سندھ بھر میں خانہ اور مردم شماری کا آغاز (آج) صدر مملکت اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں کریں گے
ادارہ شماریات ،وفاقی اور سندھ حکومتوں نے خانہ شماری اور مردم شماری کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل کرلیے
شمارکنندگان کو مردم شماری کا سامان فراہم کردیا گیا، 12ہزار سے زائد مردم شماری عملہ اور ہر شمار کنندہ کے ہم راہ ایک فوجی اہل کاربھی اعداد و شمار جمع کرے گا
کراچی (نیوز اپ ڈیٹس)سندھ بھر میں خانہ اور مردم شماری کا آغاز سے ہوگا ۔ادارہ شماریات ،وفاقی اور سندھ حکومتوں نے خانہ شماری اور مردم شماری کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل کرلیے ہیں ۔مردم شماری کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں گے ۔سکیورٹی کے لیے پاک فوج ،رینجرز اور پولیس تعینات ہوگی ۔صدر مملکت ممنون حسین اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں ملک میں 19سال بعد ہونے والی مردم شماری کا آغاز کریں گے ۔تفصیلات کے مطابق سندھ کے 8اضلاع میں چھٹی مردم شماری کے پہلے مرحلے کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے ،پیر اور منگل کوشمارکنندگان کو مردم شماری کا سامان فراہم کردیا ہے اور خانہ شماری کا آغازبدھ سے شروع ہوگا ،جبکہ 12ہزار سے زائدمردم شماری عملہ اورہر شمارکنندہ کے ہمراہ ایک فوجی اہلکاربھی اعدادوشمار جمع کرے گا۔سندھ میں مردم شماری کے پہلے مرحلے میں کراچی ڈویژن کے6اضلاع ، ضلع حیدر آباد اور ضلع گھوٹکی شامل ہیں، سیکیورٹی کے لئے فوج ، رینجرز اور پولیس تعینات ہوگی۔کراچی کے اضلاع کو کو21مردم شماری اضلاع میں تقسیم کیاگیا ہے ۔ ذرائع سے حاصل اعدادوشمار کے مطابق مردم شماری کے لئے کراچی میں 365چارجز ہیں ۔ ان چارجز کو 2401سرکلز میں تقسیم کیا گیاہے ۔سرکلز کو14550بلاکوں میں تقسیم کیا گیا ہے ۔مجموعی طور پر 10ہزار68افراد پر مشتمل عملہ تعینات کیاگیا ہے ، جن میں ایک ڈویژنل انچارج، 6ضلعی انچارجز ،21مردم شماری اضلاع انچارجز ،365چارج سپرنٹنڈنٹ،2401سرکلز سپروائز اور7ہزار274شمار کنندگان شامل ہیں ۔ کراچی کے 21مردم شماری اضلاع میں کراچی غربی میں سائٹ ، بلدیہ ٹان ، اورنگی ٹان ،معین آباد ،منگھوپیر ،ماڑی پور، ہاربراور منوڑا کنٹونمنٹ ۔ کراچی جنوبی میں لیاری ، گارڈن ، آرام باغ ، صدر ، سول لائن، کراچی کنٹونمنٹ اور کلفٹن کنٹونمنٹ ۔کراچی شرقی میں جمشید کوارٹرز، گلشن اقبال ، فیروز آباد ، گلزار ہجری (اسکیم 33)اور فیصل کنٹونمنٹ ۔کورنگی کراچی میں شاہ فیصل کالونی ، مدینہ کالونی، کورنگی اور لانڈھی ۔ کراچی وسطی میں نارتھ ناظم آباد ،نیو کراچی، گلبرگ، لیاقت آباداور ناظم آباد اور ملیر کراچی میں بن قاسم ، ابراہیم حیدری ، شاہ مراد ، گڈاپ، مراد میمن گوٹھ ، ائیرپورٹ ، کورنگی کریک کنٹونمنٹ اور ملیر کنٹونمنٹ کو مردم شماری ضلع بنایا گیا۔ضلع حیدر آباد میں مردم شماری کے لئے 71چارجز ہیں ۔ ان چارجز کو339سرکلز میں تقسیم کیا گیاہے ۔سرکلز کو2072بلاکوں میں تقسیم کیا گیا ہے ۔مجموعی طور پر ایک ہزار448افراد پر مشتمل عملہ تعینات کیاگیا ہے ، جن میں ایک ڈویژنل انچارج،ایک ضلعی انچارج،5مردم شماری اضلاع انچارجز ،71چارج سپریٹنڈنٹ،339سرکلز سپروائز اورایک ہزار38شمار کنندگان شامل ہیں ۔ضلع حیدر آباد کے 5مردم شماری اضلاع میں تعلقہ حیدر آباد سٹی ، تعلقہ لطیف آباد ،تعلقہ قاسم آباد،حیدر آباد کنٹونمنٹ اورتعلقہ اندرون حیدرآباد۔ضلع گھوٹکی میں مردم شماری کے لئے 20چارجز ہیں ۔ ان چارجز کو101سرکلز میں تقسیم کیا گیاہے ۔سرکلز کو1284بلاکوں میں تقسیم کیا گیا ہے ۔مجموعی طور پر 763افراد پر مشتمل عملہ تعینات کیاگیا ہے ، جن میں ایک ڈویژنل انچارج،ایک ضلعی انچارج،5مردم شماری اضلاع انچارجز ،20چارج سپریٹنڈنٹ،101سرکلز سپروائز اور642شمار کنندگان شامل ہیں ۔ضلع گھوٹکی کے5مردم شماری اضلاع میں تعلقہ گھوٹکی ، تعلقہ خان گڑھ ، میر پور ماتھیلو،تعلقہ اباڑواورتعلقہ ڈھرکی ۔مردم شماری شیڈول کے مطابق 15سے17مارچ تک بلاک نمبر 1کی گھر شماری ہوگی اور اسی دوران شمار کنند ہ گھر کے کسی بھی بالغ فرد کا شناختی کارڈنمبر حاصل کرکے گھر کے افراد کی تعداد معلوم کرے گا ، اسی مرحلے میں گھروں کی مکمل کیفیت بھی درج کی جائے گی ۔18سے27مارچ تک شمار کنندہ مردم شماری کی معلومات جمع کرے گا۔28مارچ کو بغیر گھروں کی آبادی شمار کی جائے گی اور29سے30مارچ تک شمار کنندگان سے پہلے بلاک کی جمع شدہ مردم شماری دستاویزات جمع کرکے بلاک نمبر2کی مردم شماری دستاویزات فراہم کی جائیں گی ۔شیڈول کے مطابق 31مارچ سے2اپریل تک بلاک نمبر2کی گھر شماری ہوگی اور اسی دوران شمار کنند ہ گھر کے کسی بھی بالغ فرد کا شناختی کارڈنمبر حاصل کرکے گھر کے افراد کی تعداد معلوم کرے گا ، اسی مرحلے میں گھروں کی مکمل کیفیت بھی درج کی جائے گی ۔3سے12اپریل تک شمار کنندہ مردم شماری کی معلومات جمع کرے گا۔13اپریل کو بغیر گھروں کی آبادی شمار کی جائے گی اور14سے15اپریل تک شمار کنندگان سے دوسرے بلاک کی جمع شدہ مردم شماری دستاویزات جمع کی جائیں گی ۔یاد رہے کہ ہر شمار کنندہ کے علاقے کو دو بلاکوں میں تقسیم کیا گیاہے ۔مردم شماری حکام کے مطابق شمار کنندگان کو تمام ضروری سامان پیر اورمنگل کو فراہم کردیا گیا ہے ۔
No comments:
Post a Comment