عافیہ موومنٹ کی حامی خواتین کا مانچسٹر میں پاکستانی قونصلیٹ کے باہرعافیہ کی رہائی اور وطن واپسی کیلئے احتجاجی مظاہرہ
کراچی(نیوز اپ ڈیٹس)قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کے اغواءکے 14 سال مکمل ہونے کے موقع پرپاکستان سے باہر بھی احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں برطانیہ میں مقیم انسانی حقوق کی علمبردار اور عافیہ موومنٹ کی حامی خواتین نے مانچسٹر، برطانیہ میں واقع پاکستانی قونصلیٹ کے باہرعافیہ کی امریکی جیل سے رہائی اور وطن واپسی کیلئے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ عافیہ موومنٹ میڈیا انفارمیشن سیل ، پاکستان کوارسال کردہ احتجاجی مظاہرے کی تصاویر اور تفصیلات کے مطابق مانچسٹر میںبارش کے باوجودخواتین نے ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی کیلئے پاکستانی قونصلیٹ کے باہر تین گھنٹے طویل احتجاج کیا۔ مظاہرے کے دوران خواتین ”عافیہ کو رہا کرو“ اور ”عافیہ کو وطن بھیجو“ کے نعرے لگا کر اپنے مطالبات پیش کرتی رہیں۔اس موقع پر خواتین نے عافیہ کی صحت کے حوالے سے بھی شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے اپنے ہاتھوں میں جو بینرزاٹھارکھے تھے ان پر درج تھاکہ ”عافیہ کو فوری طوری پر طبی امداد کی ضرورت ہے“ اور ”فی الفور وطن منتقل کرنے ضرورت ہے“۔ خواتین مسلسل بارش کے باوجود عافیہ کی رہائی کیلئے پاکستانی قونصلیٹ کے باہر موجود رہیں۔ بعد ازاں خواتین کے ایک وفد نے پاکستانی قونصلیٹ کی ویلفیئر آفیسر مسز فضا نیازی سے ملاقات کی جنہوں نے اپنی حمایت کا یقین دلایا اوراحتجاج کرنے والی خواتین سے وعدہ کیا کہ وہ ان کا خط قونصل خانے تک پہنچائیں گی۔ انہوں نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے بدلے شکیل آفریدی کے تبادلے کے بارے میں دریافت کیا۔پیغمبر اسلام محمد ﷺ نے مسلمان قیدیوں کی رہائی کیلئے قیدیوں کا تبادلہ کیا تھا۔ یہ نئی حکمت عملی امیدافزا ہے جسے سب سے پہلے معروف برطانوی صحافی ایوون ریڈلے نے تجویز کیا تھا جس پر پاکستانی حکومت کو عمل پیرا ہونا چاہئے۔
No comments:
Post a Comment