فائنل معرکے میں ناصر اکیڈمی کو 40 کے مقابلے میں 46 پوائنٹس سے شکست کا سامنا، عبدالرحمن، محمد بلال اور حسن علی کا شان دار کھیل
کھیلوں کی معروف سرپرست شاہدہ پروین نے فاتح، رنر اپ ٹیموں کے کپتانوں کو ٹرافی اور کھلاڑیوں میں انفرادی و کیش انعامات تقسیم کیے
کراچی (اسپورٹس رپورٹر) پاکستان اسپورٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام سندھ اسپورٹس بورڈ حکومت سندھ کے اشتراک سے آرام باغ باسکٹ بال کورٹ پر منعقدہ ”قائد اعظم SSBکپ باسکٹ بال فیسٹیول ٹورنامنٹ“ جونیئر کٹیگری کا ٹائٹل ڈاﺅ باسکٹ بال کلب نے ناصر باسکٹ بال اکیڈمی کو 46-40 سے مات دے کر اپنے نام کرلیا۔ فاتح کلب کی جانب سے عبدالرحمن 14، محمد بلال 10 اور حسن علی نے 10 جب کہ رنر اپ کلب کی جانب سے فیضان یوسف10، محمد حارث8 اور سعد صلاح الدین نے 7 پوائنٹس اسکور کیے۔ کھیلے گئے میچ میں ریفریز کے فرائض نیشنل باسکٹ بال ریفری زین العابدین، راحیل خان، عامر شریف نے انجا م دیے جب کہ ٹیکنیکل آفیشلز زعیمہ خاتون، طارق حسین اور محمد نعیم تھے۔ فائنل کے اختتام پر منعقدہ تقسیم انعامات کی تقریب میں مہمان خصوصی کھیلوں کی معروف سرپرست شاہدہ پروین نے فاتح اور رنر اپ ٹیموں کے کپتانوں کو ٹرافی اور کھلاڑیوں میں انفرادی و کیش انعامات تقسیم کیے۔ ٹورنامنٹ کا بیسٹ پلیئر سعد صلاح الدین، بیسٹ شوٹنگ گارڈ عبید حفیظ، بیسٹ اسمال فارورڈ حسن علی اور بیسٹ پوائنٹ گارڈ اسد حفیظ کو قرار دیا گیا۔ اس موقع پر کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر غلام محمد خان، پاکستان ٹینس فیڈریشن کے خالد جمیل شمسی، معروف سیاسی و سماجی رہنما محمد سلیم خمیسانی، عبدالناصر اور دیگر موجود تھے۔ شاہدہ پروین نے کھلاڑیوں سے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ قائد کے بنیادی اصول کو اپنائیں اور ایمان اتحاد اور تنظیم پر سختی سے عمل پیرا ہوں، اگر ہم ان تینوں اصولوں پر کاربند رہے تو ہمارا ملک ہر محاذ پر کام یابی سے ہم کنار ہوگا۔ انہوں نے قائد اعظم ڈے پر کام یاب باسکٹ بال ایونٹ کے انعقاد پر پاکستان اسپورٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن اور سندھ اسپورٹس بورڈ حکومت سندھ کو خراج تحسین پیش کیا۔
No comments:
Post a Comment