Monday, February 11, 2019

”کراچی بینالے2019ء“ میں ماحولیات کا موضوع اجاگر کیا جائے گا۔

اندرون اور بیرون ملک سے مصور اس سال ”کراچی بینالے 2019ء“ میں ماحولیات کے موضوع کو اپنے شاہ کاروں سے اجاگر کریں گے، تقریب ”کراچی بینالے ٹرسٹ“ کے مربی حبیب فدا علی مرحوم کی رہائش گاہ پر منعقد ہوئی۔ ممتاز آرکی ٹیکٹ کی آرٹ اور آرکی ٹیکچر کے شعبے میں خدمات کے بارے میں حاضرین کو ایک ڈاکومنٹری کے ذریعے بتایا گیا جو فلم سازی کی نوجوان طالبہ زہرہ منصور کی تحقیق اور کاوش کا نتیجہ تھی۔ تقریب کے اختتام پر حاضرین جرمن نیو میڈیا آرٹسٹ وولف گینگ اسپاہن کی پرفارمنس سے بھی لطف اندوز ہوئے
کراچی (نیوز اپ ڈیٹس) ”کراچی بینالے2019ء“ میں مختلف مقابلوں اور سرگرمیوں کے ذریعے پاکستان اور بیرونِ ملک سے تعلق رکھنے والے مصوروں کے فن کے اظہار کے لیے جدت، بہترین فن اور تنقید نگاری کو یک جا کرنے کے ساتھ ساتھ اس خطے میں فن کے تبادلے کا موقع بھی فراہم کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار ”کراچی بینالے ٹرسٹ“ کی منیجنگ ٹرسٹی اور ”کراچی بینالے2019ء“ کی چیف آپریٹنگ آفیسر نیلوفر فرخ نے ”کراچی بینالے2019ء“ کی افتتاحی تقریب کے دوران اپنے خیر مقدمی خطاب کے دوران کیا۔ افتتاحی تقریب میں اکتوبر 2019ء میں منعقد کیے جانے والے ”کراچی بینالے 2019ء“ کے لیے منتخب کی جانے والی سرگرمیوں کے بارے حاضرین کو آگاہ کیا گیا۔ نیلوفر فرخ نے بتایا کہ رواں سال ”کراچی بینالے“ کا موضوع ماحولیات ہے جس میں ساحلی ماحولیات کی اہمیت پر خصوصی توجہ دی جائے گی، پاکستان اور بیرون ملک سے تعلق رکھنے والے مصور، نقاش اور کندہ کار اپنے فن پاروں کے ذریعے اس اہم موضوع کو زیر گفتگو لائیں گے، اس موضوع کے انتخاب کا مقصد کراچی کو لاحق گرمی کی لہر، قلت آب اور آلودگی جیسے مسائل کی جانب توجہ دلانا ہے جن کا سامنا آئے دن کراچی کے رہائشیوں کو کرنا پڑتا ہے۔
 نیلوفر فرخ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی مصوروں کو ماحولیات پر اظہار خیال کے لیے اتنا وسیع کینوس پہلی دفعہ ”کراچی بینالے 2019ء“ نے فراہم کیا ہے، مصور اپنے فن پاروں کے ذریعے سامعین کو ممکنہ خطرات کا احساس دلائیں گے، ”کراچی بینالے2019ء“ کی مختلف سرگرمیوں کے دوران ملکی اور بین الاقوامی مصورین کے فن پاروں کے ذریعے روز مرہ زندگی میں ماحول دوست اصلاحات کو متعارف کرانے کے لیے معلومات فراہم کی جائیں گی۔ تقریب کی مہمانِ خصوصی زہرہ حسین تھیں جو چوکھنڈی آرٹ کی فاﺅنڈر ڈائریکٹر ہیں اور کراچی کے آرٹ کے پس منظر میں چالیس سال سے فعال اور نادر فن پارے جمع کرتی ہیں۔ زہرہ حسین نے کراچی میں آرٹ کے فروغ پر گفتگو کرتے ہوئے ”کراچی بینالے“ کی کوششوں کی اہمیت کا ذکر کیا۔ انہوں نے آرٹ کے فروغ میں مرحوم حبیب فدا علی کی کاوشوں کا بھی ذکر کیا۔ ”کراچی بینالے2019ء“ کے کیوریٹر محمد ذیشان نے بینالے سے متعلق اپنے خطاب میں کہا کہ انسانی فطرت دو مختلف شاخوں پر تقسیم ہے، ایک طرف قدرت پر انحصار ہے اور دوسری جانب فطری دنیا کا خوف، اس نتازعے میں مصالحت کے لیے انسان نے فطرت کو پاک کرنے کی کوشش کی ہے، زندگی کی روز مرہ سرگرمیوں کے ارتکاب میں ماحولیات کی اہمیت پر توجہ دیتے وقت منتظم کی نظر اس ابتدائی بنیاد سے باہر دیکھنے کی خواہش رکھتی ہے۔ ذیشان نے مزید کہا کہ ”کراچی بینالے2019ء“ کراچی سمیت دنیا بھر کے لیے لاحق ان خدشات کو آگاہی کے اصل مقام تک پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے، کراچی کی آبادی اپنے ہی آبائی شہر میں ان غیر متوقع، غیر روایتی اور تشویش ناک نتائج سے زیادہ دور نہیں، کاربن کی مقدار کی کم سے کم موجودگی کو یقینی بنانے کے لیے ”کراچی بینالے“ کی تقریبات اور سرگرمیوں کے دوران ماحول دوست سامان کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ انعامی کمیٹی کی سربراہ بشریٰ حسین نے نوجوان آرٹسٹوں کی حوصلہ افزائی اور ان کی کارکردگی کو سراہنے کے لیے منعقد کیے جانے والے پانچ انعامی مقابلوں کے بارے میں بتایا کہ ”مہوش اور جہانگیر صدیقی جیوریڈ پرائز، بین الاقوامی جیوری کے فیصلے پر مقابلے کے لیے پیش کردہ بہترین فن پارے کا انعام ہوگا، ایچ ایم حبیب لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ، کم از کم چار دہائیوں تک اس شعبے میں بطور آرٹسٹ، آرٹ نقاد، آرٹ مورخ یا آرٹ کے استاد کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والی شخصیت اس انعام کی حق دار ہوگی۔
 انہوں نے بتایا کہ پبلک چوائس آرٹ پرائز، ”کراچی بینالے“ کی سرگرمیوں پر تشریف لانے والے افراد خصوصی طور پر تیار کردہ ایک ڈیجیٹل ایپلی کیشن کو استعمال کرتے ہوئے اپنے منتخب کردہ فن پارے کے حق میں ووٹ دیں گے، پِیک فرینز ایمرجِنگ آرٹس، تیس سال سے کم عمر ایک آرٹسٹ اس انعام کا حق دار ہوگا جب کہ لینگڈن ملک فاﺅنڈیشن پرفارمنس آرٹ ایوارڈ کا یہ انعام ابھرتے ہوئے پرفارمیٹیو آرٹ کے شعبے میں حوصلہ افزائی کے لیے رکھا گیا ہے۔ تقریب ”کراچی بینالے ٹرسٹ“ کے مربی حبیب فدا علی مرحوم کی رہائش گاہ پر منعقد ہوئی۔ ممتاز آرکیٹیکٹ کی آرٹ اور آرکیٹیکچر کے شعبے میں خدمات کے بارے میں حاضرین کو ایک ڈاکومینٹری کے ذریعے بتایا گیا جو فلم سازی کی نوجوان طالبہ زہرہ منصور کی تحقیق اور کاوش کا نتیجہ تھی۔ تقریب کے اختتام پر حاضرین جرمن نیو میڈیا آرٹسٹ وولف گینگ اسپاہن کی پرفارمنس سے بھی لطف اندوز ہوئے۔

No comments:

Post a Comment

قوم نے دیکھ لیا ہے کہ شہباز شریف کتنے دلیر اور جرات مند ہیں، وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان

قوم نے دیکھ لیا ہے کہ شہباز شریف کتنے دلیر اور جرات مند ہیں، وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان لاہور (نیوز اپ ڈیٹس) وزیر اطلاعات پن...