comment

قوم نے دیکھ لیا ہے کہ شہباز شریف کتنے دلیر اور جرات مند ہیں، وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان

قوم نے دیکھ لیا ہے کہ شہباز شریف کتنے دلیر اور جرات مند ہیں، وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان لاہور (نیوز اپ ڈیٹس) وزیر اطلاعات پن...