سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے دورے کے موقع پر صدر مملکت، مولانا بشیر فاروقی، عارف لاکھانی و دیگر کا خطاب
کراچی (نیوز اپ ڈیٹس) اسلام نے ضرورت مندوں لوگوں کی مدد کو عبادت کا درجہ دیا ہے اور تمام انسانوں کو رہنمائی فراہم کی ہے، پاکستان بالخصوص کراچی کو یہ فخر حاصل ہے کہ یہاں بے شمار فلاحی پروگرام اور منصوبے مخیر حضرات چلا رہے ہیں اور لاکھوں لوگ اس سے استفادہ کر رہے ہیں۔ یہ بات صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گزشتہ روز سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے دورے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ٹرسٹ کے سرپرست مولانا بشیر فاروقی، صدر عارف لاکھانی، افضال چامڈیا، ضیاءالاسلام اور محمد غزال نے بھی خطاب کیا۔ ڈاکڑ عارف علوی نے کہا کہ حکومت سیلانی ویلفیئر کی خدمات کو سراہتی ہے اور پورے ملک میں ادارے نے خدمت کی ایک منفرد مثال قائم کی ہے اور بالخصوص نوجوانوں کو روزگار، تکنیکی تربیت، صحت اور خوراک کی فراہمی نے غریب لوگوں کی زندگی کو آسان بنا دیا ہے۔ قبل ازیں صدر مملکت نے ٹرسٹ کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہیں ٹرسٹ کی کارکردگی سے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر مولانا بشیر فاروقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ سیلانی نے انفارمیشن ٹیکنالوجی میں نوجوانوں کا بڑا تربیتی پروگرام شروع کیا ہے اور ابھی 17500نوجوانوں کا ٹیسٹ لیا گیا ہے جس میں سے13400نوجوانوں کو صلاحیت کی بنیاد پر تربیتی پروگرام کے لیے منتخب کرلیا گیا ہے، اس کے علاوہ روزانہ ایک لاکھ سے زائد افراد کو کھانا، ہزاروں کو صحت کی سہولیات، راشن پہنچایا جا رہا ہے اور اب سیلانی ویلفیئر فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد اور دیگر شہروں میں اپنی شاخیں قائم کر رہی ہے۔
No comments:
Post a Comment