اسلام آباد (نیوز اپ ڈیٹس) پاکستان فضائیہ کے مسیحی افراد نے روایتی جوش و جذبے کے ساتھ کرسمس کی تقریبات منائیں۔ اس تاریخی دن کی مناسبت سے، پاک فضائیہ کے تمام بیسز پر خصوصی دعائیہ تقریبات منعقد ہوئیں جن میں پاک فضائیہ کی مسیحی برادری نے پاکستان کی خوش حالی اور یک جہتی کے لیے دعائیں کیں۔ پاک فضائیہ کی مسیحی برادری کی کرسمس کی خوشیوں میں شمولیت کے لیے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کی۔ اس تقریب کے دوران ایئر چیف نے پاک فضائیہ کے مسیحی افراد اور ان کے خاندانوں کو کرسمس کی مبارک باد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف نے پاک فضائیہ کے مسیحی افراد کی ناقابل فراموش خدمات اور کارناموں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ میں کئی عظیم مسیحی افسران شامل رہے ہیں جن میں ایئر وائس مارشل ایرک ہال، ایئر کموڈور نذیر لطیف، اسکواڈرن لیڈر پیٹر کرسٹی، اسکواڈرن لیڈر ولیم ہارنی، ونگ کمانڈر مرون مڈلکوٹ اور گروپ کیپٹن سیسل چوہدری شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مادر وطن کے ان جواں مرد ہیروز کی شان دار روایات آج بھی زندہ و جاوداں ہیں اور پاک فضائیہ کے مسیحی افسران، ایئرمین اور سول افراد پاک فضائیہ کو ایک اعلیٰ ادارہ بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔
No comments:
Post a Comment