بنیادی ضروریات زندگی عوام کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہیں، وفاقی حکومت سندھ خصوصاً کراچی میں گیس کی بندش کا فی الفور خاتمہ کر کے عوام کو مشکلات سے نجات دلائے، عالم علی
کراچی (نیوز اپ ڈیٹس) شہر میں گیس کی بندش نے عوام کی زندگیوں کو مشکلات سے دو چار کر دیا ہے، مہنگائی اور ناپید بنیادی ضروریات کی وجہ سے جہاں عوام پہلے ہی اذیت کا شکار تھے وہیں پانی، بجلی اور دیگر بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کے بعد گیس جیسی سہولت بند ہونے کی وجہ سے عوام کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سائبان سٹیزن کمیونٹی بورڈ کے چیئرمین عالم علی نے سائبان ہاﺅس میں شاہ فیصل، ملیر، کورنگی اور لانڈھی کے مختلف علاقوں کے نوجوانوں اور علاقہ معززین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ عالم علی نے کہا کہ بنیادی ضروریات زندگی عوام کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہیں، عوام کا کوئی پرسان حال نہیں وفاقی اور صوبائی حکومتیں عوامی مشکلات سے یا تو بے خبر ہیں یا جان بوجھ کر عوامی مسائل پر آنکھیں بند کیے ہوئے ہیں اگر صورت حا ل یہی رہی اور عوام کو بنیادی سہولیات فراہم نہ کی گئیں اور ضروریات زندگی مہیا نہ ہوئیں تو پورا ملک سراپا احتجاج بن جائے گا۔ عالم علی نے کہا کہ عوام کو سہولیات کی فراہمی، یو ٹیلیٹی سروسز بہم پہنچانا ریاست کی ذمے داری ہے۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے اپیل کی کہ سندھ خصوصاً کراچی میں گیس کے بحران کے خاتمے کے لیے ٹھوس اقدامات کر کے عوام کی زندگیوں کو مشکلات سے نجات دلائے۔
No comments:
Post a Comment