ملاقات میں یہ فیصلہ ہوا کہ میئر کراچی کی طرف سے تمام یونین کونسلز کو احکامات جاری کیے جائیں گے کہ وہ کمیشن کو اسپتالوں کی رجسٹریشن اور لائسنسنگ کے حوالے سے تعاون کریں، اس حوالے سے شہر کی وہ تمام یونین کونسلز جو میئر کراچی کی حدود میں آتی ہیں ان سے ڈیٹا بھی شیئر کیا جائے گا اور اس حوالے سے میٹنگ کا انعقاد بھی کیا جائے گا، مستقبل میں میئر کراچی سے صحت کی سہولیات میں بہتری کے لیے ملاقاتوں کا انعقاد بھی کیا جائے گا
کراچی ( اسٹاف رپورٹر) چیف ایگزیکٹیو آفیسر سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن ڈاکٹر منہاج قدوائی کی میئر کراچی وسیم اختر سے ان کے آفس میں اہم ملاقات، کمیشن کے مینڈیٹ پر عمل درآمد کے لیے یونین کونسل کی سطح پر مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ تفصیلات کے مطابق میئر کراچی وسیم اختر اور سی ای او سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں ڈاکٹر منہاج قدوائی نے کمیشن کے کام کرنے کا طریقہ کار جس میں صحت کی سہولیات میں بہتری اور اتائیت کے خاتمے کے حوالے سے کی گئی کوششوں کے بارے میں میئر کراچی کو آگاہ کیا۔ ان کی جانب سے یہ تجاویز بھی پیش کی گئیں کہ ہیلتھ کیئر کمیشن اور میئر کراچی مشترکہ طور پر کمیشن کے مینڈیٹ پر عمل در آمد کے حوالے سے کوشش کریں۔ ملاقات میںیہ فیصلہ بھی ہوا کہ میئر کراچی کی طرف سے تمام یونین کونسلز کو احکامات جاری کیے جائیں گے کہ وہ کمیشن کو اسپتالوں کی رجسٹریشن اور لائسنسنگ کے حوالے سے تعاون کریں، اس حوالے سے شہر کی وہ تمام یونین کونسلز جو میئر کراچی کی حدود میں آتی ہیں ان سے ڈیٹا بھی شیئر کیا جائے گا اور اس حوالے سے میٹنگ کا انعقاد بھی کیا جائے گا، مستقبل میں میئر کراچی سے صحت کی سہولیات میں بہتری کے لیے ملاقاتوں کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔
ڈاکٹر منہاج قدوائی نے اس موقع پر کہا کہ اسپتالوں میں بہتری لا کر ماڈل ہیلتھ کیئر سسٹم بنایا جائے گا اور اس سسٹم پر موثر طریقے سے عمل درآمد کرایا جائے گا جس سے شہر میں مجموعی طور پر اسپتالوں کی کا رکردگی بہتر ہوگی۔ ملاقات کے دوران طبی فضلے کے ٹھکانے لگانے کے حوالے سے کراچی میونسل کارپوریشن کے کردار پر بھی بات ہوئی۔ میئر کراچی نے اس حوالے سے اپنے تعاون کا یقین دلایا۔ وسیم اختر اور منہاج قدوائی نے مشترکہ طور پر صحت کی سہولیات میں بہتری کے لیے مل جل کر کام کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا جب کہ یہ تجویز بھی دی گئی کہ میئر کراچی ایڈوائزری کمیٹی فار ہیلتھ مینجمنٹ کا قیام کریں گے اور مستقبل میں مقامی سطح پر صحت کی سہولیات میں بہتری کے لیے اپنے آفس میں جگہ فراہم کریں گے۔ میئر کراچی وسیم اختر متعلقہ افسران سے اس میٹنگ کے حوالے سے رائے لے کر اور جلد دوبارہ ملاقات کے حوالے سے بتائیں گے۔ اس موقع پر ڈاکٹر منہاج قدوائی نے میئر کراچی کا شکریہ ادا کیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر کمیونی کیشن سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن ثمین زیدی بھی اس موقع پر موجود تھیں۔
No comments:
Post a Comment