Thursday, December 6, 2018

شوگر ملز مافیا کی جانب سے کسانوں پر ظلم و ستم پر حکومت گونگی بہری کیوں بن گئی ہے؟ الطاف شکور

کراچی (نیوز اپ ڈیٹس) پاسبان ڈیمو کریٹک پارٹی کے صدر الطاف شکور نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کسانوں پر ”شوگر ملز مافیا“ کے جاری ظلم و ستم اور نا انصافیوں پر گونگی اور بہری کیوں بن گئی ہے؟ گنے کی کاشت کرنے والے کسان اپنی فصلوں کو نذر آتش کرنے پر مجبور ہیں، کرشنگ سیزن میں تاخیر پر گنا کھیتوں اور ٹرالیوں پر رکھے رکھے سوکھ رہا ہے، وزن کم ہو رہا ہے۔ شوگر ملز مافیا گزشتہ حکومتوں میں بھی بے لگام تھی اب بھی ایسا کیوں ہے ؟ مسلم لیگ (ن) اور پی پی پی کے بعد اب پی ٹی آئی میں بھی شوگر ملز مالکان کی موجودگی اور وڈیرا شاہی کی اجارہ داری نے ”تبدیلی“ کا خواب چکنا چور کر دیا ہے، شوگر ملز مالکان کے خلاف کارروائی کی جائے۔ پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں پاسبان ڈیمو کریٹک پارٹی کے صدر الطاف شکور نے مزید کہا کہ کسانوں کے دشمن، زراعت کے دشمن، ملک و قوم اور انسانیت کے دشمن ہیں، چینی مافیا ہر سال کسانوں کو بلیک میل کرتی ہے، ان کی فصلوں کا معاوضہ تاخیر سے دینا معمول ہے، دسمبر شروع ہو چکا ہے، شوگر ملز مالکان اور حکومت باہمی ملی بھگت کر کے خواب خرگوش کے مزے لوٹ رہے ہیں جب کہ کسانوں کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں، گندم کی فصل بھی جو گنا نکلنے کے بعد کاشت کی جانی تھی اس کا وقت نکل رہا ہے، گنے کی فصل کھیتوں میں خراب ہو رہی ہے، حکومت، ادارے اور وزیر اطلاعات بھی اس صورت حال پر خاموش ہیں، حکومت میں آنے سے قبل پی ٹی آئی رہنماؤں نے بلند و بانگ دعوے کیے تھے لیکن ملک کا سب سے بڑا اور سب سے مظلوم طبقہ کسان بری طرح مسائل کی لپیٹ میں ہے، تینوں بڑی جماعتوں میں گھس بیٹھے الیکٹ ایبلز اور شوگر ملز مالکان نے کسانوں کے خلاف ایکا کر لیا ہے اور انہیں حق سے محروم کیا جا رہا ہے، مایوس کسانوں کو حق نہ ملا اور انہوں نے آئندہ گنے کی فصلیں بونے سے انکار کر دیا تو ملک کو زبردست بحران کا سامنا کرنا ہوگا جو حکومت کی کشتی کو لے ڈوبے گا۔

No comments:

Post a Comment

قوم نے دیکھ لیا ہے کہ شہباز شریف کتنے دلیر اور جرات مند ہیں، وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان

قوم نے دیکھ لیا ہے کہ شہباز شریف کتنے دلیر اور جرات مند ہیں، وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان لاہور (نیوز اپ ڈیٹس) وزیر اطلاعات پن...