کشمیر کی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی، پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے۔ سلیم خمیسانی
لیاری کا بچہ بچہ اپنے کشمیری مسلمانوں کے ساتھ ہے، دنیا بھر کے انسانی حقوق کے علم بردار مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں پر ظلم و جبر کا نوٹس لیں۔ الہی بخش گولڈ، ندیم فیض بلوچ
کراچی (نیوز اپ ڈیٹس) کشمیر پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے پوری قوم جدو جہد آزادی کی تحریک میں اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے۔ ان خیالات کا اظہار محمد سلیم خمیسانی نے لیاری کے علاقے بغدادی میں یوم یک جہتی کشمیر کے حوالے سے خمیسانی سوشل ویلفیئر ٹرسٹ اور علم دوست ویلفیئر آرگنائزیشن کے زیر اہتمام ”کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے“ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار سے علم دوست ویلفیئر آرگنائزیشن کے صدر الہی بخش گولڈ، جنرل سیکریٹری اور اقراءالاطفال الفیض کوچنگ سینٹر کے پرنسپل ندیم فیض بلوچ، فرسٹ اسٹیپ کے چیئرمین حاجی اسحاق سومرو، جنرل سیکریٹری محمد صدیق سنگار ملیر والا، یوسی کونسلرز ایاز بلوچ، کاشف میمن، نسیم اختر بلوچ، شکیل مراد، ماما عبدالحیدر ناز، سائیں رسول بخش سمیت لیاری کے معروف فٹ بالرز، کھلاڑیوں اور اسپورٹس سے وابستہ شخصیات نے خطاب کیا۔ سیمینار میں اقراءالاطفال الفیض کوچنگ سینٹر کے طلبہ و طالبات نے کشمیری عوام سے اظہار یک جہتی کے حوالے سے ٹیبلو اور ترانے پیش کیے۔ اس موقع پر مقررین نے اپنے خطاب میں کشمیری عوام سے اظہار یک جہتی کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی، پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے۔ مقررین نے کہا کہ لیاری کا بچہ بچہ آج اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہار یک جہتی کر رہا ہے۔ انہوں نے دنیا بھر کے انسانی حقوق کے علم برداروں سے مطالبہ کیا کہ کشمیری مسلمانوں پر بھارتی جارحیت کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو حق خود ارادیت دے کر انہیں آزادی کا حق دے۔ سیمینار کے اختتام پر یوم یک جہتی واک کا انعقاد کیا گیا۔ واک لیاری کے مختلف علاقوں سے ہوتی ہوئی بمباسہ اسٹریٹ بغدادی لیاری پر اختتام پذیر ہوئی۔ واک کے شرکاءنے ہاتھوں میں کشمیری مسلمانوں پر بھارتی مظالم کے خلاف بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔
No comments:
Post a Comment