Wednesday, December 12, 2018

ریلوے ٹریک پر تجاوزات ہٹانے کا کام شروع کر دیا گیا


کراچی (نیوز اپ ڈیٹس) شہر کے مختلف مقامات پر تجاوزات کے خلاف جاری کارروائی میں بدھ کو لیاقت آباد سے ملحقہ غریب آباد کے علاقے میں سرکلر ریلوے کی بحالی کے حوالے سے تیسرے دن بھی کارروائی جاری رہی جس میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات سمیت لیاقت آباد اور گلبرگ ٹاﺅن کے عملے کے ساتھ ساتھ پاکستان ریلوے کی جانب سے فراہم کی گئی افرادی قوت بھی شریک ہے۔ تجاوزات کے خلاف یہ کارروائی غریب آباد (نزد لیاری ایکسپریس وے) کے نیچے پرانا فرنیچر مارکیٹ کے مقام سے شروع کی گئی ہے اس دوران ان غیر قانونی تعمیرات کو ہٹایا گیا ہے جو فٹ پاتھوں پر بہت آگے تک بنائی گئی تھیں اور جس کے باعث بعض مقامات پر ریلوے پٹری بھی زیر زمین چلی گئی تھی۔ ادھر دوسری جانب ضلع غربی میں شیر شاہ اکبر روڈ پر تجاوزات کے خلاف کارروائی میں10 غیر قانونی گودام مسمار کیے گئے جو نالے اور فٹ پاتھوں پر بنے ہوئے تھے جب کہ ضلع کورنگی میں ملیر کالا بورڈ کے مقام پر تجاوزات کے خلاف ہونے والی ایک اور کارروائی میں فٹ پاتھوں اور غوثیہ پارک میں بنی7 غیر قانونی دکانوں کو مسمار کر دیا گیا جب کہ دیگر غیر قانونی تعمیرات کو بھی مسمار کیا گیا ہے۔ شہر بھر میں جاری انسداد تجاوزات مہم کے نگراں میٹرو پولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے بتایا کہ میئر کراچی کی ہدایت پر سرکلر ریلوے کی بحالی کے لیے غریب آباد کے مقام پر تین دن قبل کام شروع کیا گیا تھا جس میں پاکستان ریلوے کی جانب سے افرادی قوت بھی فراہم کی گئی ہے جن میں 120 مزدور اور 25 سپر وائزرز بھی شامل ہیں۔ ابھی تک اس جگہ پر قریباً ایک کلو میٹر تک کے فاصلے پر سے تجاوزات ہٹائی جا چکی ہیں۔ مذکورہ مقام پر تجاوزات کے خلاف جاری اس کارروائی میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کا محکمہ انسداد تجاوزات، ضلع وسطی کی میونسپل کارپوریشن (لیاقت آباد و گلبرگ ٹاﺅن) اور پاکستان ریلوے کے تعاون سے کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے بتایا کہ غریب آباد (بلوچ ہوٹل) سے ریلوے ٹریک پر تجاوزات ہٹانے کا کام شروع کیا گیا ہے جو پاپوش نگر (بڑا بورڈ) تک جاری رہے گا۔ ریلوے لائن کے اس حصے کا فاصلہ قریباً 7.2 کلو میٹر پر محیط ہے جس پر سے تجاوزات ہٹانے کا عمل مستقل جاری ہے۔ شہر کے مختلف حصوں میں جاری انسداد تجاوزات مہم سینئر ڈائریکٹر محکمہ انسداد تجاوزات بشیر صدیقی کی سربراہی میں مکمل کرائی جا رہی ہے۔ بدھ کو غریب آباد میں سرکلر ریلوے کی بحالی کے لیے تجاوزات ہٹانے کا کام ڈپٹی ڈائریکٹر مسرور اقبال اور سعید احمد وارثی، ضلع غربی میں ایڈیشنل ڈائریکٹر معین غوری اور ضلع کورنگی میں ڈائریکٹر لینڈ مسرور علی خان اور ڈپٹی ڈائریکٹر خالد نے اپنی نگرانی میں مذکورہ علاقوں میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کو مکمل کرایا۔ اس دوران ضلعی انتظامیہ اور پولیس کا مکمل تعاون حاصل رہا۔

No comments:

Post a Comment

قوم نے دیکھ لیا ہے کہ شہباز شریف کتنے دلیر اور جرات مند ہیں، وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان

قوم نے دیکھ لیا ہے کہ شہباز شریف کتنے دلیر اور جرات مند ہیں، وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان لاہور (نیوز اپ ڈیٹس) وزیر اطلاعات پن...