عالمی ادارہ کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دلوا کر بھارتی تسلط سے نجات دلائے، اشرف صحرائی
سرینگر (نیوز اپ ڈیٹس) مقبوضہ کشمیر میں تحریک حریت جموں و کشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستان کی طرف سے مظلوم و محکوم قوموں کو حق خود ارادیت کا موقع فراہم کرنے کے بارے میں پاکستان کی طرف سے پیش کی گئی قرار داد کی منظوری کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ قرار داد کی منظوری کم زور و محکوم قوموں کی جیت ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محمد اشرف صحرائی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں عالمی ادارے میں حق خود ارادیت کے بارے میں پاکستان کی طرف سے قرار داد پیش کرنے اور193رکن ممالک کی طرف سے اسے منظور کیے جانے کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ قرار داد کی منظوری کم زور اور محکوم قوموں کی جیت ہے کیوں کہ آج تک کئی طاقت ور ممالک نے طاقت کے بل پر قوموں کو غلام بنایا ہے، خاص کر بھارتی استعمار نے1947ءمیں کھلی جارحیت کرتے ہوئے فوج کشی کر کے جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کر لیا تھا اور71 برسوں سے نہتے کشمیری عوام اپنے حق خود ارادیت کے حصول کے لیے پرامن جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ تاہم انہوں نے کہا کہ بھارتی حکم ران اپنے توسیع پسندانہ عزائم کے تحت تمام سیاسی، اخلاقی اور بین الاقوامی قوانین کو روندتے ہوئے کشمیر پر اپنے غیر قانونی تسلط کو طول دینے کے لیے تمام ہتھ کنڈے آزما رہے ہیں۔ اشرف صحرائی نے کہا کہ کشمیری عوام نے آزادی کی اس مشعل کو فروزاں رکھنے کے لیے آج تک 6 لاکھ سے زیادہ جانوںکا نذرانہ پیش کیا ہے۔ گزشتہ71 برسوں سے کشمیر کے عوام نے ہر سطح پر اقوام عالم تک اپنی آواز پہنچانے کی کوشش کی مگر عالمی اداروں اور اقوامِ عالم کی بے حسی کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر میں خوں ریزی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا کوئی نوٹس نہیں لیا گیا، جس کی وجہ سے کشمیریوں کے قتل عام کے لیے بھارت کی مزید حوصلہ افزائی ہوئی۔ تحریک حریت کے چیئرمین نے کہا کہ اگرچہ پاکستان نے ہمیشہ سے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت اور انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف بین الاقوامی فورمز پر آواز بلند کی ہے مگر بھارت ایک بڑی بین الاقوامی تجارتی منڈی ہونے کی وجہ سے عالمی اداروں نے معنی خیز خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ انہوںنے کہا کہ آج71 برسوں کے بعد پاکستان اور دیگر انصاف پسند اور آزادی کے حامی ممالک اقوامِ متحدہ میں قوموں کے حق خود ارادیت کی قرار داد منظور کروانے میں کام یاب ہو گئے ہیں۔ انہوںنے قرار داد کے حق میں ووٹ دینے والے تمام ممالک کا شکریہ ادا کیا۔ اشرف صحرائی نے کہا کہ اب یہ اقومِ متحدہ کی ذمے داری ہے کہ وہ مظلوم و محکوم قوموں بالخصوص جموں و کشمیر کے عوام کو حق خود ارادیت کا موقع فراہم کر کے انہیںبھارت کی غلامی سے نجات دلانے کے لیے عملی اقدامات کرے۔
No comments:
Post a Comment