نئی نسل کو کتب بینی کی جانب راغب کرنا ہوگا۔ کمشنر کراچی افتخار شلوانی
”آبگینے“ کی تقریب پذیرائی سے رونق حیات، اکرم کنجاہی، محمد عاقل، نعیم قریشی، حنیف کاشمیری، صدیق راز، شعیب ناصر و دیگر کا اظہار خیال
کراچی (نیوز اپ ڈیٹس) آرٹس کونسل میں معروف شاعر محمد رفیق مغل کے شعری مجموعے ”آبگینے“ کی تقریب پذیرائی ممتاز نقاد، دانش ور، شاعر و ادیب خیام العصر محسن اعظم ملیح آبادی کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ محمد رفیق مغل خوش فکر شاعر ہیں یہ سہل ممتنع میں جو کہتے ہیں وہ پڑھنے والے کے دل میں اتر جاتا ہے، انہوں نے اپنی شاعری میں معاشرے کے مختلف رویوں کو سمو دیا ہے یہ اپنے عہد اور ماحول سے جڑے ہوئے ہیں، یہ کسی نظرےے کے نہیں بلکہ فطرت انسانی کے شاعر ہیں۔ مہمان خصوصی کمشنر کراچی افتخار شلوانی نے کہا کہ ان کی شاعری اردو شاعری میں ایک اچھا اضافہ ہے ہمیں نئی نسل کو کتب بینی کی جانب راغب کرنا ہوگا اور شہر میںقائم لائبریریوں کی اونرشپ لینی ہوگی کیوں کہ علم و تعلیم کتاب ہی دیتی ہیں۔ معروف شاعر رونق حیات نے کہا کہ ان کی مادری زبان اُردو تو نہیں مگر وہ عرصہ دراز سے اُردو میں تخلیقی کام کر رہے ہیں، ان کی آٹھ کتابیں اس کی گواہ ہیں۔ معروف محقق اکرم کنجاہی نے کہا کہ ان کی شاعری میں بیانیہ بھی ہے اور شعریت بھی، یہ فیصلہ کرنا مشکل ہے کہ یہ اچھے تنقید نگار ہیں یا اچھے شاعر۔ محمد عاقل صدر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے کہا کہ کراچی میں جہاں لکھنے لکھانے کا سلسلہ کم ہو رہا ہے وہاں مغل صاحب جیسے لوگ اپنے حصے کا چراغ جلا رہے ہیں۔ حنیف کاشمیری نے کہا کہ ان کی کتاب میں نگینے جڑے ہیں۔ کراچی بار کے صدر نعیم قریشی نے کہا کہ وکلاءبرادری ان جیسے قلم کاروں کی بڑی عزت کرتی ہے، میں کراچی کے علمی، ادبی حلقے کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ ہمارے نئے جناح آڈیٹوریم میں بھی ادبی محفلیں سجائیں۔ صدیق راز ایڈووکیٹ نے منظوم خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب کی نظامت شعیب ناصر، طاہر سلطانی نے کی جب کہ تلاوت کلام پاک اور نعت مبارکہ کی سعادت حافظ نعمان طاہر نے حاصل کی۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں ارباب علم، وکلاءبرادری کے ساتھ معروف شاعر سعد الدین سعد، عبدالصمد تاجی، تنویر سخن، عقیل عباسی، مطاہر حسین، عرفان صدیقی نے بھی شرکت کی جب کہ امریکا سے تنویر پھول اور پروفیسر خیال آفاقی کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔ محمد رفیق مغل نے مہمانوں کو گل دستے اور کتب کے تحائف پیش کیے۔
No comments:
Post a Comment