دہشت گرد اکٹھے ہو رہے ہیں اور ہم چپ کر کے بیٹھ گئے ہیں تاہم یہ صورت حال تشویش ناک ہے، وزیر اعلیٰ سندھ
کراچی (نیوز اپ ڈیٹس) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایم کیو ایم رہنما علی رضا عابدی کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد اکٹھے ہو رہے ہیں اور ہم چپ کر کے بیٹھ گئے ہیں تاہم یہ صورت حال تشویش ناک ہے۔ بدھ کو وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت امن و امان کی صورت حال پر ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیف سیکریٹری، مرتضیٰ وہاب، ڈی جی رینجرز سندھ، آئی جی سندھ اور ہوم سیکریٹری سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کیا کر رہی ہے؟ کسی صورت امن و امان کی صورت حال کو خراب ہونے نہیں دیا جائے گا، اداروں کو مکمل خود مختاری دی ہے لیکن نتائج بالکل بھی نظر نہیں آرہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ4 ہفتے میں6 واقعات ہوئے، قائد آباد کا واقعہ، چینی قونصل خانے پر حملہ، ایم کیو ایم کی محفل میلاد پر حملہ اور بعد ازاں پاک سر زمین پارٹی کے2 کارکن قتل ہوئے اور اب یہ علی رضا عابدی کا واقعہ پیش آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صورت حال تشویش ناک ہے، دہشت گرد اکٹھے ہو رہے ہیں اور ہم چپ کر کے بیٹھے ہیں۔ یہ کیوں کنٹرول نہیں ہو رہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ضلع جنوبی میں زیادہ واقعات ہوئے ہیں، مجھے شدید افسوس ہے پولیس کیا کر رہی ہے؟ امن و امان قائم کرنے والے اداروں کو مکمل خود مختاری دی، نتائج اتنے اچھے نہیں مل رہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے ہر صورت شہریوں کا تحفظ چاہیے، شہریوں کو خوف میں مبتلا نہیں ہونے دوں گا۔ اجلاس میں ڈی آئی جی ساﺅتھ جاوید عالم اوڈھو نے وزیر اعلیٰ سندھ کو علی رضا عابدی کے قتل کے حوالے سے تحقیقات میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ہمیں جائے وقوع سے5 خول ملے، علی رضا عابدی کے والد کا انٹرویو کیا، علی رضا عابدی کا فون تحویل میں لے لیا گیا جب کہ گولیوں کے خول لیب بھیجے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں کافی واضح شہادتیں موجود ہیں جن سے قاتل گرفتار ہو جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہوجائیں گے نہیں مجھے قاتل گرفتار چاہئیں، ہمیں سوچنا اور دیکھنا ہوگا کہ کوتاہی کہاں ہے، دہشت گردی کے سب سے زیادہ واقعات ضلع جنوبی میں ہوئے۔ ڈی آئی جی ساﺅتھ نے بتایا کہ قتل میں جو طریقہ کار اپنایا گیا اس سے واضح شہادتیں مل رہی ہیں، قائد آباد سے قتل کے واقعے تک واقعات کی سیریز نظر آ رہی ہے، کچھ اہم گرفتاریاں ہوئی ہیں، تفتیش کر کے کافی کچھ واضح ہوگا۔ آئی جی سندھ کلیم امام نے اجلاس کو بتایا کہ کراچی پولیس نے کل تین بڑے گینگ گرفتار کیے، شہر میں پیٹرولنگ بڑھا رہے ہیں، علی رضا عابدی کا موبائل فون ڈی کوڈ کروا رہے ہیں۔
No comments:
Post a Comment