Monday, December 31, 2018

سندھ اسمبلی میں فارورڈ بلاک بننے کے باوجود وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے، قانونی ماہرین

اٹھارہویں ترمیم، پیپلز پارٹی کے حوصلے بلند، پارٹی میں فارورڈ بلاک بننے کی صورت میں بھی وزیر اعلیٰ کو ہٹانے کے لیے فلور کراسنگ نہیں ہو سکتی، قانونی ماہرین
 فارورڈ بلاک میں شامل اراکین اگر وزیر اعلیٰ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے خلاف ووٹ ڈالنے کے بجائے ایوان سے غیر حاضر رہ کر ووٹ نہ بھی ڈالیں تو بھی وزیر اعلیٰ کو نہیں ہٹایا جا سکتا، ماہرین 
کراچی (نیوز اپ ڈیٹس) قانونی ماہرین کے مطابق 18ویں ترمیم نے پیپلز پارٹی کے حوصلے بلند کر دیے ہیں، پارٹی میں فارورڈ بلاک بننے کی صورت میں بھی وزیر اعلیٰ سندھ کو ہٹانے کے لیے فلور کراسنگ نہیں ہو سکتی، وزیر اعلیٰ کے خلاف آنے والی تحریک عدم اعتماد میں مخالف پارٹی کے امیدوار کو ووٹ دینے کی صورت میں وہ رکن اسمبلی نا اہل ہو جائے گا، اس لیے فوری طور پر وزیر اعلیٰ سندھ کو کوئی خطرہ نہیں البتہ صرف وفاقی حکومت کسی بھی صوبے میں ایمرجنسی لگا کر وزیر اعلیٰ کو ہٹا سکتی ہے۔ آئینی ماہرین کے مطابق تحریک انصاف کو سندھ کے وزیر اعلیٰ کو ہٹانے کے لیے فوری طور پر کوئی کام یابی ملتی دکھائی نہیں دے رہی۔ آئینی ماہرین نے بتایا کہ آئین کی شق63 اے کے مطابق اگر کسی صوبے میں فارورڈ بلاک بن بھی جائے تو بھی فارورڈ بلاک میں شامل کوئی رکن صوبائی اسمبلی تین چیزوں پر اسمبلی میں ووٹ نہیں دے سکتا، ان میں بجٹ کی منظوری، آئینی ترمیم اور وزیر اعلیٰ کے خلاف آنے والی تحریک عدم اعتماد شامل ہیں، اس لیے سندھ میں اگر فارورڈ بلاک بن گیا تو بھی
 وزیر اعلیٰ سندھ کے لیے فوری طور پر کوئی خطرہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ فارورڈ بلاک البتہ پانچ سال تک مختلف بل پاس کر کے اور حکومت کو بل پاس کرنے سے روک کر کام میں رکاوٹ بن سکتے ہیں اور وزیر اعلیٰ کے اختیارات کم کرنے کا بل پاس کر کے بھی وزیر اعلیٰ کو کام کرنے سے روک سکتے ہیں۔ علاوہ ازیں وفاقی حکومت صوبے میں گورنر راج بھی لگا سکتی ہے اس میں آئین منع نہیں کرتا۔ سینئر ایڈووکیٹ حامد خان نے کہا کہ کسی بھی صوبے کے وزیر اعلیٰ کو ہٹانے کے صرف دو ہی طریقے ہیں پہلا طریقہ تحریک عدم اعتماد کا اور دوسرا طریقہ وفاقی حکومت کسی بھی صوبے میں ایمرجنسی لگا کر گورنر راج نافذ کر کے وزیر اعلیٰ کو ہٹا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فارورڈ بلاک میں شامل اراکین اگر وزیر اعلیٰ کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں ووٹ ڈالنے کے بجائے ایوان سے غیر حاضر رہ کر ووٹ نہ بھی ڈالیں تو بھی وزیر اعلیٰ کو نہیں ہٹایا جا سکتا کیوں کہ کسی بھی صوبے کے کل اراکین کی اکثریت سے ہی وزیر اعلیٰ منتخب ہو سکتا ہے۔

جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں دوسری سالانہ تقریب تقسیم اسناد کا انعقاد

کانووکیشن میں 530 طلبہ کو ڈگریاں تفویض کی گئیں، تقریب تقسیم اسناد کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر برائے معدنیات شبیر علی بجارانی تھے 
جلسہ تقسیم اسناد میں15 گولڈ میڈل دیے گئے، محترمہ بے نظیر بھٹو کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے جے ایس ایم یو کی جانب سے ان کے نام کا گولڈ میڈل بھی جاری 
 جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کا پبلک ہیلتھ اور ہیلتھ کیئر مینجمنٹ میں ڈگری تفویض کرنا بہترین اقدام ہے۔ میر شبیر بجارانی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں کانووکیشن2018ء کی تقریب مقامی ہوٹل میں پیر 31 دسمبر 2018ء کو منعقد کی گئی۔ تقریب تقسیم اسناد کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر برائے معدنیات میر شبیر بجارانی تھے۔ کانووکیشن میں525 طلبہ کو ڈگریاں تفویض کی گئیں۔ یہ جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں فارم ڈی کا پہلا بیچ، ایم بی بی ایس اور ماسٹرز آف سائنس اینڈ پبلک ہیلتھ کا دوسرا بیچ جب کہ ایم بی اے کا دوسرا اور تیسرا بیچ تھا۔ جلسہ تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے ڈگری حاصل کرنے والے طلبہ کو مبارک باد دی اور ساتھ ہی صحت، تعلیم اور تعمیر و ترقی کی اہمیت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ملک کی تعمیر و ترقی اسی صورت میں ممکن ہے جب اس ملک کے عوام صحت مند اور تعلیم یافتہ ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ کی آبادی کو صحت مند بنانے میں جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کا کردار قابل قدر ہے اور جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کا پبلک ہیلتھ اور ہیلتھ کیئر مینجمنٹ میں ڈگری تفویض کرنا مثبت اقدام ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی نے حکومتی منصوبوں کی ترقی میں اہم کردار کردار ادا کیا اور تھر کے مختلف علاقوں میں اس حوالے سے کی جانے والی امدادی کارروائیوں میں بھی حصہ لیا۔ آخر میں انہوں نے پاس آؤٹ ہونے والے طلبہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ وائس چانسلر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر سید محمد طارق رفیع نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے سابق طلبہ کو کیے گئے وعدے کا نتیجہ ہے جسے ان کے انتقال کے بعد وفا کیا گیا، محترمہ بے نظیر بھٹو جیسی عظیم لیڈر کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ان کے نام کا گولڈ میڈل بھی اس برس جاری کیا گیا ہے۔ پروفیسر طارق رفیع کا مزید کہنا تھا کہ جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے قیام کے وقت اکاو ¿نٹ میں اتنی رقم بھی نہیں تھی کہ اساتذہ کو تنخواہیں دے سکیں تاہم وقت گزرنے کے ساتھ اب جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے ساتھ دس میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز کا الحاق عمل میں آ چکا ہے اور جے ایس ایم یو طلبہ کی تعداد کے لحاظ سے صوبے کی سب سے بڑی اور ملک کی دوسری بڑی جامعہ ہونے کا اعزاز رکھتی ہے، اس وقت جے ایس ایم یو میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کی تعداد 7000 ہزار سے زائد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چھ برسوں میں ہم نے کئی اعلیٰ درجے کی درس گاہیں تعمیر کی ہیں اور آئندہ آنے والے سالوں میں بھی جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے بینر تلے کالج آف فیملی میڈیسن، فزیو تھراپی اور نرسنگ کالج کو فعال کر دیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اسی سال سے ہم آن لائن ایگزامینیشن کا طریقہ کار بھی متعارف کرایا جس کے ذریعے سے چیٹنگ فری امتحان کی روایت کا بھی آغاز ہوا ہے، رواں برس ہم نے سینٹرلائزڈ داخلہ پالیسی کے ذریعے سے سندھ کے تمام میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کے داخلوں کا عمل بھی کام یابی سے مکمل کیا جس میں32,000 امیدواروں میں سے 3150 کو داخلے ایک شفاف طریقے اور میرٹ کے مطابق دیے گئے لہٰذا ایک بھی داخلہ ابھی تک کسی عدالت میں چیلنج نہیں ہوا۔ انہوں نے یونیورسٹی کی مشکلات کا تذکرہ کرتے ہوئے گرانٹ میں کمی کا بتایا کہ یونیورسٹی کی گرانٹ247 ملین سے کم کر کے 30 ملین کر دی گئی ہے جس کے باعث یونیورسٹی کو مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے مزید منصوبوں کے لیے جامعہ کے لیے زمین کا مطالبہ بھی کیا۔ وائس چانسلر نے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر اور قومی ادارہ برائے صحت اطفال کی تمام فیکلٹی پوزیشز کو جے ایس ایم یو کے زیر انتظام کرنے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ خالی سیٹوں پر بھرتیاں کی جا سکیں۔ جلسہ تقسیم انعامات میں شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے نام پر خصوصی میڈل جاری کیا گیا، اس کے علاوہ 14 گولڈ میڈلز مزید دیے گئے۔ یونیورسٹی کی جانب سے سال کے بہترین ٹیچر کا گولڈ میڈل سید تفضل زیدی کو دیا گیا جب کہ ویلی ڈکٹورین 2018ءمصطفیٰ حسن علوی قرار پائے۔

تحریک انصاف 50 سال بھی لگا لے تو سندھ میں حکومت نہیں بنا سکتی، مشیر اطلاعات سندھ

جے آئی ٹی کوئی صحیفہ آسمانی نہیں ہے، ایک دستاویز ہے، ہم عدالت میں اس کے خلاف تمام شواہد پیش کریں گے، مرتضیٰ وہاب 
کراچی (نیوز اپ ڈیٹس) مشیر اطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ تحریک انصاف50 سال بھی لگا لے تو سندھ میں حکومت نہیں بنا سکتی، جے آئی ٹی کوئی صحیفہ آسمانی نہیں ہے، ایک دستاویز ہے، ہم عدالت میں اس کے خلاف تمام شواہد پیش کریں گے۔ پیر کو سندھ اسمبلی کے باہر ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہمیں اللہ کی ذات اور پاکستان کی عدلیہ پر بھروسہ ہے، جیت انصاف اور پیپلز پارٹی کے نیک لوگوں کی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے پانچ ماہ سے گزارش کر رہا ہوں کہ تحریک انصاف کے ارکان آئین پاکستان پڑھ لیں، نادان دوستوں نے وزیر اعلیٰ سندھ کے خلاف تحریک التوا جمع کروا دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب جو معاملہ عدالت میں ہے اس پر ایوان میں کیسے بحث ہو گی، بریکنگ نیوز کے چکر میں یہ لوگ نہ جانے کیا کیا کر رہے ہیں۔ مرتضیٰ وہاب نے کہاکہ کیپٹیو پاور پلانٹس کے لیے جو تحریک التوا جمع کرائی گئی، اس تحریک کے بارے میں خرم شیر زمان کہتے ہیں کہ وہ مجھ سے کہہ کر جمع کروائی تھی۔ خرم شیر زمان بتائیں کہ اب انہوں نے یہ تحریک التوا کس کے کہنے پر جمع کرائی؟ انہوں نے کہا کہ خرم شیر زمان تحریک التوا پر بھی یوٹرن لیں گے۔ مرتضیٰ وہاب نے پیپلز پارٹی میں کسی بھی فارورڈ بلاک کے امکان کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی متحد ہے اور کسی قسم کا کوئی فارورڈ بلاک نہیں بننے جا رہا، فارورڈ بلاک بننے کی باتیں دس گیارہ سالوں سے کی جا رہی ہیں جو محض افواہیں ہیں۔ یہ پیپلز پارٹی میں فاروڈ بلاک کا دعویٰ کرتے ہیں لیکن ہمارے ایم پی ایز ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔ مشیر اطلاعات نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت خود4 ووٹوں پر کھڑی ہے وہ دس سے50 سال بھی لگا لیں تو سندھ میں حکومت نہیں بنا سکتے، سندھ میں پیپلز پارٹی کی آئینی حکومت قائم ہے جو اپنا آئینی مینڈیٹ پورا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے بے نظیرکی شہادت کے دن بھی سازش کی اور پارٹی کے جذبات کا خیال نہیں رکھا، ماضی میں سازشوں کو بے نقاب کیا اب بھی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صدر مملکت اور گورنر سندھ کس طرح سیاسی کردار ادا کر رہے ہیں، گورنر سندھ عمران اسماعیل پارٹی کے بجائے آئین کے مطابق حکومت سندھ سے مشاورت کریں۔ انہوں نے کہا کہ صدر مملکت اور گورنر سندھ آئین کو فالو کریں، اب وہ تحریک انصاف کے رہنما نہیں رہے۔

سو سال قبل ملکہ برطانیہ کی جانب سے کراچی چڑیا گھر کو دیے گئے کانسی سے بنے شیروں کے دو مجسموں کو دوبارہ نصب کر دیا گیا ہے، میئر کراچی وسیم اختر

ملکہ برطانیہ کی طرف سے کراچی کے عوام کو دیا جانے والا یہ تحفہ2004ءمیں کمروں میں بند کر دیا گیا تھا بظاہر تو یہ چھوٹی سی چیز ہے مگر اس کی ایک تاریخی اہمیت ہے کہ دنیا کی ایک بڑی شخصیت کا عوام کے لیے تحفہ ہے لہٰذا اسے عوام کے درمیان موجود رہنا چاہیے، کراچی چڑیا گھر میں کانسی سے بنے دو شیروں کے مجسموں کی دوبارہ تنصیب کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو
کراچی(نیوز اپ ڈیٹس) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ 100 سال قبل ملکہ برطانیہ کی جانب سے کراچی چڑیا گھر کو کانسی سے بنے شیروں کے دو مجسموں کا تحفہ دیا گیا تھا جنہیں چڑیا گھر میں دوبارہ نصب کر دیا گیا ہے، ملکہ برطانیہ کی طرف سے کراچی کے عوام کو دیا جانے والا یہ تحفہ2004ءمیں کمروں میں بند کر دیا گیا تھا بظاہر تو یہ چھوٹی سی چیز ہے مگر اس کی ایک تاریخی اہمیت ہے کہ دنیا کی ایک بڑی شخصیت کا عوام کے لیے تحفہ ہے لہٰذا اسے عوام کے درمیان موجود رہنا چاہیے، ملکہ برطانیہ کا یہ تحفہ دنیا کے دو زولوجیکل گارڈن برطانیہ اور کراچی زو کے لیے تھا جو آج کراچی کے عوام کو واپس کر دیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کی شام کراچی چڑیا گھر میں کانسی سے بنے دو شیروں کے مجسموں کی دوبارہ تنصیب کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹرسید سیف الرحمن، سینئر ڈائریکٹر مسعود عالم کے علاوہ بچوں اور خواتین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی جب کہ بچوں نے ان شیروں کے ساتھ تصویریں بھی بنوائیں۔ میئر کراچی نے کہا کہ ان مجسموں کو عمر رسیدہ افراد زیادہ دیکھنے آئیں گے جن کی طالب علمی کے زمانے کی یاد داشتیں شیروں کے ان مجسموں سے وابستہ ہیں اور جن لوگوں نے60 سال پہلے کراچی چڑیا گھر میں ان کے ساتھ تصویریں بنوائی تھیں آج وہ ان کو دیکھ کر خوش ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہت قیمتی ورثہ ہے اور ہر حال میں اس کی حفاظت کی جائے گی۔ 
انہوں نے کہا کہ کراچی چڑیا گھر میں مزید جانور لانے کی کوشش کی جا رہی ہے اس حوالے سے انٹرنیشنل زو ایسوسی ایشن سے رابطہ ہے جب کہ حکومت بھی اس حوالے سے مدد کر رہی ہے، ہم چھوٹی چھوٹی چیزوں سے ہر محکمے کو بہتر کر رہے ہیں اور ترقی دے رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں میئر کراچی نے کہا کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر شہر میں تجاوزات کے خلاف کارروائی جاری ہے اس حوالے سے کوئی دباﺅ نہیں، شہر سے تجاوزات کے خاتمے پر صوبائی حکومت، وفاقی حکومت اور کے ایم سی ایک پیج پر ہیں، صدر مملکت، وزیر اعلیٰ سب اس بات پر متفق ہیں کہ انکروچمنٹ مافیا کے خلاف کارروائی جاری رہنی چاہیے، صدر مملکت عارف علوی نے اس پر مبارک باد دی ہے کہ بہت اچھا کام ہوا۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر شہر کے مختلف علاقوں سے ملبہ اٹھانے کے لیے 20 کروڑ روپے سندھ حکومت سے ابھی تک نہیں ملے، یہ رقم ملنے پر صدر کے علاقے میں بحالی کا کام اور دیگر علاقوں سے ملبہ اٹھانے کا کام فوری شروع کر دیا جائے گا۔

Saturday, December 29, 2018

میرے پاس ایسی کوئی اطلاع نہیں کہ سندھ میں گورنر راج لگ رہا ہے، عمران اسماعیل

کراچی میں افسوس ناک واقعات ہوئے ہیں، حالیہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں کچھ گرفتاریاں ہوئی ہیں، خواجہ اظہار کے ساتھ پریس کانفرنس 
سکھر (نیوز اپ ڈیٹس) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ میرے پاس ایسی کوئی اطلاع نہیں کہ سندھ میں گورنر راج لگ رہا ہے۔ ہفتہ کو گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ایم کیو ایم کے رہنما خواجہ اظہار الحسن کے ساتھ سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوامی نمائندے جو مینڈیٹ لے کر آئے ہیں اسے پورا کریں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں کچھ گرفتاریاں ہوئی ہیں، کراچی میں افسوس ناک واقعات ہوئے ہیں جن پر قابو پا لیا جائے گا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ انتہائی افسوس ناک ہے، پیپلز پارٹی کون سے میدان میں لڑنے کی دھمکی دے رہی ہے؟ عمران اسماعیل نے یہ بھی کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ کے بعد اگر کوئی جنگ کرنا چاہتا ہے تو ریاست اس سے اپنے انداز سے نمٹے گی، کوئی قانونی جنگ لڑنا چاہتا ہے یا سڑکوں پر یہ ان کی اپنی چوائس ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم رہنما خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو سکیورٹی بڑھانے کا کہا تھا لیکن کچھ نہیں ہوا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر کیسز بنے ہیں تو عدالتوں کا سامنا کرنا چاہیے، ملک محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

جے آئی ٹی رپورٹ میں سندھ بینک سے متعلق بڑا انکشاف

فریال تالپور سندھ بینک کے فیصلے کرتی ہیں اور وہی بینک کی سیاہ سفید کی مالک تھیں
کراچی (نیوز اپ ڈیٹس) جے آئی ٹی رپورٹ میں سندھ بینک سے متعلق بڑا انکشاف کیاگیا ہے کہ فریال تالپور سندھ بینک کے فیصلے کرتی ہیں اور وہی بینک کی سیاہ سفید کی مالک تھیں۔ تفصیلات کے مطابق جعلی بینک اکاﺅنٹس سے متعلق تفتیش کرنے والی جے آئی ٹی کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سندھ کا وزیر اعلیٰ تو کوئی اور ہے لیکن صوبے کے بڑے فیصلے کرنے والی فریال تالپور ہیں۔ فریال تالپور سندھ بینک کے بھی فیصلے کرتی ہیں، تمام معاملات کی منظوری بھی وہی دیتی تھیں اور وہ ہی سندھ بینک کی سیاہ سفید کی مالک تھیں، بینک میں فریال تالپور کے منظور نظر افراد بھرتی کرائے گئے۔ 
جے آئی ٹی رپورٹ کے مطابق سندھ بینک کا صدر حکومت کے بجائے فریال تالپورکو جواب دہ نکلا، ان کی ہدایت پر ہی سندھ بینک میں چار بڑے افسران جن میں نور زہری، بدرالدین، مختیار احمد، وسیم حیدر کو بینک میں بھرتی کرایا گیا۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ فریال کے کہنے پر ہی نور زہری نامی افسر کو شہید بینظیر آباد کا برانچ منیجر لگایا گیا، فریال تالپور کے منظور نظرافراد کے ذریعے جعلی اکاﺅنٹس کھلوائے جاتے تھے، سندھ بینک کے صدر بلال شیخ کا فریال تالپور کو خط جے آئی ٹی رپورٹ کا حصہ ہے۔ فریال تالپور کو لکھے گئے خط میں برائے توجہ اے جی مجید کا نوٹ بھی ہے، سندھ بینک ہر معاملات کی رپورٹ اومنی گروپ کے اے جی مجید کو دیتا تھا، سندھ بینک کے معاملات کی منظوری پر مراد علی شاہ کے دستخط ہیں، مراد علی شاہ بطور وزیر خزانہ بینک سے متعلق سمری منظور کرتے تھے۔

ایم کیو ایم تقسیم نہیں ہوئی ہے بلکہ ایم کیو ایم کی اب بھی اپنی جگہ اہمیت موجود ہے، عامر خان

عوام کی خواہش ہے کہ سب مل کر کام کریں، ہم بھی یہی چاہتے ہیں، ایم کیو ایم کو ہٹا کر کوئی نیا پلیٹ فارم تشکیل دیا جائے تو یہ قابل قبول نہیں، سنیئر ڈپٹی کنوینر ایم کیو ایم
کراچی (نیوز اپ ڈیٹس) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم تقسیم نہیں ہوئی ہے بلکہ ایم کیو ایم کی اب بھی اپنی جگہ اہمیت موجود ہے، عوام کی خواہش ہے کہ سب مل کر کام کریں اور ہم بھی یہی چاہتے ہیں کہ سب آجائیں اور مل کر کام کریں لیکن اگر کوئی یہ کہتا ہے کہ ایم کیو ایم کو ہٹا کر کوئی نیا پلیٹ فارم تشکیل دیا جائے تو یہ قابل قبول نہیں۔ ہفتہ کو خصوصی گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ تمام لوگ آپس میں مشاورت کریں اور آپس میں بات کریں۔ اس وقت بھی پی ایس پی یا ایم کیو ایم کے کسی کارکن کو کوئی خراش تک نہیں آئی ہے، ہمارے اختلافات سیاسی ہیں۔ ایم کیو ایم کے اتحاد کے حوالے سے جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر کراچی میں امن قائم کرنا ہے تو اس شہر کو اپنا قبول کرنا ہوگا اور سب کو مل کر کوشش کرنی ہوگی۔ علی رضا عابدی کی ہلاکت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ علی رضا عابدی کے قتل سے 15 دن قبل ہی حکومت کو خط لکھا گیا تھا جس میں سکیورٹی کے لیے درخواست کی گئی لیکن افسوس کہ اس پر عمل درآمد نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ طاقت کے زور پر عوام کو دبایا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہر کوشش کرنے کے باوجود ہمارے مسائل حل نہ ہوئے تو ہم صوبے کی جانب جانے پر مجبور ہوں گے، کراچی ملک کو 70 فی صد ریونیو دیتا ہے، ایم کیو ایم صرف مہاجروں کی جماعت نہیں ہے۔

وفاقی حکومت نے ساری سندھ حکومت کے وزراءکے ناموں کو ای سی ایل میں ڈال دیا ہے جو ایک غلط قدم ہے، سید نوید قمر

 عمران خان پر بہت سے کیسز چل رہے ہیں وہ کیوں استعفیٰ نہیں دیتے، لگتا ہے ان کے خلاف کیسز میں سستی جان بوجھ کر کی جاتی ہے، سنیئر رہنما پیپلز پارٹی 
کراچی (نیوز اپ ڈیٹس) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی سید نوید قمر نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے ساری سندھ حکومت کے وزراءکے ناموں کو ای سی ایل میں ڈال دیا ہے جو ایک غلط قدم ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کا میڈیا ٹرائل کیا جا رہا ہے، یہ لوگ ہمارا سیاسی کردار خراب کرنا چاہتے ہیں۔ ہفتہ کو خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کم زور نہیں ہے اور نہ ہی سندھ حکومت میں کوئی فارورڈ بلاک بن رہا ہے اگر کوئی فارورڈ بلاک بنا تو وفاق میں بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پر بہت سے کیسز چل رہے ہیں وہ کیوں استعفیٰ نہیں دیتے، لگتا ہے ان کے خلاف کیسز میں سستی جان بوجھ کر کی جاتی ہے جب کہ ہمارے خلاف کیسز تیزی سے چلائے جاتے ہیں، پیپلز پارٹی کے خلاف ہمیشہ کیسز بنائے جاتے ہیں، یہ ہمارے لیے کوئی نئی بات نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ناقص کارکردگی پر تمام اپوزیشن متحد ہے، ہم نہیں کہتے کہ ن لیگ والے زرداری صاحب کا دفاع کریں مگر غلط کو غلط ضرور کہیں، اس وقت ملک میں تقسیم کرنے کی پالیسی چل رہی ہے۔

وفاقی وزیر جہاز رانی و بندرگاہ علی زیدی نے بندرگاہوں پر رشوت خوری روکنے کے لیے ذاتی نمبر جاری کر دیا

 شہریوں سے اپیل کی ہے کہ محکمے کے اندر کسی بھی غیر قانونی سرگرمی یا کرپشن کے سلسلے میں اپنی شکایات ارسال کیجیے، وہ خود ای میل اور مسیجز پڑھ کر ان کی روشنی میں کارروائی کریں گے
کراچی (نیوز اپ ڈیٹس) وفاقی وزیر جہاز رانی و بندرگاہ علی حیدر زیدی نے محکمے کے اندر کرپشن روکنے کے لیے عوام سے براہ راست رابطے میں رہنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تحریک انصاف کے آفیشل ٹوئٹر اکاﺅنٹ سے ایک ویڈیو پیغام دیتے ہوئے علی حیدر زیدی نے موبائل نمبر اور ای میل ایڈریس شیئر کیا ہے اور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ محکمے کے اندر کسی بھی غیر قانونی سرگرمی یا کرپشن کے سلسلے میں اپنے شکایات ارسال کیجیے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ خود ای میل اور مسیجز پڑھ کر ان کی روشنی میں کارروائی کریں گے اور شکایت کنندہ کی مرضی کے مطابق اس کی شناخت بھی ظاہر نہیں کی جائے گی۔ علی زیدی نے کہا کہ بندرگاہوں پر اگر افسران رشوت طلب کریں یا کوئی اور مسئلہ ہو تو انہی ذرائع سے شکایت درج کریں، ان کے خلاف کارروائی جائے گی چاہے کسی بھی سطح کا افسر ملوث کیوں نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ آپ اپنی شکایات اس نمبر اور ای میل ایڈریس پر بھیج سکتے ہیں۔ 0300-0822234،anticorruptionmoma@gmail.com ساتھ ہی وفاقی وزیر نے یہ بھی واضح کیا کہ شکایت ٹھوس شواہد اور ثبوت کے ساتھ ہونی چاہیے۔

کراچی کے قریب گہرے سمندر میں تیل و گیس کی تلاش کی تیاریاں شروع

 تیل کی تلاش کے لیے ایگزون موبل اور ای این آئی کا خیر مقدم کرتے ہیں، وفاقی وزیر علی زیدی 
کراچی (نیوز اپ ڈیٹس) پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی ک قریب گہرے سمندر میں تیل و گیس کی تلاش کی تیاریاں شروع ہو گئیں۔ کراچی کے ساحل کے قریب تیل کی تلاش کے بڑے اسٹیشن کے لیے آلات کی سپلائی کے لیے جہاز کے پی ٹی پہنچ گئے۔ یہ بحری جہاز ساحل سے230 کلومیٹر دور مدر آف آل رگز کو آلات پہنچائیں گے۔ وفاقی وزیر علی زیدی اس ضمن میں کہتے ہیں کہ تیل کی تلاش کے لیے ایگزون موبل اور ای این آئی کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے سمندر سے عالمی پیمانے پر تیل و گیس کی تلاش کے لیے دعاگو ہیں، ان شا اللہ اس حوالے سے اچھی اور بڑی خبر ملے گی۔

تعلیم یافتہ نوجوان سی پیک منصوبے کی بدولت ترقی کے نت نئے مواقع تلاش کریں، وائس چانسلر ایئر یونیورسٹی فائز امیر کا الومنائی تقریب سے خطاب

 گریجویٹس کو یونیورسٹی اور انڈسٹری کے مابین رابطے مستحکم کرنے پر زور، ایئر الومنائی نیٹ ورک کے تحت تمام فارغ التحصیل گریجویٹس کو متحد کرنے کے عزم کا اعادہ، شرکاءکے اعزاز میں میوزیکل پرفارمنس اور عشائیے کا اہتمام
اسلام آباد (نیوز اپ ڈیٹس) ایئر یونیورسٹی کے وائس چانسلر ایئر وائس مارشل (ر) فائز امیر نے پاک چین اقتصادی منصوبے کو قومی ترقی کے لیے ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان سی پیک منصوبے کی بدولت ترقی کے نت نئے مواقع تلاش کریں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ چودہ برسوں سے فارغ التحصیل ہونے والے گریجویٹس کے اعزاز میں منعقدہ الومنائی تقریب سے کیا۔ اس موقع پرمجموعی طور پر تاحال لگ بھگ پانچ ہزار گریجویٹس کو ایئر الومنائی نیٹ ورک کے تحت متحد کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیاگیا۔ مہمان خصوصی وائس چانسلر نے اپنے خطاب میں زور دیا کہ پاکستان کی عالمی منظر نامہ میں خاص اہمیت ہے اور پاکستان اپنے ارد گرد رونما ہونے والی علاقائی تبدیلیوں سے لاتعلق نہیں رہ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ و طالبات کو سی پیک منصوبے کے تحت مختلف پراجیکٹس میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرنا چاہیے۔ وائس چانسلر فائز امیر نے شرکاءسے کہا کہ وہ عملی زندگی میں اعلیٰ مقام بنانے کی جدوجہد میں اپنے رابطے مادر علمی ایئر یونیورسٹی سے مستحکم رکھیں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ سال نو میں ایئر یونیورسٹی کے الومنائی یونیورسٹی اور انڈسٹری کے مابین موثر پُل کا کردار مزید احسن انداز میں ادا کریں گے۔
 اس موقع پر ایئر وائس مارشل (ر) فائز امیر نے آگاہ کیا کہ اس وقت ایئر یونیورسٹی کے تین کیمپس موجود ہیں، کامرہ ایوی ایشن سٹی میں ایئر یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھا جا چکا ہے، ایئر یونیوسٹی کا دائرہ کار ملک بھر میں پھیلانے کے لیے کوشاں ہیں۔ وائس چانسلر نے فارغ التحصیل طلبہ و طالبات کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے تلقین کی کہ وہ اپنی محنت و قابلیت کی بنا پر اپنے پیشہ ورانہ اداروں میں ایئر یونیورسٹی کا نام روشن کریں۔ اس موقع پر سینئر ڈین، ایڈوائزر ڈاکٹر ظفراللہ قریشی اور ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افیئرز فضائلہ علی قاضی نے بھی الومنائی تقریب کے شرکاءسے اظہار خیال کیا۔ الومنائی تقریب میں انجینئرنگ، بزنس ایڈمنسٹریشن، کمپیوٹر سائنس اور سوشل سائنسز سے تعلق رکھنے والے گریجویٹس و فیکلٹی اساتذہ، ڈائریکٹرز اور ڈپارٹمنٹ کوآرڈی نیٹرز نے بھرپور شرکت کی۔ فارغ التحصیل طلبہ و طالبات کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ انہیں اپنی مادر علمی میںواپس آ کر بہت اچھا محسوس ہو رہا ہے۔ انہوں نے یونیورسٹی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ایسی تقاریب باقاعدگی سے منعقد کرانے کی اہمیت پر زور دیا۔ بعد ازاں تقریب کے شرکاءکے اعزاز میں میوزیکل پرفارمنس اور عشائیے کا بھی اہتمام کیا گیا۔

Thursday, December 27, 2018

عالمی جریدے فوربز نے پاکستان کو دس خوب صورت ترین سیاحتی مقامات میں شامل کر لیا

ہنزہ کی خوب صورت وادیاں، شگار اور کھپلو سمیت گلگت بلتستان میں خوبصورت اضلاع ہیں جنہیں آپ پلک جھپکے بغیر دیکھ سکتے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کے شمالی علاقہ جات اور ملک کے شمال مشرقی علاقے خوب صورتی میں اپنی مثال آپ ہیں
کراچی (نیوز اپ ڈیٹس) معروف بین الاقوامی جریدے فوربز نے پاکستان کو2019 ءمیں سیر و تفریح کے لیے دنیا کے بہترین دس ممالک کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔ جریدے میں شائع کی گئی رپورٹ میں دی ایزورز، پرتگال، مشرقی بھوٹان، لاس کیبوس، میکسیکو، کولمبیا، ایتھوپیا، مڈ غاسکر، منگولیا، پاکستان، رواندا اور ترکی کے دریائی کنارے شامل ہیں۔ فوربز میں شائع رپورٹ میں پاکستان کی معروف حگہوں کا ذکر کیا گیا ہے، جہاں گھومنے پھرنے کے شوقین افراد اپنی چھٹیاں گزار سکتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ہنزہ کی خوب صورت وادیاں، شگار اور کھپلو سمیت گلگت بلتستان میں خوبصورت اضلاع ہیں جنہیں آپ پلک جھپکے بغیر دیکھ سکتے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کے شمالی علاقہ جات اور ملک کے شمال مشرقی علاقے خوب صورتی میں اپنی مثال آپ ہیں۔
 واضح رہے کہ پاکستان کے شمالی علاقہ جات کی مسحور کن خوب صورتی ہر سال بڑی تعداد میں سیاحوں کو یہاں کھینچ لاتی ہے، موسم سرما میں یہ علاقے برف کی دبیز تہہ تلے دب جاتے ہیں اور ان مناظر کو دیکھنے اندرون اور بیرون ملک سے لاکھوں سیاح پاکستان کے شمالی علاقہ جات کا رخ کرتے ہیں۔ موسم سرما میں محدود راستوں اور موسم کی سختی کی بنا پر سیاح آدھے راستوں میں رک کر برف باری دیکھنے پر ہی اکتفا کرتے ہیں۔ بعض مہم جو سیاح ہی موسم سرما میں برف کی چادر سے ڈھکے شمالی علاقوں کا رخ کرتے ہیں۔

طیاروں کو زمین سے لیزر لائٹ مارنے کے واقعات میں تشویش ناک حد تک اضافہ

 رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اندرون و بیرون ملک سے آنے والی پروازیں لیزر لائٹ پڑنے سے متاثر ہوئیں، سب سے زیادہ سمندر کے قریب ریسٹورنٹس میں لگی بڑی بڑی لائٹوں سے پروازیں متاثر ہوتی ہیں
کراچی (نیوز اپ ڈیٹس) طیاروں کو زمین سے لیزر لائٹیں مارنے کے واقعات میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے، رواں سال طیاروں پر لیزر لائٹیں مارنے کے58 سے زائد واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، لیزر لائٹ پڑنے سے جہازوں کے تحفظات کو خطرات لاحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے ایک سال کے دوران لیزر لائٹ سے متعلق رپورٹ جاری کی گئی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اندرون و بیرون ملک سے آنے والی پروازیں لیزر لائٹ پڑنے سے متاثر ہوئیں، سب سے زیادہ سمندر کے قریب ریسٹورنٹس میں لگی بڑی بڑی لائٹوں سے پروازیں متاثر ہوتی ہیں۔
 اس کے علاوہ اندرون ملک سے آنے والی پروازیں اس سے زیادہ متاثر ہوئیں، ماڈل کالونی، سہراب گوٹھ اور میمن گوٹھ سے واقعات رپورٹ ہوئے۔ طیاروں پر لیزر لائٹ پڑنے سے کپتانوں کو لینڈنگ کے وقت پریشانی کا سامنا رہتا ہے، کلفٹن اور ڈیفنس میں بنے ریسٹورنٹس میں لگی بڑی لائٹس جہازوں کو متاثر کر رہی ہیں۔ ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق سہراب گوٹھ اور ہائی وے پر بنے ریسٹورنٹس پر لگی بڑی لائٹس بھی جہازوں کے لیے مشکلات کا سبب بنیں۔ لیزر لائٹس کے واقعات کے حوالے سے کمشنر کراچی اور پولیس انتظامیہ کو تحریری طور پر آگاہ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق پولیس کی جانب سے ہائی وے اور سمندر کی سائٹ ریسٹورنٹس پر لگی لائٹس کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

پاکستان ریلوے نے 75 سال اور اس سے زائد عمر کے مسافروں کے لیے مخصوص ٹرینوں میں مفت سفر کی سہولت فراہم کر دی

 نوٹی فکیشن کے مطابق اس سہولت کے لیے جن ٹرینوں کو مختص کیا گیا ہے ان میں گرین لائن ٹرین، قراقرم ایکسپریس راول ایکسپریس، کراچی ایکسپریس، اسلام آباد ایکسپریس شامل ہیں
کراچی (نیوز اپ ڈیٹس) پاکستان ریلوے نے75 سال اور اس سے زائد عمر کے مسافروں کے لیے مخصوص ٹرینوں میں مفت سفر کی سہولت فراہم کر دی ہے۔ پاکستان ریلوے کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق75 سال اور اس سے زائد کے مسافر مخصوص ٹرینوں میں مفت سفر کر سکیں گے۔ نوٹی فکیشن کے مطابق اس سہولت کے لیے جن ٹرینوں کو مختص کیا گیا ہے ان میں گرین لائن ٹرین، قراقرم ایکسپریس، راول ایکسپریس، کراچی ایکسپریس، اسلام آباد ایکسپریس شامل ہیں۔75 سال سے زائد عمر کے شہریوں کو ریزرویشن اور ٹکٹ کے حصول کے لیے اوریجنل کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ دکھانا لازمی ہو گا۔ اس سے قبل وزیر ریلوے شیخ رشید65 سال کے بزرگ شہریوں کے لیے عیدین کے پرمسرت مواقع پر ریلوے کے مفت سفر کی سہولت دے چکے ہیں۔

تھر میں کول فیلڈ متاثرین کی بحالی کا آغاز ہو گیا، 36 خاندانوں کی ماڈل ولیج سنہری درس منتقلی شروع کر دی گئی

کراچی (نیوز اپ ڈیٹس) تھر میں کول فیلڈ متاثرین کی بحال کا آغاز ہو گیا،36 خاندانوں کی ماڈل ولیج سنہری درس منتقلی شروع کر دی گئی ہے۔ ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ عبدالرشید چنا کے مطابق ہر خاندان کو1100 مربع گز گھر میں تین بیڈ روم، واش روم، کچن، صحن، ثقافتی چونرا، اوطاق (مہمانوں کے بیٹھنے کی جگہ) اور مویشیوں کی جگہ فراہم کی گئی ہے۔ ہر گھر کو شمسی توانائی کے ساتھ گرڈ کنکشن سے منسلک کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے متاثرین کو تمام سہولتوں کے ساتھ نئے گھر ملنے پر مبارک باد دی اور کہا کہ ہم نے تھر کول فیلڈ بلاک ٹو کے متاثرین کو پروجیکٹ میں شراکت دار بنایا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ متاثرہ خاندان اور ان کی آنے والی نسل زبردست ترقی کریں گے۔ واضح رہے کہ تھر کے سنہری درس ماڈل ولیج میں172 پکے گھر،1000 طالبہ کے لیے تین منزلہ اسکول،10 دکانوں کا بازار، مردوں اور عورتوں کے لیے الگ الگ کمیونٹی مراکز، پینے کا صاف پانی مہیا کرنے کے لیے2 آر او پلانٹس، مندر، تمام اہم سڑکوں تک رسائی اور اندرونی گلیوں کو پکا کیا گیا ہے اور پودے لگا کر علاقے کو سرسبز کیا گیا ہے۔ مارچ2019 ءتک تمام 172 خاندانوں کی منتقلی مکمل کی جائے گی۔

علی رضا عابدی کے قاتلوں تک پہنچنے کے لیے جیل میں قیدیوں سے تحقیقات کا فیصلہ

 علی رضا عابدی قتل کی مزید تحقیقات کے لیے ڈی آئی جی ساﺅتھ نے ایس ایس پی ساﺅتھ کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دے دی
کراچی (نیوز اپ ڈیٹس) ایم کیو ایم پاکستان کے سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی کے قاتلوں تک پہنچنے کے لیے جیل میں قیدیوں سے تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ قتل کی تفتیش کے لیے تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق علی رضا عابدی کے قتل کے کیس سے متعلق تفتیشی حکام نے فیصلہ کیا ہے کہ قاتلوں تک پہنچنے کے لیے جیل میں قیدیوں سے تحقیقات کی جائیں گی جب کہ ٹارگٹ کلنگ کیسز میں گرفتار اور رہا ہونے والے ملزمان سے بھی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ تفتیشی حکام کے مطابق جائے وقوع کی جیو فینسنگ کروائی جارہی ہے، اطراف کے 6مقامات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کر لی گئی ہے۔ دوسری جانب علی رضا عابدی قتل کی مزید تحقیقات کے لیے ڈی آئی جی ساﺅتھ جاوید عالم اوڈھو نے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی ہے، ٹیم کوملزمان کی گرفتاری کا ٹاسک دیتے ہوئے روزانہ رپورٹ دینے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ ایس ایس پی ساﺅتھ پیر محمد شاہ کو ٹیم کی سربراہی سونپی گئی ہے۔ ٹیم کے دیگر ارکان میں ایس ایس پی انویسٹی گیشن طارق دھاریجو، ایس پی کلفٹن سوہائے عزیز، ایس ڈی پی او مختیار احمد خاص خیلی، ڈی ایس پی انویسٹی گیشن راجہ اظہر محمود، ایس ایچ او گزری اسد اللہ منگی اور ایس آئی او گزری چوہدری امانت شامل ہیں۔ تفتیشی حکام کے مطابق علی رضا عابدی کے قتل کی تحقیقات پولیس، سی ٹی ڈی اور رینجرز اہل کار کر رہے ہیں جب کہ مقتول کے سکیورٹی گارڈ سمیت 4 افراد سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ قتل کی تحقیقات کے لیے جیل میں قید کالعدم تنظیموں اور سیاسی جماعتوں کے قیدیوں سے بھی پوچھ گچھ کی جائے گی۔ حکام کے مطابق فائر کیے گئے نائن ایم ایم اور30 بور پستول کے خول کی فرانزک کرائی جا چکی ہے جب کہ جائے وقوع کی جیو فینسنگ بھی کرائی جا رہی ہے۔ علی رضا عابدی کے موبائل فون کا ڈیٹا اور جائے حادثہ کے قریب لگے مختلف سی سی ٹی وی سے بھی مدد لی جا رہی ہے جب کہ مختلف ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں گرفتار اور رہا ہونے والے ملزمان سے بھی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔

قائد اعظم اور علامہ اقبال کا پاکستان قرآن و سنت کی عمل داری کا پاکستان ہے، علامہ ناصر عباس جعفری

پاکستان کا دو قومی نظریہ قرآن کی آیت سے استنباط شدہ ہے، قائد اعظم اپنی زندگی کے مختلف پہلوؤں میں مکمل شخصیت تھے، قائد اعظم کے افکار کو اسکول کے سلیبس میں شامل کرنا چاہیے، سمپوزیم سے خطاب
کراچی (نیوز اپ ڈیٹس) مجلس وحدت المسلمین ضلع جنوبی کراچی کے شعبہ تبلیغات کی جانب سے کیتھولک کلب سولجر بازار میں ”قائد اعظم اور علامہ اقبال کا پاکستان کیسے بنایا جاسکتا ہے؟“ کے عنوان پر سمپوزیم منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ علامہ اقبالؒ اور قائد اعظمؒ کی شخصیت کے اسلامی پہلوؤں کو سمجھنا ہوگا، پاکستان کے دو قومی نظریے کی بنیاد قرآنی آیت ہے، جس کا مفہوم یہ ہے کہ مسلمان کسی صورت کافروں کو خود پر مسلط نہ ہونے دیں۔ اس بناءپر کفار کے معاشی، سیاسی، عسکری، سماجی، تعلیمی اور دیگر غلبوں کو کاونٹر کرنا ضروری ہے اور پاکستان بھی اسی آئیڈیالوجی کی بنیاد پر بنا۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال اور قائد اعظم کی فکر کو پڑھنے کی ضرورت ہے، قائد اعظم ہمارے محسن ہیں، انہوں نے سب سے بڑا اسلامی ملک بنایا۔ قائد اعظمؒ کی طرح محرومیوں اور تنگ نظری سے نکلنے کی ضرورت ہے۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ پاکستان بنانے میں ہمارے بزرگوں کا اہم رول رہا ہے اور ہم اس کے اسی طرح وارث ہیں جس طرح ایک بیٹا اپنے باپ کا وارث ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم سب کو عہد کرنا چاہیے کہ قائد اعظمؒ اور علامہ اقبالؒ کی تاریخ کو پڑھیں گے، قائد اعظم کے فرامین کو آئین کا حصہ اور اسکول کے سلیبس میں شامل کیا جاناچاہیے، قائد اعظم کے مطابق بیت المال کا پیسہ وزرا پر خرچ نہیں ہوسکتا، قائد اعظم کے مطابق بیورو کریسی عوام کی خدمت گزار اور ریاست کے خادم ہیں، قائد اعظم اپنی زندگی کے مختلف پہلوؤں میں ایک مکمل شخصیت تھے، قائد اعظم کے پاکستان کا ماخذ قرآن ہے، ایک سوال کہ قائد اعظم کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ لبرل شخص تھے۔ انہوں نے کہا کہ لبرل ہونے کے دو معنی ہے ایک بے دین اور دوسرا معتدل شخصیت، قائد اعظم معتدل انسان تھے، مادر پدر آزادی کے قائل نہیں تھے، خود ان کے فرامین میں جا بجا قرآن کو حوالہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم جو پاکستان چاہتے تھے وہ اغواءکرلیا گیا ہے، ہمیں اسے تلاش کرنا ہے اور اسی پاکستان کو بازیاب کرانے سے پاکستان ملے گا، قائد اعظم کی تحریک کا مسلمانوں کی اکثریت نے ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوام کی حمایت سے بنا، قائد اعظم قانون کی عمل داری پر ایمان رکھتے تھے، حکومت کے قوانین پر عمل کرنا فقہا کے نزدیک بھی نماز و روزے کی طرح واجب ہے، وطن سے محبت کی ضرورت ہے، قائد اعظمؒ مذہبی آزادی والا پاکستان چاہتے تھے، دہشت گردوں نے قائد اعظم کے پاکستان پر حملے کیے، جن خائنوں نے لشکر بنائے انہوں نے پاکستان کے ساتھ بے وفائی کی، ہم سے قائد اعظم کا خوب صورت پاکستان چھین لیا گیا ہے، قائد اعظم کے پاکستان میں امریکا کو تسلط دینا موجود نہیں، قائد اعظم نے مسلم پاکستان بنایا مگر اسے مسلکی پاکستان بنا دیا گیا، مسلکی بنیادوں پر حقوق تقسیم کرنے سے نفرتیں پھیلی۔

علی رضا عابدی کی شہادت پر ریحان ہاشمی کا اظہار تعزیت

اراکین کونسل بلدیہ وسطی کا علی رضا عابدی کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرنے کا مطالبہ 
کراچی (نیوز اپ ڈیٹس) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی کی شہادت ایک ناقابل تلافی نقصان ہے، علی رضا عابدی کی شہادت پر چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی، وائس چیئرمین سید شاکر علی اور اراکین کونسل بلدیہ وسطی کی جانب سے واقعے کے خلاف پر زور مذمت کا اظہار کیا ہے اور ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے بارگاہ الٰہی میں د عا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ شہید علی رضا عابدی کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور اہل خانہ کو غم برداشت کرنے کا حوصلہ اور صبر جمیل عطا فرمائے۔ اس موقع پر چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی، وائس چیئرمین بلدیہ وسطی و اراکین کونسل نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی کے سفاکانہ قتل کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ علی رضا عابدی کا قتل دراصل کراچی کے امن کو خراب کرنے کی سازش ہے اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ سید شاکر علی نے کہا کہ شہر کراچی میں سیاسی رہنماﺅں کے قتل کی نئی لہر باشندگان کراچی کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ اراکین کونسل بلدیہ وسطی نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔

قائد اعظم ایس ایس بی کپ باسکٹ بال فیسٹیول ٹورنامنٹ جونیئر کٹیگری کا ٹائٹل ڈاﺅ باسکٹ بال کلب کے نام

فائنل معرکے میں ناصر اکیڈمی کو 40 کے مقابلے میں 46 پوائنٹس سے شکست کا سامنا، عبدالرحمن، محمد بلال اور حسن علی کا شان دار کھیل 
کھیلوں کی معروف سرپرست شاہدہ پروین نے فاتح، رنر اپ ٹیموں کے کپتانوں کو ٹرافی اور کھلاڑیوں میں انفرادی و کیش انعامات تقسیم کیے
کراچی (اسپورٹس رپورٹر) پاکستان اسپورٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام سندھ اسپورٹس بورڈ حکومت سندھ کے اشتراک سے آرام باغ باسکٹ بال کورٹ پر منعقدہ ”قائد اعظم SSBکپ باسکٹ بال فیسٹیول ٹورنامنٹ“ جونیئر کٹیگری کا ٹائٹل ڈاﺅ باسکٹ بال کلب نے ناصر باسکٹ بال اکیڈمی کو 46-40 سے مات دے کر اپنے نام کرلیا۔ فاتح کلب کی جانب سے عبدالرحمن 14، محمد بلال 10 اور حسن علی نے 10 جب کہ رنر اپ کلب کی جانب سے فیضان یوسف10، محمد حارث8 اور سعد صلاح الدین نے 7 پوائنٹس اسکور کیے۔ کھیلے گئے میچ میں ریفریز کے فرائض نیشنل باسکٹ بال ریفری زین العابدین، راحیل خان، عامر شریف نے انجا م دیے جب کہ ٹیکنیکل آفیشلز زعیمہ خاتون، طارق حسین اور محمد نعیم تھے۔ فائنل کے اختتام پر منعقدہ تقسیم انعامات کی تقریب میں مہمان خصوصی کھیلوں کی معروف سرپرست شاہدہ پروین نے فاتح اور رنر اپ ٹیموں کے کپتانوں کو ٹرافی اور کھلاڑیوں میں انفرادی و کیش انعامات تقسیم کیے۔ ٹورنامنٹ کا بیسٹ پلیئر سعد صلاح الدین، بیسٹ شوٹنگ گارڈ عبید حفیظ، بیسٹ اسمال فارورڈ حسن علی اور بیسٹ پوائنٹ گارڈ اسد حفیظ کو قرار دیا گیا۔ اس موقع پر کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر غلام محمد خان، پاکستان ٹینس فیڈریشن کے خالد جمیل شمسی، معروف سیاسی و سماجی رہنما محمد سلیم خمیسانی، عبدالناصر اور دیگر موجود تھے۔ شاہدہ پروین نے کھلاڑیوں سے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ قائد کے بنیادی اصول کو اپنائیں اور ایمان اتحاد اور تنظیم پر سختی سے عمل پیرا ہوں، اگر ہم ان تینوں اصولوں پر کاربند رہے تو ہمارا ملک ہر محاذ پر کام یابی سے ہم کنار ہوگا۔ انہوں نے قائد اعظم ڈے پر کام یاب باسکٹ بال ایونٹ کے انعقاد پر پاکستان اسپورٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن اور سندھ اسپورٹس بورڈ حکومت سندھ کو خراج تحسین پیش کیا۔

پاک فضائیہ کے سربراہ کی ایئر ہیڈ کوارٹرز میں مسیحی برادری کے ساتھ کرسمس تقریبات میں شرکت

اسلام آباد (نیوز اپ ڈیٹس) پاکستان فضائیہ کے مسیحی افراد نے روایتی جوش و جذبے کے ساتھ کرسمس کی تقریبات منائیں۔ اس تاریخی دن کی مناسبت سے، پاک فضائیہ کے تمام بیسز پر خصوصی دعائیہ تقریبات منعقد ہوئیں جن میں پاک فضائیہ کی مسیحی برادری نے پاکستان کی خوش حالی اور یک جہتی کے لیے دعائیں کیں۔ پاک فضائیہ کی مسیحی برادری کی کرسمس کی خوشیوں میں شمولیت کے لیے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کی۔ اس تقریب کے دوران ایئر چیف نے پاک فضائیہ کے مسیحی افراد اور ان کے خاندانوں کو کرسمس کی مبارک باد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ 
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف نے پاک فضائیہ کے مسیحی افراد کی ناقابل فراموش خدمات اور کارناموں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ میں کئی عظیم مسیحی افسران شامل رہے ہیں جن میں ایئر وائس مارشل ایرک ہال، ایئر کموڈور نذیر لطیف، اسکواڈرن لیڈر پیٹر کرسٹی، اسکواڈرن لیڈر ولیم ہارنی، ونگ کمانڈر مرون مڈلکوٹ اور گروپ کیپٹن سیسل چوہدری شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مادر وطن کے ان جواں مرد ہیروز کی شان دار روایات آج بھی زندہ و جاوداں ہیں اور پاک فضائیہ کے مسیحی افسران، ایئرمین اور سول افراد پاک فضائیہ کو ایک اعلیٰ ادارہ بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔

Wednesday, December 26, 2018

جامعات میں منشیات فروخت ہونے کا انکشاف، قانون نافذ کرنے والوں کی رپورٹ تیار

کراچی کے اسکولوں، کالجز اور یونیورسٹیز میں طلبہ اور قوم کے معماروں کو نشہ فروخت کرنے والوں کے فون نمبرز اور ان کے ٹھکانوں کا کھوج لگا لیا گیا
کراچی (نیوز اپ ڈیٹس) کراچی کے اسکولز اور جامعات میں طلبہ کو منشیات فروخت ہونے کے انکشاف کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے رپورٹ تیار کر لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے اسکولوں، کالجز اور یونیورسٹیز میں طلبہ اور قوم کے معماروں کو نشہ فروخت کرنے والوں کے فون نمبرز اور ان کے ٹھکانوں کا کھوج لگا لیا ہے۔ فہرست کے مطابق گلشن اقبال بلاک5 کی جامعہ کی پارکنگ میں داو ¿د اور فہیم منشیات بیچتے ہیں، بوٹ بیسن میں اسکولز کے طلبہ کو فہد نامی منشیات فروش نشہ فروخت کرتا ہے۔ کلفٹن بلاک2 کے اسکول میں اسامہ اور ڈیفنس کی یونیورسٹی کے طلبہ کو آصف منشیات فروخت کرتا ہے۔ یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ قیوم آباد کے قریب جامعہ میں ملک حسان حشیش فروخت کرتا ہے۔ یہی نہیں فہرست میں3 خواتین سمیت 24 منشیات فروشوں کے نام شامل ہیں۔

پی آئی اے کی مالی رپورٹ جاری، مجموعی خسارہ450 ارب تک جا پہنچا

سال2018 ءکے گیارہ ماہ کے دوران خسارہ56 ارب22 کروڑ روپے رہا۔ ادارے کو گزشتہ برس کی نسبت پندرہ ارب روپے سے زائد نقصان کا سامنا رہا
کراچی (نیوز اپ ڈیٹس) قومی ایئر لائن پی آئی اے کی مالی رپورٹ کے مطابق سال2018 ءبھی خسارے اور مشکلات کا سال رہا، مجموعی خسارے کی اڑان450 ارب روپے تک جا پہنچی۔ تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی مالی رپورٹ مرتب ہوگئی ہے، رواں سال کی رپورٹ بھی خسارے کی رپورٹ ہے۔ گزشتہ برس کی نسبت15 ارب روپے زائد خسارے کا سامنا رہا۔ خیا ل رہے کہ پی آئی اے جو کبھی عوام کے لیے اعتماد و فخر کی علامت سمجھی جاتی تھی، اس نے بد انتظامی اور کرپشن کے سبب ہر نئے دن، ناکامی کا ایک نیا سفر طے کیا ہے۔ سال2018 ءکے گیارہ ماہ کے دوران خسارہ56 ارب22 کروڑ روپے رہا۔ ادارے کو گزشتہ برس کی نسبت پندرہ ارب روپے سے زائد نقصان کا سامنا رہا۔ ایئر لائن کو گزشتہ کئی سالوں سے جاری خسارہ کل ملا کر450 ارب روپے ہو چکا ہے۔ پی آئی اے کی مالی رپورٹ کے مطابق2018 ءمیں روپے کی قدر میں بارہ فی صد گراوٹ اورایندھن کی قیمتوں میں 24 فی صد اضافہ بھی ادارے کے لیے نقصان دہ ثابت ہوا۔ قانونی تقاضے پورے نہ کرنے پر اسٹاک ایکسچینج نے پی آئی اے کو ڈیفالٹر قرار دیا۔ سال دوہزار اٹھارہ میں اے ٹی آر کے دو طیاروں کو حادثے کی وجہ سے بھی شدید نقصان اٹھانا پڑا۔ وفاقی وزیر محمد میاں سومرو نے کہا ہے کہ سابقہ دور میں اوپن اسکائی پالیسی کی وجہ سے پی آئی اے نقصان سے دو چار ہوئی۔ پی آئی اے کے عملے کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے جہاں ایک عام مسافر سہولتوں کی عدم فراہمی سے متاثر ہوا، وہیں وفاقی وزیر اسد عمر بھی ادارے کی کارکردگی پر نالاں نظر آئے ہیں۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ پی آئی اے میں اصلاحات لا کر اسے ایک منفعت بخش ادارہ بنائیں گے۔ اب انتظار یہ ہے کہ کب پی آئی اے خسارے سے نکل کر نفع دینا شروع کرتا ہے۔

علی رضا عابدی کو دھمکیاں ملتی رہی ہیں، علی رضا عابدی کا گارڈ زیر حراست

 واقعے کی ذاتی تنازع، سیاسی اور مذہبی سمیت ہر پہلو سے تحقیقات کر رہے ہیں، ایس ایس پی پیر محمد شاہ
کراچی (نیوز اپ ڈیٹس) ایم کیو ایم پاکستان کے مقتول رہنما سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی کے قتل کی تحقیقات کے سلسلے میں پولیس نے ان کے گارڈ کو حراست میں لے لیا ہے۔ علی رضا عابدی کے اہل خانہ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایس ایس پی ساﺅتھ پیر محمد شاہ نے کہا کہ واقعے کی ذاتی تنازع، سیاسی اور مذہبی سمیت ہر پہلو سے تحقیقات کر رہے ہیں، علاقے میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں میں دو تین مقامات پر ملزمان کی نشان دہی ہوئی ہے، فارنزک تحقیقات سے اس بات کا یہ پتہ لگایا جا رہا ہے کہ واقعے میں استعمال ہونے والا ہتھیار پہلے کبھی کسی واقعے میں استعمال ہوا ہے یا نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حملہ کرنے والے دو ملزم تھے، گارڈ کے دروازہ کھولنے کے بعد فائرنگ ہوئی، گارڈ فوری جوابی کارروائی کے بجائے گھر کے اندر چلا گیا اور اندر جا کر علی رضا عابدی کے والد سے ملزمان پر جوابی فائرنگ کے لیے ہتھیار مانگا۔ ایس ایس پی ساﺅتھ نے بتایا کہ گارڈ قدیر کو تعینات ہوئے ڈیڑھ سے دو ماہ ہوئے ہیں اور اس کا تعلق ڈیرہ غازی خان سے ہے، وہ غیر تربیت یافتہ تھا اور عین موقع پر بوکھلا گیا، اس کی ٹریننگ ہونی چاہیے تھی، علی رضا عابدی کے اہل خانہ نے کسی خطرے اور خدشے کا ذکر نہیں کیا۔

وزیر اعلیٰ سندھ کا ایم کیو ایم رہنما علی رضا عابدی کے قاتلوں کو فوری گرفتارکرنے کا حکم

دہشت گرد اکٹھے ہو رہے ہیں اور ہم چپ کر کے بیٹھ گئے ہیں تاہم یہ صورت حال تشویش ناک ہے، وزیر اعلیٰ سندھ
کراچی (نیوز اپ ڈیٹس) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایم کیو ایم رہنما علی رضا عابدی کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد اکٹھے ہو رہے ہیں اور ہم چپ کر کے بیٹھ گئے ہیں تاہم یہ صورت حال تشویش ناک ہے۔ بدھ کو وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت امن و امان کی صورت حال پر ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیف سیکریٹری، مرتضیٰ وہاب، ڈی جی رینجرز سندھ، آئی جی سندھ اور ہوم سیکریٹری سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کیا کر رہی ہے؟ کسی صورت امن و امان کی صورت حال کو خراب ہونے نہیں دیا جائے گا، اداروں کو مکمل خود مختاری دی ہے لیکن نتائج بالکل بھی نظر نہیں آرہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ4 ہفتے میں6 واقعات ہوئے، قائد آباد کا واقعہ، چینی قونصل خانے پر حملہ، ایم کیو ایم کی محفل میلاد پر حملہ اور بعد ازاں پاک سر زمین پارٹی کے2 کارکن قتل ہوئے اور اب یہ علی رضا عابدی کا واقعہ پیش آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صورت حال تشویش ناک ہے، دہشت گرد اکٹھے ہو رہے ہیں اور ہم چپ کر کے بیٹھے ہیں۔ یہ کیوں کنٹرول نہیں ہو رہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ضلع جنوبی میں زیادہ واقعات ہوئے ہیں، مجھے شدید افسوس ہے پولیس کیا کر رہی ہے؟ امن و امان قائم کرنے والے اداروں کو مکمل خود مختاری دی، نتائج اتنے اچھے نہیں مل رہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے ہر صورت شہریوں کا تحفظ چاہیے، شہریوں کو خوف میں مبتلا نہیں ہونے دوں گا۔ اجلاس میں ڈی آئی جی ساﺅتھ جاوید عالم اوڈھو نے وزیر اعلیٰ سندھ کو علی رضا عابدی کے قتل کے حوالے سے تحقیقات میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ہمیں جائے وقوع سے5 خول ملے، علی رضا عابدی کے والد کا انٹرویو کیا، علی رضا عابدی کا فون تحویل میں لے لیا گیا جب کہ گولیوں کے خول لیب بھیجے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں کافی واضح شہادتیں موجود ہیں جن سے قاتل گرفتار ہو جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہوجائیں گے نہیں مجھے قاتل گرفتار چاہئیں، ہمیں سوچنا اور دیکھنا ہوگا کہ کوتاہی کہاں ہے، دہشت گردی کے سب سے زیادہ واقعات ضلع جنوبی میں ہوئے۔ ڈی آئی جی ساﺅتھ نے بتایا کہ قتل میں جو طریقہ کار اپنایا گیا اس سے واضح شہادتیں مل رہی ہیں، قائد آباد سے قتل کے واقعے تک واقعات کی سیریز نظر آ رہی ہے، کچھ اہم گرفتاریاں ہوئی ہیں، تفتیش کر کے کافی کچھ واضح ہوگا۔ آئی جی سندھ کلیم امام نے اجلاس کو بتایا کہ کراچی پولیس نے کل تین بڑے گینگ گرفتار کیے، شہر میں پیٹرولنگ بڑھا رہے ہیں، علی رضا عابدی کا موبائل فون ڈی کوڈ کروا رہے ہیں۔

ایم کیو ایم کے رہنما علی رضا عابدی آہوں اور سسکیوں کے درمیان ڈیفنس قبرستان میں سپرد خاک

نماز جنازہ امام بارگاہ یثرب ڈیفنس میں بعد نماز ظہرین علامہ ظفر حسن نقوی کی اقتدا میں ادا کی گئی، ایم کیو ایم پاکستان کا کوئی عہدے دارشریک نہیں ہوا
علی رضا عابدی مہاجروں کی یک جہتی کی کوشش کر رہے تھے، معلوم کرنا ہوگا کہ انہیں دھمکیاں کون دے رہا تھا، ڈاکٹر فاروق ستار کی میڈیا سے بات چیت
علی رضا عابدی کو3 گولیاں لگیں، گردن میں لگنے والی گولی جان لیوا ثابت ہوئی، تینوں گولیاں جسم کے اوپری حصوں پر لگیں، پوسٹ مارٹم رپورٹ 
کراچی (نیوز اپ ڈیٹس) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی کو آہوں اور سسکیوں کے درمیان ڈیفنس4 کے قبرستان میں سپرد خاک کر دیاگیا۔ قبل ازیں ان کی نمازجنازہ امام بارگاہ یثرب ڈیفنس میں بعد نماز ظہرین ادا کی گئی، نمازجنازہ علامہ حسن ظفر نقوی نے پڑھائی۔ نمازجنازہ میں ڈاکٹر فاروق ستار، سید سردار احمد سمیت ایم کیو ایم رہنماﺅں، کارکنوں سمیت، پیپلزپارٹی، پاک سر زمین پارٹی، مسلم لیگ ( ن) اور عوامی نیشنل پارٹی کے وفود نے بھی شرکت کی جب کہ نماز جنازہ میں دیگر سیاسی، سماجی رہنماﺅں، عزیز و اقارب سمیت سول سوسائٹی کی ایک بڑی تعداد نے بھی شرکت کی تاہم ایم کیو ایم پاکستان اور پیپلز پارٹی کا کوئی عہدے دار نماز جنازہ میں شریک نہیں ہوا۔ بعد ازاں علی رضا عابدی کو ڈیفنس 4 کے قبرستان میں آہوں اور سسکیوں کے درمیان سپرد خاک کردیا گیا، اس موقع پر ہر انکھ اشک بار تھی۔ نمازجنازہ اور تدفین کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ نماز جنازہ کے موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ علی رضا عابدی مہاجروں کی یک جہتی کی کوشش کر رہے تھے، معلوم کرنا ہوگا کہ انہیں دھمکیاں کون دے رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ علی رضا کھرے اور سچے انسان تھے، کھرے پن کی وجہ سے انہیں دھمکیاں ملتی تھیں، علی رضا عابدی میرے دست راست تھے، پڑھے لکھے لوگ سیاست میں مشکل سے آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علی رضا عابدی کے قتل سے ہونے والے اس قومی نقصان کا لوگ اندازہ نہیں لگا سکتے، انہیں دھمکیاں کون دیتا تھا یہ بات سامنے آنی چاہیے۔ فاروق ستار نے کہا کہ علی رضا عابدی کے پاس الیکشن سے پہلے دو سپاہی ہوتے تھے، الیکشن لڑنے کے بعد ان سے وہ دو سپاہی بھی واپس لے لیے گئے۔ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما سید سردار احمد نے کہا کہ واقعہ گہری سازش ہے، علی رضا ایم کیو ایم کے مختلف دھڑوں کو ملانے کی کوششیں کر رہے تھے۔ واضح رہے کہ علی رضا عابدی کو گزشتہ روز کراچی کے علاقے ڈیفنس میں ان کے گھر کے باہر گولیاں ماری گئیں، موٹر سائیکل پر سوار دونوں حملہ آور دس سیکنڈ میں کارروائی کر کے فرار ہوگئے۔ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق علی رضا عابدی کو تین گولیاں لگیں، گردن میں لگنے والی گولی جان لیوا ثابت ہوئی۔ علی رضا عابدی کے پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹ تیار کرلی گئی ہے۔ ایم ایل او جناح اسپتال کے مطابق علی رضا عابدی کے سی ٹی اسکین اور ایکسرے بھی کیے گئے، علی رضا عابدی کو 3 گولیاں لگیں، گردن میں لگنے والی گولی جان لیوا ثابت ہوئی، تینوں گولیاں جسم کے اوپری حصوں پر لگیں، ایک گولی چہرے اور ایک گولی کندھے پر لگی، پوسٹ مارٹم کی حتمی رپورٹ ایکسرے اور سی ٹی اسکین کی رپورٹس آنے کے بعد مرتب کی جائے گی۔ کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان غازی کے علاقے میں متحدہ قومی موومنٹ کے سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی پر ان کی رہائش گاہ کے باہر حملہ کیا گیا۔ جس کے نتیجے میں علی رضا عابدی شدید زخمی ہوگئے۔ حملے کے وقت علی رضا عابدی کے والد ان کے ساتھ تھے۔ علی رضا عابدی کے والد ان کو اسی گاڑی میں پی این ایس شفا اسپتال لے کر پہنچے جہاں علی رضا عابدی جانبر نہ ہو سکے اور چل بسے۔ ڈی آئی جی ساﺅتھ جاوید عالم اوڈھو کے مطابق علی رضا عابدی کو ڈیفنس میں ان کے گھر کے باہر موٹر سائیکل سوار دو ملزمان نے نشانہ بنایا، انہیں پی این ایس شفا منتقل کیا گیا تاہم وہ دوران علاج دم توڑ گئے۔ سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی کے قتل پر ایم کیو ایم پاکستان نے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔

Tuesday, December 25, 2018

حقہ، شیشہ اور ڈبوں کے کھانوں نے کینسر اور دل کے امراض میں اضافہ کر دیا، سعودی ڈاکٹر

 سعودی عرب میں ہر طرح کے کینسر میں سالانہ 11 فی صد اضافہ ہو رہا ہے اور نومولود میں اس کی شرح67 فی صد تک پہنچ چکی ہے
ریاض (نیوز اپ ڈیٹس) سعودی عرب کے امراض کے کنسلٹنٹ معاون پروفیسر ڈاکٹر رائد بن سلیم نے کہا ہے کہ حق (شیشہ)کبسہ، آلودگی اور ڈبوں کے کھانے استعمال کرنے کے باعث نئی نسل کینسر اور دل کے امراض میں مبتلا ہو رہی ہے۔ سعودی نشریاتی ادارے کے مطابق المجمعہ یونیورسٹی ریاض میں امراض کے کنسلٹنٹ معاون پروفیسر ڈاکٹر رائد بن سلیم نے کہا کہ بچے اور لڑکے زیادہ نمک والی غذائیں، روغنیات اور میٹھی اشیاءحد سے زیادہ استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں موٹاپا 70 فی صد سے زیادہ ہو چکا ہے جو انتہائی خطرے کی علامت ہے۔ مملکت میں منہ، دانتوںکے امراض، بلڈپریشر، ذیابیطس اور ہڈیوں کی ٹوٹ پھوٹ کی بیماریاں عام ہیں، دماغ میں انجماد خون، اعصابی امراض میں سب سے زیادہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ ڈاکٹر رائد نے کہا کہ اس کا علاج سب سے پیچیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذیابیطس کا مرض زیادہ تر موروثی ہے۔ اس کا علاج نہیں صرف احتیاطی تدابیر سے اسے کنٹرول کیا جا سکتا ہے، کینسر کے اعداد و شمار سے اس امر کی نشان دہی ہوتی ہے کہ خون کا کینسر نومولود بچوں میں بہت زیادہ ہے۔ ڈاکٹر رائد نے بتایا کہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق سعودی عرب میں ہر طرح کے کینسر میں سالانہ 11 فی صد اضافہ ہو رہا ہے اور نومولود میں اس کی شرح67 فی صد تک پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ جس قدر ہو سکے ڈبوں کے کھانوں سے دور رہا جائے کیوں کہ یہ ان میں نظام ہضم کو لگنے والے کینسر کے عناصر پائے گئے ہیں۔

جناح سندھ یونی ورسٹی کے زیر اہتمام امراض قلب سے بچاؤ کے لیے آگہی واک کا انعقاد

 جے ایس ایم یو دل کی بیماریوں سے بچاؤ کے لیے شعور بیدار کرنے میں ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید محمد طارق رفیع
کراچی (اسٹاف رپورٹر) جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی اور قومی ادارہ برائے امراض قلب ورنکسر کالج کے زیر اہتمام ہارٹ واک 2018ءکا انعقاد کیا گیا۔ واک کا مقصد لوگوں میں دل کی بیماریوں سے متعلق شعور بیدار کرنا اور ملک سے امراض قلب کا خاتمہ تھا۔ سی ویو کے ساحل پر ہونے والی اس واک میں امریکا سے آئے ہوئے ماہر امراض قلب ڈاکٹر جاوید سلیمان،این آئی سی وی ڈی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ندیم قمر اور ڈاکٹر زاہد جمال اور جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طارق رفیع، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر لبنیٰ بیگ، ڈاکٹر ابوذر واجدی، ڈاکٹر راحت ناز و دیگر اساتذہ نے خصوصی طور پر حصہ لیا۔
 اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر جاوید سلیمان نے کہا کہ دل کا مرض لاحق ہونے سے پہلے اس کی روک تھام کے لیے اقدامات بے حد اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ روزانہ پندرہ سے بیس منٹ پیدل چلنا فالج اور امراض قلب کے خطرے کو کم کرتا ہے۔ پروفیسر طارق رفیع کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ جے ایس ایم یو دل کی بیماریوں سے بچاؤ کے لیے شعور بیدار کرنے میں ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔ واک میں طلبہ کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کر کے واک کو کام یاب بنایا۔

Monday, December 24, 2018

کراچی: مصطفیٰ کمال کی کارکنان پر حملے کی شدید مذمت، گورنر سندھ نے واقعے کا نوٹس لے لیا

 ایم کیو ایم پاکستان بنانے والے واقعے کے ذمے دار ہیں، ہمارے کارکنوں پر حملہ بزدلانہ کارروائی ہے مصطفیٰ کمال
کراچی (نیوز اپ ڈیٹس) پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے اپنے کارکنان پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔ تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے علاقے ناظم آباد میں پاک سر زمین پارٹی کے ٹاﺅن آفس پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے2 افراد جاں بحق اور2 زخمی ہوگئے۔ سربراہ پی ایس پی نے جاری بیان میں کہا کہ 23 اگست کو ایم کیو ایم پاکستان بنانے والے واقعے کے ذمے دار ہیں، ہمارے کارکنوں پر حملہ بزدلانہ کارروائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق اور سندھ حکومت سے مطالبہ ہے واقعے کا نوٹس لیں، ہم کسی کونقصان نہیں پہنچا رہے، ہمیں اپنی سمت درست کرنے کی ضرورت ہے۔ دوسری جانب گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ناظم آباد میں فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پی ایس پی کے2 کارکنان کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔

سندھ ہائی کورٹ، ملیر ندی کی سرکاری اراضی غیر قانونی طور پر الاٹ کرنے سے متعلق کیس میں سابق وزیر اعلیٰ قائم علی شاہ کی درخواست ضمانت منظور

پہلے کہہ دیا تھا نیب انتقامی کارروائی کر رہا ہے، حکومت کی کارکردگی سب کے سامنے ہے، حکومت انتقامی کارروائی کے سوا اور کچھ نہیں کر رہی، سید قائم علی شاہ
کراچی (نیوز اپ ڈیٹس) سندھ ہائی کورٹ نے ملیر ندی کی سرکاری اراضی غیر قانونی طور سے الاٹ کرنے سے متعلق کیس میں نیب انکوائری میں سابق وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی درخواست ضمانت منظور کر لی ہے۔ سندھ ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست منظور کر لی ہے۔ پیر کو درخواست ضمانت پر سماعت پر سابق وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سندھ ہائی کورٹ میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ کیا آپ نے نیب کال اپ نوٹس درخواست کے ساتھ منسلک کیا؟ جس پر قائم علی شاہ کے وکیل نے کہا کہ کال اپ نوٹس درخواست کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے۔ عدالت نے سابق وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی10 لاکھ روپے کے عوض ضمانت قبل از گرفتاری فروری کے دوسرے ہفتے تک منظور کرلی۔ عدالت نے قائم علی شاہ کو نیب انکوائری میں تعاون کی بھی ہدایت کی۔ واضح رہے کہ سابق وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے زمین کی الاٹمنٹ سے متعلق کیس میں ضمانت قبل از گرفتاری کے لیے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ نیب نے18 دسمبر کو کال اپ نوٹس بھیجا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملیر ندی کی اراضی کی الاٹمنٹ کرنے کے بعد منسوخ بھی کر دی تھی۔ سابق وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ نیب کی جانب سے کال اپ نوٹس بھیجنا سیاسی انتقام کے مترداف ہے، نیب پیپلز پارٹی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہا ہے۔ قائم علی شاہ نے درخواست میں عدالت سے استدعا کی کہ نیب کے کال اپ نوٹس کو کالعدم قرار دیا جائے اور ساتھ ہی نیب کو گرفتاری سے روکا جائے۔ سندھ ہائی کورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعلی سندھ قائم علی شاہ نے کہا کہ زمین جوالاٹ کی گئی تھی وہ منسوخ ہو چکی، کیس میں کچھ نہیں پھر بھی مجھے نوٹس بھیجا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے کہہ دیا تھا نیب انتقامی کارروائی کر رہا ہے، حکومت کی کارکردگی سب کے سامنے ہے، حکومت انتقامی کارروائی کے سوا اورکچھ نہیں کر رہی۔ انہوں نے کہا کہ 26 دسمبرکو پی پی کی سینٹرل کمیٹی کا اجلاس ہے، اجلاس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کیا جائے گا۔

جعلی بینک اکاﺅ نٹس کیس، سپریم کورٹ کا کمرہ عدالت میں پروجیکٹر لگانے کا حکم

جے آئی ٹی رپورٹ کی سمری اوپن کورٹ میں پروجیکٹر پر چلائی جائے گی، انور مجید کے ساتھ اب کوئی رحم نہیں، اربوں روپے کے کھانچے ہیں، معاف نہیں کریں گے، چیف جسٹس ثاقب نثار کے ریمارکس 
لاہور (نیوز اپ ڈیٹس) سپریم کورٹ نے جعلی بینک اکاونٹس کیس میں کمرہ عدالت میں پروجیکٹر لگانے کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیے کہ جے آئی ٹی رپورٹ کی سمری اوپن کورٹ میں پروجیکٹر پر چلائی جائے گی، انور مجید کے ساتھ اب کوئی رحم نہیں، اربوں روپے کے کھانچے ہیں، معاف نہیں کریں گے۔ پیر کو سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں جعلی بینک اکاونٹس کیس پر ازخود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی جس میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ وکیل ہیں، آپ نے فیس لی ہوئی ہے اس لیے ہم آپ کو سنیں گے لیکن فیصلہ ہم نے ہی کرنا ہے۔ چیف جسٹس نے اومنی گروپ کے مالکان کے وکلا منیر بھٹی اور شاہد حامد کے ساتھ مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ لگتا ہے کہ اومنی گروپ کے مالکان کا غرور ختم نہیں ہوا، قوم کے اربوں روپے کہاں گئے اور پھر بھی بدمعاشی کر رہے ہیں، ان لوگوں کو معاف نہیں کرسکتے جنہوں نے قوم کا پیسہ کھایا، لگتا ہے انہیں اڈیالہ جیل سے کہیں اور شفٹ کرنا پڑے گا۔ سپریم کورٹ نے کمرہ عدالت میں پروجیکٹر لگانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ کی سمری اوپن کورٹ میں پروجیکٹر پر چلائی جائے گی۔ انور مجید کے ساتھ اب کوئی رحم نہیں، اربوں روپے کے کھانچے ہیں، معاف نہیں کریں گے۔

Saturday, December 22, 2018

کراچی سمیت سندھ میں ضمنی بلدیاتی الیکشن آج (اتوار) ہوں گے، الیکشن کمیشن نے تمام انتظامات مکمل کر لیے

 کراچی کے6 اضلاع میں چیئرمین، وائس چیئرمین اور کونسلرز کی نشستوں پر انتخاب ہوگا،183 امیدوار میدان میں ہیں
کراچی (نیوز اپ ڈیٹس) کراچی سمیت سندھ میں ضمنی بلدیاتی الیکشن آج (اتوار)23 دسمبرکو ہوں گے، کراچی کے6 اضلاع میں چیئرمین، وائس چیئرمین اور کونسلرز کی نشستوں پر انتخاب ہوگا،183امیدوار میدان میں ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق سندھ بھر میںآج ہونے والے ضمنی بلدیاتی الیکشن کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور انتخابی سامان متعلقہ اضلاع میں پہنچا دیا گیا ہے۔ کراچی سمیت سندھ کے دیگر اضلاع میں65 نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخاب میں5 لاکھ سے زائد مرد و خواتین ووٹرز حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔ ضمنی بلدیاتی الیکشن کے لیے متعلقہ حلقوں میں389 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں،28 سو سے زائد انتخابی عملہ الیکشن میں ڈیوٹی دے گا۔ اس کے علاوہ جن اضلاع میں انتخابات ہو رہے ہیں، ان میں انتخابی سامان کی ترسیل بھی مکمل ہو گئی ہے۔ کراچی کے چھ اضلاع میں 24 مختلف کیٹیگری کے 183امیدوار میدان میں ہیں۔ ضلع غربی کے4، ملیر کی 8، جنوبی کی6، ضلع وسطی کی4، سینٹرل کی2 اور کورنگی کی ایک نشست پر پولنگ ہوگی جب کہ سندھ کے دیگر اضلاع کشمور، شکار پور، مٹیاری، ٹنڈو محمد خان اور سجاول میں116مختلف کیٹیگریز کی نشستوں پر 459 امیدوار آمنے سامنے ہوں گے۔ انتحابی مہم کے آخری روز پیپلزپارٹی، مسلم لیگ فنکشنل، پی ٹی آئی، مسلم لیگ، ایم کیو ایم، وحدت المسلمین، جماعت اسلامی، پی ایس پی اور دیگر جماعتوں کے امیدواروں نے کارنر میٹنگز سے خطاب کیا اور گھر گھر انتخابی مہم چلائی۔ یہ نشستیں منتخب ارکان کی وفات اور نااہلی اور اسمبلیوں میں جانے کے سبب خالی قرار دی گئی تھیں۔ واضح رہے کہ کراچی میں چیئرمینز کی4 نشستیں رکن سندھ اسمبلی بننے والوں نے خالی کی ہیں۔

سرکاری اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ پر قائم علی شاہ نیب طلب

پیپلز پارٹی کے رہنما نے گرفتاری سے بچنے کے لیے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا 
کراچی (نیوز اپ ڈیٹس) سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی مشکلات میں مزید اضافہ، قومی احتساب بیورو (نیب) نے سرکاری اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ پر طلب کر لیا۔ ذرائع کے مطابق نیب نے ملیر ندی کی اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ پر سید قائم علی شاہ کو نوٹس بھیج دیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے رہنما نے گرفتاری سے بچنے کے لیے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا اور ضمانت قبل از وقت گرفتاری کی درخواست دائر کردی ہے۔ قائم علی شاہ کی جانب سے درخواست میں مو ¿قف اختیار کیا گیا ہے کہ نیب نے18 دسمبر کو کال اپ نوٹس بھیجا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملیر ندی کی اراضی کی الاٹمنٹ کرنے کے بعد منسوخ بھی کر دی تھی۔ سابق وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ نیب کی جانب سے کال اپ نوٹس بھیجنا سیاسی انتقام کے مترداف ہے، نیب پیپلز پارٹی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہا ہے۔ قائم علی شاہ نے درخواست میں عدالت سے استدعا کی کہ نیب کے کال اپ نوٹس کو کالعدم قرار دیا جائے اور ساتھ ہی نیب کو گرفتاری سے روکا جائے۔ واضح رہے کہ نیب قائم علی شاہ کے خلاف ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں زمین کے گھپلوں سے متعلق کیس کی بھی تحقیقات کر رہا ہے۔ اس سلسلے میں پوچھ گچھ کے لیے گزشتہ ماہ کے لیے انہیں طلب کیا گیا تھا تاہم انہوں نے پیش ہونے سے انکار کر دیا تھا۔ یاد رہے کہ گزشتہ ماہ سندھ ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی10 لاکھ روپے کے عوض ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرتے ہوئے انہیں نیب انکوائری میں تعاون کی بھی ہدایت کی تھی۔

شہر قائد میں گیس پریشر میں کمی کے سبب مختلف علاقوں میں گیس کی فراہمی معطل، عوام پریشانی میں مبتلا

کراچی (نیوز اپ ڈیٹس) شہر قائد میں گیس پریشر میں کمی کے سبب مختلف علاقوں میں گیس کی فراہمی معطل ہوگئی ہے تفصیلات کے مطابق گیس پریشر میں کمی کے باعث کراچی کے مختلف علاقوں میں گیس کی فراہمی معطل ہوگئی، عوام پریشانی میں مبتلا ہوگئے کھانا لکڑیوں پر تیار کیا جانے لگا۔ عسکری کینٹ، ریلوے کالونی، پی ای سی ایس ایچ، نارتھ ناظم آباد میں گیس غائب ہے جب کہ نیو کراچی، کورنگی، لانڈھی، ملیر، بلدیہ اور لیاقت آباد میں بھی گیس کی فراہمی معطل ہے۔ صدر کے ہوٹلوں میں گیس غائب ہونے کے سبب ہوٹلوں میں کھانا لکڑیوں پر تیار کیا جا رہا ہے، گلستان جوہر، ایف بی ایریا اور اطراف کے علاقوں میں بھی گیس کی لوڈ شیڈنگ ہے۔ لیاری کے مختلف علاقوں میراں ناکہ، سنگولین، چیل چوک میں بھی گیس کی فراہمی معطل ہونے کے سبب عوام پریشانی میں مبتلا ہیں، عوام صبح دفاتر اور اپنے کاموں پر بغیر ناشتے کے جانے پر مجبور ہیں۔

کراچی: فائرنگ سے2 افراد جاں بحق،5 ملزمان گرفتار

کراچی (نیوز اپ ڈیٹس) کراچی کے علاقے کورنگی انڈسٹریل ایریا اور پی آئی بی میں مسلح ملزمان کی فائرنگ سے2 افراد جاں بحق ہو گئے۔ بہادر آباد میں بھتہ لینے والے دو ملزمان پکڑے گئے، فیروز آباد اور سکھن سے خاتون سمیت3 ملزمان گرفتار کر لیے گئے ہیں۔ کراچی کے علاقے کورنگی کراسنگ کے قریب ڈکیتی میں مزاحمت پر فائرنگ کر کے قاسم نامی شخص کی جان لے لی گئی جب کہ پی آئی بی میں فائرنگ سے ماجد نامی شخص مارا گیا۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ یہ واقعہ ذاتی دشمی کا نتیجہ ہے۔ بہادر آباد سے پولیس نے نجی کمپنی کے مالک محمد علی سے مبینہ بھتہ وصول کرنے والے دانش اور محمود کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کے قبضے سے50 ہزار روپے بھی برآمد کر لیے گئے۔ پولیس کے مطابق ملزمان خود کو حساس ادارے کا افسر بتاتے تھے۔ ملیر سٹی کے علاقے سے پولیس نے اسٹریٹ کرمنل شمن گل کو اسلحے سمیت گرفتار کر لیا۔ ملزم گل بہار، تیموریہ، رضویہ سمیت دیگر تھانوں میں مطلوب تھا۔ بھینس کالونی نمبر8 پر گٹکے کے کارخانے پر چھاپہ مارا گیا اور کارخانے کے مالک رضوان کو تیار گٹکے اور خام مال سمیت گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس نے فیروز آباد میں کارروائی کرتے ہوئے گھروں میں کام کے بہانے لوٹ مار کرنے والی ملزمہ کوثر کو گرفتار کر لیا۔ ملزمہ کے قبضے سے لوٹے گئے سونے کے لاکھوں روپے کے زیورات اور ڈائمنڈ سیٹ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

آئی ایم ایف سے حتمی مذاکرات، حکومت کی اسٹیٹ بینک کو قرض واپسی شروع

 ایک ہفتے میں19 کھرب روپے واپس کیے گئے تاہم اس کے لیے کمرشل بینکوں سے نیا قرض لیا گیا
کراچی (نیوز اپ ڈیٹس) آئی ایم ایف سے حتمی مذاکرات کے پیش نظر حکومت نے مرکزی بینک کا قرض واپس کرنا شروع کر دیا ہے، ایک ہفتے میں19 کھرب روپے واپس کیے گئے تاہم اس کے لیے کمرشل بینکوں سے نیا قرض لیا گیا۔ حکومت نے آئی ایم ایف سے قرض لینے کے سلسلے میں اقتصادی پالیسیز اور معاشی اہداف کا میمورنڈم جمع کرایا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس میں وفاقی حکومت کی طرف سے مرکزی بینک سے قرض نہ لینے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے جب کہ30 نومبر تک حکومت اخراجات کے لیے مرکزی بینک سے30 کھرب روپے قرض لے چکی تھی جس کے باعث حکومت نے میمورنڈم جمع کرانے کے ساتھ مرکزی بینک کے قرض کی واپسی بھی شروع کردی۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق ہفتے کے دوران حکومت نے19 کھرب50 ارب روپے کا قرض لیا، جس میں سے18 کھرب 98 ارب روپے مرکزی بینک کو واپس کیے جب کہ52 ارب روپے سے دوسرے اخراجات پورے کیے گئے۔ یاد رہے آئی ایم ایف کی طرف سے2013 ءمیں قرض دیتے وقت مرکزی بینک کا قرض واپس کرنے اور نیا قرض نہ لینے کی شرط رکھی گئی تھی۔

پیپلز پارٹی رہنما اور سابق رکن سندھ اسمبلی بابل بھیو پر فرد جرم عائد

قومی احتساب بیورو (نیب)کے مطابق ملزم بابل بھیو کے بینک اکاﺅنٹ سے غیر قانونی ٹرانزیکشن ہوئی ہے اور ملزمان پر چار کروڑ80 لاکھ روپے سے زائد کی کرپش کا الزام ہے
کراچی (نیوز اپ ڈیٹس) پیپلز پارٹی کے سابق رکن سندھ اسمبلی بابل بھیو اور دیگر پر احتساب عدالت نے فرد جرم عائد کر دی ہے۔ کراچی کی احتساب عدالت میں سابق رکن سندھ اسمبلی بابل بھیو اور دیگر کے خلاف ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے تمام ملزمان کو فرد جرم پڑھ کر سنائی جب کہ ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔ عدالت نے ملزمان کی جانب سے صحت جرم سے انکار پر ریفرنس کے گواہان کو طلب کرتے ہوئے مزید سماعت دس جنوری تک ملتوی کر دی ہے جب کہ ریفرنس میں دو ملزمان تاحال مفرور ہیں۔ مفرور ملزمان میں بابل بھیو کے ڈرائیور مقصود بھیو اور افضل بھیو شامل ہیں جو ریفرنس میں نام زد ہیں۔ قومی احتساب بیورو (نیب)کے مطابق ملزم بابل بھیو کے بینک اکاﺅنٹ سے غیر قانونی ٹرانزیکشن ہوئی ہے اور ملزمان پر چار کروڑ80 لاکھ روپے سے زائد کی کرپش کا الزام ہے۔

ادارے فیصلہ کر چکے ہیں کہ اب احتساب بڑے مگرمچھوں سے شروع ہوگا، خرم شیر زمان

 اپوزیشن کی حکومت سے اتنی زیادہ ناراضی کی وجہ سمجھ سے بالا تر ہے، اپوزیشن چاہتی ہے کہ ہم آتے ہی انہیں این آر او دے دیں، صدر پی ٹی آئی کراچی 
کراچی (نیوز اپ ڈیٹس) پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر اور رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ ادارے فیصلہ کر چکے ہیں کہ اب احتساب بڑے مگرمچھوں سے شروع ہوگا، اپوزیشن کی حکومت سے اتنی زیادہ ناراضی کی وجہ سمجھ سے بالا تر ہے، اپوزیشن چاہتی ہے کہ ہم آتے ہی انہیں این آر او دے دیں۔ میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے خرم شیر زمان نے کہا کہ نیب آزاد ادارے کی حیثیت سے کام کر رہا ہے، اداروں نے بڑے مگرمچھوں کے احتساب کا فیصلہ کر لیا، چیئرمین اے پی سی نواز شریف اور شہباز شریف کے کیسز نہیں دیکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کئی بار اقتدار میں رہیں جب کہ تحریک انصاف کو پہلی بار حکومت ملی، اپوزیشن چاہتی ہے کہ ہم آتے ہی انہیں این آر او دے دیں۔ خرم شیر زمان نے کہا کہ پی پی اور مسلم لیگ (ن) کا دہرا معیار قابل قبول نہیں ہے، تحریک انصاف کی حکومت کا جرم صرف یہ ہے کہ ہم نے کرپشن کرنے والے شخص کو کرپٹ ہی بولا کیوں کہ عوام نے ہمیں کرپشن کے خاتمے اور اداروں کو آزاد کرنے کا مینڈیٹ دیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت آنے سے قومی احتساب بیورو آزاد ادارے کی طرح کام کر رہا ہے جب کہ ماضی میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے نیب کو ایک دوسرے کے خلاف استعمال کیا۔

وفاقی وزیر علی زیدی نے ٹوئٹر پر آصف زرداری کی امریکا میں مبینہ جائیداد کی دستاویز جاری کر دیں

علی زیدی نے ان رسیدوں کو حالیہ قراردیتے ہوئے یہ ٹویٹ خرم شیر زمان کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ آپ کی دائر کردہ درخواست کے لیے مزید معلومات
کراچی (نیوز اپ ڈیٹس) شریف خاندان کی گم نام جائیدادوں کی طرح سابق صدر آصف علی زرداری کی خفیہ جائیدادوں کی دستاویزات منظر عام پر آگئی ہیں۔ وفاقی وزیر بحری امور علی حیدر زیدی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ”ٹویٹر“ پر آصف زرداری کے امریکا میں مبینہ اپارٹمنٹ کی دستاویز کی نقول جاری کر دی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے جہاز رانی و بندرگاہ علی زیدی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر آصف زرداری کی امریکا میں موجود مبینہ جائیدادوں کی دستاویزات کی تصاویر شیئر کی ہیں۔ امریکا میں آصف زرداری کی زیر ملکیت جائیدادوں کے پراپرٹی ٹیکس کی جاری کردہ دستاویز پر ایڈریس524 ایسٹ، اسٹریٹ72، اپارٹمنٹ37 ایف، نیو یارک اور واضح طور پر آصف زرداری کا نام درج ہے۔ علی زیدی نے ان رسیدوں کو حالیہ قراردیتے ہوئے یہ ٹویٹ پی ٹی آئی کراچی کے صدر اور رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ آپ کی دائر کردہ درخواست کے لیے مزید معلومات بھیجوں گا۔ واضح رہے کہ خرم شیر زمان نے پارٹی کی ہدایت پر آصف زرداری کی نا اہلی کے لیے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ آصف زرداری نیو یارک میں اپارٹمنٹ کے مالک ہیں جب کہ الیکشن کمیشن میں جمع کرائی جانے والی اثاثوں کی تفصیلات میں سابق صدر نے اس اپارٹمنٹ کا ذکرنہیں کیا۔ آئین کے مطابق آصف زرداری صادق اور امین نہیں رہے اس لیے انہیں نااہل قراردیا جائے۔ دوسری جانب پیپلز پارٹی نے کہا ہے کہ آصف زرداری کی کردار کشی کی آڑ میں عوام دشمن فیصلے کیے جا رہے ہیں۔ سابق صدر کا امریکا میں کوئی اپارٹمنٹ نہیں۔

دستکاری کی زوال پذیرصنعت کی سرپرستی کی جائے، صدارتی امیدوار ایف پی سی سی آئی دارو خان اچکزئی

لاکھوں خواتین کا معیار زندگی بہتر ہو جائے گا، ایک زمانے میں دست کاری کا شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا تھا مگراب اس کا زوال شروع ہو چکا ہے
کراچی (نیوز اپ ڈیٹس) یونائیٹڈ بزنس گروپ کے رہنما اور ایف پی سی سی آئی کے صدارتی امید وارانجینئر دارو خان اچکزئی نے کہا ہے کہ دست کاری کی زوال پذیر صنعت کی سرپرستی کی جائے تو اس شعبے سے وابستہ لاکھوں خواتین کو با عزت روزگار فراہم کیا جا سکتا ہے، اس شعبے کو ترقی دینے سے دیہی عوام کا معیار زندگی بہتر ہو گا، ملک زر مبادلہ کما ئے گا اور دیہات سے شہروں کی جانب نقل مکانی میں بھی کمی آئے گی۔ دارو خان اچکزئی نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ خواتین کے بااختیار ہونے سے معاشرے اور خاندان پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک زمانے میں دست کاری کا شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا تھا مگراب اس کا زوال شروع ہو چکا ہے جس کی وجوہ میں مداخل کی بڑھتی ہوئی قیمت، قرضوں کی عدم فراہمی، آڑھتیوں کی لوٹ مار اور ارباب اختیار کی حوصلہ شکنی ہے جس نے اسے ناقابل تلاقی نقصان پہنچایا ہے، دست کاری کے شعبے کو نقصان پہنچانے کی سب سے زیادہ ذمے داری مڈل مین پر عائد ہوتی ہے جب کہ غریب دست کاروں کو ان کے ظلم سے بچانے کے لیے کبھی سنجیدہ کوشش نہیں کی گئی ہے۔ اس شعبے میں پاکستان اور چین کے اشتراک سے نہ صرف بھاری زر مبادلہ کمایا جا سکتا ہے بلکہ عالمی منڈی پر اجارہ داری بھی قائم کی جا سکتی ہے۔

قوم نے دیکھ لیا ہے کہ شہباز شریف کتنے دلیر اور جرات مند ہیں، وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان

قوم نے دیکھ لیا ہے کہ شہباز شریف کتنے دلیر اور جرات مند ہیں، وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان لاہور (نیوز اپ ڈیٹس) وزیر اطلاعات پن...