پی آئی اے میں درجنوں فضائی میزبانوں اور پائلٹس کے خلاف جعلی تعلیمی اسناد پر کارروائی ہو چکی ہے
کراچی (نیوز اپ ڈیٹس) پی آئی اے کے پائلٹس کے بعد اب 20 فضائی میزبانوں کی تعلیمی اسناد بھی جعلی ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پی آئی اے کے فضائی میزبانوں کی میٹرک کی اسناد متعلقہ تعلیمی بورڈز کو تصدیق کے لیے بھجوائی تھیں، تعلیمی بورڈز نے 20 فضائی میزبانوں کی اسناد کو جعلی قرار دے دیا ہے۔ جعلی اسناد پر ملازمت حاصل کرنے والے20 فضائی میزبانوں میں ائیر ہوسٹسز اور اسٹیورڈز شامل ہیں۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پی آئی اے کو مراسلہ جاری کیا ہے جس میں متعلقہ فضائی میزبانوں کو ملازمت سے فوری معطل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مراسلے میں دی گئی ہدایت کی روشنی میں قومی ایئر لائن نے جعلی تعلیمی اسناد کے حامل فضائی میزبانوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ پی آئی اے میں درجنوں فضائی میزبانوں سمیت پائلٹس کے خلاف جعلی تعلیمی اسناد کے الزام میں کارروائی کی جا چکی ہے۔
No comments:
Post a Comment