Monday, December 10, 2018

شہر بھر میں جاری تجاوزات کے خلاف کارروائی کا 36 واں دن
کراچی (نیوز اپ ڈیٹس) شہر بھر میں جاری تجاوزات کے خلاف کارروائی کے 36 ویں دن سہراب گوٹھ (الآصف اسکوائر) تا گوہر پلازہ تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی کی گئی جس میں بھاری مشینری کے ذریعے فٹ پاتھوں پر بنائی گئی غیرقانونی تعمیرات، ٹھیے، چبوترے اور دیگر تجاوزات کو صاف کردیا گیا جب کہ ساتھ ہی ملبہ بھی اٹھا لیا گیا۔ ادھر لیاقت آباد ڈاکخانہ (بلوچ ہوٹل)کے مقام پر سرکلر ریلوے کی جگہ سے کئی تجاوزات کو صاف کر دیا گیا۔ دوسری جانب ضلع غربی کے علاقے بلدیہ ٹاﺅن میں نالے پر آباد بعض دکانوں کو مسمار کر دیا گیا جو غیرقانونی طور پر نالے پر بنائی گئی تھیں۔ تفصیلات کے مطابق تجاوزات کے خلاف شہر بھر میں پیر کو بھی مختلف مقامات پر کارروائی جاری رکھی گئی۔ سب سے اہم کارروائی سہراب گوٹھ کے علاقے الآصف اسکوائر میں کی گئی جہاں سینکڑوں کی تعداد میں غیر قانونی تعمیرات فٹ پاتھوں پر کی گئی تھیں جن میں ہوٹل، بسوں کے چھوٹے کچے اڈے، چبوترے اور دیگر تجاوزات شامل تھیں جن کو بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے بھاری مشینری کے ساتھ مسمار کردیا۔ اس موقع پر کسی بھی جانب سے کوئی مزاحمت نہیں ہوئی اور تجاوزات کے خلاف یہ کارروائی انتہائی پرامن طریقے سے شام گئے تک جاری رہی جب کہ اس کارروائی کو اسی مقام پر منگل کو بھی جاری رکھا جائے گا، سہراب گوٹھ کی دونوں جانب بے شمار تجاوزات موجود ہیں، پیر کو ہونے والی کارروائی میں تجاوزات کو ایک حصے پر سے ہٹایا گیا ہے جب کہ سڑک کی دوسری جانب کے حصے پر ابھی تجاوزات موجود ہیں جنہیں آج (منگل) کو ہٹایا جائے گا۔ ادھر دوسری جانب لیاقت آباد ڈاکخانہ (بلوچ ہوٹل) کے مقام پر سرکلر ریلوے کی جگہ سے کئی تجاوزات کو ہٹا دیا گیا اس کارروائی میں علاقہ اسسٹنٹ کمشنر اور پولیس بھی ساتھ تھی جن کی مدد سے کارروائی کو مکمل کرایا گیا اور یہاں موجود مختلف اقسام کی تجاوزات کو صاف کر دیا گیا۔ تجاوزات کے خلاف اس مہم کے نگراں میٹرو پولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا ہے کہ سہراب گوٹھ الآصف اسکوائر کے مقام پر بہت پرامن طریقے سے تجاوزات کو ہٹایا گیا ہے جس میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات کی ٹیم نے ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر اداروں کے ساتھ مل کر انتہائی منظم طریقے سے کام کیا اور بغیر کسی پریشانی کے کارروائی کو مکمل کیا۔ انسداد تجاوزات کارروائی میں تمام متعلقہ شہری ادارے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ساتھ ہیں اور تمام ادارے سپریم کورٹ کے احکامات پر تجاوزات کو ہٹانے کے لیے عمل درآمد کرتے ہوئے ایک پیج پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سہراب گوٹھ کی فٹ پاتھوں پر سے تجاوزات ہٹائے جانے کے بعد فٹ پاتھیں راہ گیروں کے لیے چوڑی اور کشادہ ہو گئی ہیں اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ دوبارہ یہاں تجاوزات قائم نہ ہوں باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت کام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات مافیا ان مقامات پر دوبارہ تجاوزات قائم کرنے سے باز رہے وگرنہ ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ واضح رہے کہ شہر کے مختلف مقامات پر جاری تجاوزات کے خلاف کارروائی کو بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات کے سینئر ڈائریکٹر بشیر صدیقی اپنی سربراہی میں مکمل کرا رہے ہیں۔ سہراب گوٹھ پر ہونے والی کارروائی میں ڈپٹی ڈائریکٹرز ریحان صدیقی، محمود صدیقی اور معین الدین، لیاقت آباد میں ڈپٹی ڈائریکٹر مسرور اقبال جب کہ بلدیہ ٹاو ¿ن میں ایڈیشنل ڈائریکٹر معین غوری نے اپنی نگرانی میں کارروائی مکمل کرائی۔

No comments:

Post a Comment

قوم نے دیکھ لیا ہے کہ شہباز شریف کتنے دلیر اور جرات مند ہیں، وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان

قوم نے دیکھ لیا ہے کہ شہباز شریف کتنے دلیر اور جرات مند ہیں، وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان لاہور (نیوز اپ ڈیٹس) وزیر اطلاعات پن...