حکومتی اقدام سے عمران خان کی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں میں مقبولیت بہت کم ہوجائے گی، پاک جاپان بزنس کونسل
ٹوکیو (نیوز اپ ڈیٹس) پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین نے پی آئی اے کی جاپان کے لیے پروازوں کو بند کرنے کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا۔ نجی ٹی وی کے مطا بق پاکستانی کمیونٹی کی شدید مخالفت کے باوجود پی آئی اے نے جاپان کے لیے اپنی پروازیں بند کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے جس کے بعد 16 فروری کے بعد سے جاپان کے لیے پی آئی اے کی پروازیں بند کر دی جائیں گی۔ پاکستانی کمیونٹی نے پی آئی اے کی انتظامیہ کے فیصلے کی شدید مذمت کی ہے جب کہ پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین نے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ رانا عابد حسین نے کہا ہے کہ اس حکومتی اقدام سے نہ صرف حکومت بلکہ عمران خان کی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں میں مقبولیت بہت کم ہوجائے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت نے اپنے وعدوں کے برعکس پہلے اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے موبائل فون لانے پر ڈیوٹی عائد کی، پھر گاڑیوں کی درآمد پر پابندی کی باتیں چل رہی ہیں اور اب جاپان کے لیے قومی ایئر لائن کی پروازوں پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ رانا عابد حسین نے کہا کہ حکومت کو چاہیے تھا کہ ایئر لائن کے جہازوں کو معیاری بناتی، فلائیٹ کے اوقات اور سروس کے معیار کو بہتر بناتی تاکہ مسافروں کی تعداد میں اضافہ ہوتا لیکن ہمارے ہاں ہر مسئلے کا حل صرف بندش ہی نظر آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو دیکھنا چاہیے کہ قطر، امارات اور تھائی جیسی ایئر لائنیں پاکستان اور جاپان کے روٹ پر کام یاب اور نفع بخش ہیں اور اب کیوں چین کی ایئر لائن بھی پاکستان جانے لگی ہے اور کیوں پی آئی اے کو بند کیا جا رہا ہے۔ اس میں کوئی سازش تونہیں ہے، کہیں اس قیمتی روٹ کو فروخت تو نہیں کیا جا رہا، ان سب معاملات کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔ رانا عابد حسین نے کہا ہے کہ وہ جاپان کی تمام سیاسی سماجی تنظیموں کے ساتھ مل کر اس حکومتی اقدام کے خلاف سفارت خانے کے سامنے مظاہرے بھی کریں گے۔ اس حوالے سے پی آئی اے جاپان کے کنٹری منیجر بشیر الدین خان نے کہا ہے کہ فیصلہ چیئرمین کی ہدایات پر کیا گیا ہے جو حتمی ہے جس کے لیے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔
No comments:
Post a Comment