کھیل ایسی مصروفیت ہے جس کے ذریعے ہم اپنی تیز تر پیشہ ورانہ زندگی میں سے کچھ وقت نہ صرف اپنی ذات کے لیے نکال لیتے ہیں بلکہ اپنے ارد گرد کے لوگوں سے بھی مل لیتے ہیں، وائس چانسلر پروفیسر محمد سعید قریشی کا اوجھا کیمپس میں واقع جمنازیم میں سالانہ اسپورٹس ویک کی افتتاحی تقریب سے خطاب
کراچی (نیوز اپ ڈیٹس) ڈاﺅ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر پروفیسر محمد سعید قریشی نے کہا ہے کہ کھیل ایسی مصروفیت ہے جس کے ذریعے ہم اپنی تیز تر پیشہ ورانہ زندگی میں سے کچھ وقت نہ صرف اپنی ذات کے لیے نکال لیتے ہیں بلکہ اپنے ارد گرد کے لوگوں سے بھی مل لیتے ہیں۔ یہ باتیں انہوں نے منگل کی صبح اوجھا کیمپس میں واقع جمنازیم میں سالانہ اسپورٹس ویک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلرز پروفیسر محمد مسرور، پروفیسر خاور سعید جمالی، پروفیسر زرناز واحد، رجسٹرار ڈاﺅ یونیورسٹی پروفیسر امان اللہ عباسی، ڈائریکٹر اسپورٹس پروفیسر مکرم علی، ڈاﺅ میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر کرتار ڈوانی، ڈائریکٹر فنانس ندیم شکور جویری، پروفیسر نبیلہ سومرو، پروفیسر سنبل شمیم، پروفیسر امرینہ قریشی اور ڈاکٹر شوکت علی سمیت سینئر فیکلٹی ممبرز اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
پروفیسر سعید قریشی نے کہا کہ ہر سال کھیلوں کی اس سرگرمی کے ذریعے ہم اپنے طلبہ کے مابین باہمی میل جول اور سماجی تعلقات کو پروان چڑھاتے ہیں تاکہ صحت مند سرگرمیوں کے ذریعے ایک دوسرے سے تعارف حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ سالانہ اسپورٹس ویک کے دوران کچھ لوگ جیتیں گے اور بعض ہار بھی جائیں گے، ہارنے والے حوصلہ نہ ہاریں بلکہ نئے عزم کے ساتھ اگلی فتح کی تیاری کریں اور جیتنے والے آئندہ مقابلوں میں اپنی کام یابی برقرار رکھنے کے لیے مزید محنت کریں۔ اپنے خطاب کے آخر میں انہوں نے بہترین مقابلوں کے انعقاد پر ڈائریکٹر اسپورٹس پروفیسر سید مکرم علی اور ان کی ٹیم کی تعریف کی۔ پروفیسر سید مکرم علی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاﺅ یونیورسٹی کے13انسٹی ٹیوٹس کے درمیان مقابلوں میں 3000 طلبہ و طالبات پر مشتمل ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، آج اسپورٹس ویک کے باضابطہ آغاز سے پہلے بھی سائیڈ میچز کھیلے گئے، اس طرح یہ سرگرمی اپنی تقریب تقسیم انعامات تک پورے ایک ماہ پر محیط ہوتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 5 کوآرڈی نیٹرز،17 ایونٹ انچارج،36 فوکل پرسنز ان مقابلوں کا انعقاد ممکن بناتے ہیں۔ بعد ازاں پروفیسر محمد سعید قریشی نے ربن کاٹ کر سالانہ اسپورٹس ویک کا رسمی افتتاح کیا جب کہ تقریب کے آخر میں وائس چانسلر پروفیسر سعید قریشی نے اسپورٹس ویک کی کام یابی میں کردار ادا کرنے والے ہیڈ آف انسٹی ٹیوٹس سمیت دیگر اساتذہ میں شیلڈز تقسیم کیں۔
No comments:
Post a Comment