ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس، فارم ڈی اور آئی او ایچ بی ایم میں نمایاں جی پی اے حاصل کرنے والے طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے، جس کا مقصد تعلیمی میدان میں اچھی کارکردگی دکھانے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرنا تھا
کراچی (نیوز اپ ڈیٹس) جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں وزیر اعظم کی لیپ ٹاپ اسکیم کے پانچویں مرحلے میں تقسیم کی تقریب کا انعقادکیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی رکن قومی اسمبلی آفتاب جہانگیر تھے۔ تقریب میں جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس، فارم ڈی اور آئی او ایچ بی ایم میں نمایاں جی پی اے حاصل کرنے والے طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے، جس کا مقصد تعلیمی میدان میں اچھی کارکردگی دکھانے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔ اس موقع پر طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی آفتاب جہانگیر کا کہنا تھا کہ صحت کی صفت اللہ تعالی کی ودیعت کردہ صفات میں سے ایک ہے اور جن لوگوں کو اللہ بنی نوع انسان کی خدمت کا موقع دیتا ہے انہیں خاص لوگوں کو یہ صفت بھی عطا کرتا ہے۔ انہوں نے میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ سے اپنا کام ایمان داری سے کرنے کی تلقین کی اور کہا کہ جتنا ہو سکے ملک و قوم اور شہر کی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ اس موقع پر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طارق رفیع کا کہنا تھا کہ بچوں میں تعلیم کے حوالے سے شوق پیدا کرنے کے لیے لیپ ٹاپ کی تقسیم جیسی اسکیمیں شروع کی گئی ہیں تاکہ بچے نہ صرف پڑھائی میں دل لگائیں بلکہ لیپ ٹاپ سے ان کو مدد بھی مل سکے۔ اس موقع پر 270 طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے۔
No comments:
Post a Comment