ہم نہ صرف عوام کی خدمت کر رہے ہیں بلکہ ناکردہ گناہوں کی سزا اور مقدمات کا سامنا بھی کر رہے ہیں، میئرکراچی
ہم اسی تگ و دو میں لگے ہوئے ہیں کہ کراچی کی بہتری اور ترقیاتی کاموں کے لئے فنڈز اور اختیارات حاصل کئے جائیں،وسیم اختر
کراچی(این این آئی)میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ وہ خوش قسمت لوگ ہوتے ہیں جنہیں اختیارات مل جاتے ہیں ہم نہ صرف عوام کی خدمت کر رہے ہیں بلکہ ناکردہ گناہوں کی سزا اور مقدمات کا سامنا بھی کر رہے ہیں ہم اسی تگ و دو میں لگے ہوئے ہیں کہ کراچی کی بہتری اور ترقیاتی کاموں کے لئے فنڈز اور اختیارات حاصل کئے جائیں، کراچی کے شہریوں کے تفریحی مقامات ، پارکوں اور کھیل کے میدانوں کو مفت کا مال نہ سمجھا جائے نہ ان پر قبضہ کیا ہے اور نہ ایسا کرنے دیں گے، افسران منتخب نمائندوں کے مینڈیٹ کو تسلیم کریں اور مسائل کھڑے کرنے کے بجائے کاموں میں آسانیاں پیدا کریں یہ بات انہوں نے کے ایم سی آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ، مختلف سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز، کے ایم سی کے مختلف محکموں کے سربراہان، سابق افسران، ایسوسی ایشن کے صدر جمیل فاروقی، نائب صدر نذیر لاکھانی، جنرل سیکریٹری بلال منظر، سیکریٹری نشر و اشاعت علی حسن ساجد اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے، میئر کراچی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم اور آپ مل کر کام کریں گے تو افسران ہماری طاقت بن جائیں گے ، کے ایم سی کے تمام ملازمین اپنے آپ کو سیاست سے الگ رکھیں، نظم و ضبط قائم رکھنے کے لئے افسران وقت پر دفاتر آئیں اور ماتحت عملے کو بھی اس بات کی ہدایت کریں کہ وہ دفتری اوقات کی پابندی کریں، بلدیاتی حکومت، افسران مل کر اصلاحات متعارف کرائیں ، نظام میں بہتری ہم سب کے اور شہر کے حق میں بہتر ہے انہوں نے کہا کہ ہم سب کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہئے اور اپنے آپ کو خدمت خلق کے لئے وقف کردینا چاہئے کیونکہ خدمت خلق بہت بڑی عبادت ہے اللہ نے آپ سب کو یہ موقع فراہم کیا ہے، میئر کراچی نے اس موقع پر خوش آئند اعلانات کرکے افسران کے دل جیت لئے انہوں نے اعلان کیا کہ افسران اور ان کے خاندان کو کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز میں علاج کی مفت سہولت فراہم کی جائے گی، ہاکس بے پر واقع کے ایم سی ہٹ کاانتظام وانصرام کے ایم سی آفیسرز ویلفیئر ایسوسی کے پاس ہوگا، کے ایم سی آفیسرز کلب کی پوری عمارت ایسوسی ایشن کے حوالے کی جارہی ہے تاکہ وہ افسران کو بہتر سہولتیں مہیا کریں، کے ایم سی افسران کی ہیلتھ پالیسی پر کام جاری ہے اور اس سلسلے میں ایسوسی ایشن کی کوششوں کی مکمل حمایت کی جائے گی اور جلد ہی کے ایم سی افسران ہیلتھ انشورنس پالیسی کے ذریعے علاج کی بہترین سہولتوں سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ میئر کراچی نے یہ بھی اعلان کیا کہ کے ایم سی کے افسران و ملازمین کے چار ماہ کے بقایاجات کی ادائیگی کے لئے وہ بھرپور کوشش کریں گے اور اس سلسلے میں جلد ہی افسران و ملازمین کے بقایا جات کی ادائیگی شروع کردی جائے گی، ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ادارے میں افسران کی ایسوسی ایشن کا کردار انتہائی اہم ہوتا ہے ایسوسی ایشن اپنے ممبران کی تعداد بڑھائے اور ان کی فلاح و بہبود اور صحت و مسرت کے لئے کام کرے تو ہم ایسوسی ایشن کی بھرپور حمایت اور سرپرستی کریں گے انہوں نے کہا کہ کراچی ہمارا شہر ہے ہم اس کی ترقی کے لئے ہرممکن اقدامات کریں گے ہمیں جس حد تک بھی جانا ہوگا جائیں گے اگر اختیارات نہ دیئے گئے تو سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے ۔ قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکریٹری بلال منظر نے میئر کراچی کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ہمارا عزم ہے کہ ہم سب مل جل کر کراچی شہر کی خدمت کریں یہ منزل منتخب نمائندے اور افسران مل کر ہی حاصل کرسکتے ہیں انہوں نے کہاکہ ایک طویل عرصے کے بعد سیاسی خلا پر ہوا ہے اور منتخب قیادت شہر کو میسر آئی ہے جو سیاسی محاذ پر شہر کے مفادات کا دفاع کرسکتی ہے اور شہر کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی، انہوں نے سندھ حکومت کی جانب سے کئے جانے والے عوام دشمن اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی سے بہت سے ادارے جس میں ماسٹر پلان، بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی، واٹر اینڈ سیوریج بورڈ، ادارہ ترقیات کراچی شامل ہیں چھین لئے گئے ہیں ، نائب صدر نذیر لاکھانی نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا اور کہا کہ کے ایم سی افسران کراچی کی ازسرنو تعمیر کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں ، میئر کراچی کے ساتھ کھڑے ہیں اور شہریوں کی خدمت کا جذبہ لے کر میئر کراچی کے ہاتھ مضبوط کریں گے۔ ایسوسی ایشن کے صدر جمیل فاروقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میئرکراچی کے ذہن میں آفیسرز اور ملازمین کی فلاح و بہبود کے لئے متعدد منصوبے ہیں جو بتدریج روبا عمل لائے جائیں گے انہوں نے کہا کہ کے ایم سی آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن ایک منتخب ادارہ ہے اور منتخب ہونے والے افسران کی یہ کوشش ہے کہ وہ اپنا بھرپور اور موثر کردار ادا کریں اور اپنے شہر و اداروں کو صاف ستھرا رکھیں ، اداروں کے قواعد و ضوابط کا احترام کریں ۔میئر کراچی نے اس موقع پر کے ایم سی آفیسرز کلب میں نوتعمیر شدہ سیمینار ہال کا افتتاح کیا اور پاکستان کی پہلی لوکل گورنمنٹ لائبریری کا تفصیلی دورہ بھی کیا۔اس موقع پر جوائنٹ سیکریٹری راشد سبزواری، خازن شمس الدین،منیجنگ کمیٹی کے اراکین محمد رضوان خان، ریحانہ پروین، سلمان شمسی، ڈاکٹر شارق، ڈاکٹر رضوانہ برکت، سعید اختر، محمد اسماعیل، محمد متین اور محمد شاہد و دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔