گریجویٹس کو یونیورسٹی اور انڈسٹری کے مابین رابطے مستحکم کرنے پر زور، ایئر الومنائی نیٹ ورک کے تحت تمام فارغ التحصیل گریجویٹس کو متحد کرنے کے عزم کا اعادہ، شرکاءکے اعزاز میں میوزیکل پرفارمنس اور عشائیے کا اہتمام
اسلام آباد (نیوز اپ ڈیٹس) ایئر یونیورسٹی کے وائس چانسلر ایئر وائس مارشل (ر) فائز امیر نے پاک چین اقتصادی منصوبے کو قومی ترقی کے لیے ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان سی پیک منصوبے کی بدولت ترقی کے نت نئے مواقع تلاش کریں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ چودہ برسوں سے فارغ التحصیل ہونے والے گریجویٹس کے اعزاز میں منعقدہ الومنائی تقریب سے کیا۔ اس موقع پرمجموعی طور پر تاحال لگ بھگ پانچ ہزار گریجویٹس کو ایئر الومنائی نیٹ ورک کے تحت متحد کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیاگیا۔ مہمان خصوصی وائس چانسلر نے اپنے خطاب میں زور دیا کہ پاکستان کی عالمی منظر نامہ میں خاص اہمیت ہے اور پاکستان اپنے ارد گرد رونما ہونے والی علاقائی تبدیلیوں سے لاتعلق نہیں رہ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ و طالبات کو سی پیک منصوبے کے تحت مختلف پراجیکٹس میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرنا چاہیے۔ وائس چانسلر فائز امیر نے شرکاءسے کہا کہ وہ عملی زندگی میں اعلیٰ مقام بنانے کی جدوجہد میں اپنے رابطے مادر علمی ایئر یونیورسٹی سے مستحکم رکھیں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ سال نو میں ایئر یونیورسٹی کے الومنائی یونیورسٹی اور انڈسٹری کے مابین موثر پُل کا کردار مزید احسن انداز میں ادا کریں گے۔
اس موقع پر ایئر وائس مارشل (ر) فائز امیر نے آگاہ کیا کہ اس وقت ایئر یونیورسٹی کے تین کیمپس موجود ہیں، کامرہ ایوی ایشن سٹی میں ایئر یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھا جا چکا ہے، ایئر یونیوسٹی کا دائرہ کار ملک بھر میں پھیلانے کے لیے کوشاں ہیں۔ وائس چانسلر نے فارغ التحصیل طلبہ و طالبات کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے تلقین کی کہ وہ اپنی محنت و قابلیت کی بنا پر اپنے پیشہ ورانہ اداروں میں ایئر یونیورسٹی کا نام روشن کریں۔ اس موقع پر سینئر ڈین، ایڈوائزر ڈاکٹر ظفراللہ قریشی اور ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افیئرز فضائلہ علی قاضی نے بھی الومنائی تقریب کے شرکاءسے اظہار خیال کیا۔ الومنائی تقریب میں انجینئرنگ، بزنس ایڈمنسٹریشن، کمپیوٹر سائنس اور سوشل سائنسز سے تعلق رکھنے والے گریجویٹس و فیکلٹی اساتذہ، ڈائریکٹرز اور ڈپارٹمنٹ کوآرڈی نیٹرز نے بھرپور شرکت کی۔ فارغ التحصیل طلبہ و طالبات کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ انہیں اپنی مادر علمی میںواپس آ کر بہت اچھا محسوس ہو رہا ہے۔ انہوں نے یونیورسٹی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ایسی تقاریب باقاعدگی سے منعقد کرانے کی اہمیت پر زور دیا۔ بعد ازاں تقریب کے شرکاءکے اعزاز میں میوزیکل پرفارمنس اور عشائیے کا بھی اہتمام کیا گیا۔
No comments:
Post a Comment