Friday, December 14, 2018

بلدیہ عظمیٰ کراچی اور چائنا کی کمپنی کے اشتراک سے اسٹریٹ لائٹس کے نظام کو جدید اور سولر نظام پر منتقل کرنے کے معاہدے پر دستخط


 منصوبے کے تحت بلدیہ عظمیٰ کراچی کی تمام 108 سڑکوں پر اسٹریٹ لائٹس کو ایل ای ڈی انرجی سیونگ لائٹس میں تبدیل کیا جائے گا، اس سے شہر میں اسٹریٹ لائٹس میں بہتری اور انرجی میں بچت ہوگی
کراچی (نیوز اپ ڈیٹس) بلدیہ عظمیٰ کراچی چائنا کی ایک معروف انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی کے اشتراک سے شہر میں اسٹریٹ لائٹس کے نظام کو جدید اور سولر نظام پر منتقل کرنے کے لیے کام شروع کر رہی ہے تاکہ شہر میں اسٹریٹ لائٹس کو ایل ای ڈی انرجی سیونگ لائٹس میں تبدیل کیا جاسکے، اس سے شہر میں اسٹریٹ لائٹس میں بہتری اور انرجی میں بچت ہوگی، منصوبے کے تحت بلدیہ عظمیٰ کراچی کی تمام 108 سڑکوں پر اسٹریٹ لائٹس کو ایل ای ڈی انرجی سیونگ لائٹس میں تبدیل کیا جائے گا، منصوبے پر عمل درآمد کے لیے بلدیہ عظمیٰ کراچی اور چین کی زیان روڈ کنسٹرکشن مشینری کمپنی (XRMC) کے درمیان جمعہ کے روز کے ایم سی صدر دفتر میں مفاہمتی یاد داشت پر دستخط کیے گئے جس کے تحت چین کی سب سے بڑی روڈ بلڈنگ مشینری کراچی میں انرجی سیونگ اسٹریٹ لائٹس کا نظام قائم کرنے میں مدد فراہم کرے گی۔ معاہدے پر میئر کراچی وسیم اختر اور چینی کمپنی کے نمائندے نے دستخط کیے۔
 اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر کو آرڈی نیشن مسعود عالم، سینئر ڈائریکٹر کلچر اینڈ اسپورٹس ریحان خان اور میکینکل اینڈ انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کے افسران بھی موجود تھے۔ میئر کراچی نے اس موقع پر کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی انفرا اسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے کراچی میں اسٹریٹ لائٹس کے نظام کو جدید خطوط پر ترقی دینا چاہتی ہے جس کے لیے ایل ای ڈی انرجی سیونگ لائٹس نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ملک میں توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات اور بجلی کے استعمال کی وجہ سے وسائل پر بوجھ کے پیش نظر کم خرچ اور بہتر کارکردگی کی حامل اسٹریٹ لائٹس ایک بہتر انتخاب ہے جنہیں دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں کام یابی سے استعمال کیا جا رہا ہے۔ معاہدے کے تحت XRMC کمپنی کراچی میں میونسپل روڈ لائٹنگ اسٹینڈرڈ اور میونسپل اسٹریٹ لائٹس اسٹینڈرڈ وضع کرنے میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کی مدد کرے گی اور تفصیلی سروے کرنے کے بعد تجاویز تیار کی جائیں گی۔ بعد ازاں لاہور، پشاور اور پاکستان کے دیگر شہروں میں بھی انرجی سیونگ اسٹریٹ لائٹس کے اس نظام کو متعارف کرایا جائے گا۔ مفاہمتی یاد داشت کا مقصد بلدیہ عظمیٰ کراچی اور چین کی کمپنیXRMC کے درمیان طویل مدتی تعاون کے لیے پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے تاکہ کراچی میں بلدیاتی سطح پر اسٹریٹ لائٹس اور دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کو وسیع کیا جائے جس کے لیے دونوں فریقین مسلسل رابطے اور مشاورت کو یقینی بنائیں گے۔ معاہدے پر دونوں فریقین کی رضا مندی سے تبدیلی یا ترامیم کی جا سکیں گی۔ چینی کمپنی معاہدے پر عمل درآمد کے لیے خود اپنے فنڈ اور وسائل استعمال کرے گی۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ زیان روڈ کنسٹرکشن مشینری کمپنی چین میں سڑکوں کی تعمیر کے لیے مشینری اور مختلف آلات تیار کرنے والی سب سے بڑی کمپنی ہے جو اس سے قبل چین، ناروے، کمبوڈیا اور انڈونیشیا میں بھی کام یابی کے ساتھ اپنے پروجیکٹ مکمل کر چکی ہے۔ چین اور پاکستان کے درمیان سی پیک کے تحت مقامی انفرا اسٹرکچر کو ترقی دینے کے لیے جاری تعاون کے باعث میونسپل انرجی سیونگ اسٹریٹ لائٹس سسٹم کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے لہٰذا اس شعبے میں چینی کمپنی کراچی سے اپنے کام کا آغاز کر رہی ہے جسے مرحلہ وار آگے بڑھایا جائے گا۔

No comments:

Post a Comment

قوم نے دیکھ لیا ہے کہ شہباز شریف کتنے دلیر اور جرات مند ہیں، وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان

قوم نے دیکھ لیا ہے کہ شہباز شریف کتنے دلیر اور جرات مند ہیں، وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان لاہور (نیوز اپ ڈیٹس) وزیر اطلاعات پن...