Saturday, March 23, 2019

بلدیہ وسطی میں یوم قرار داد پاکستان کی تقریبات کا انعقاد

چئیرمین ریحان ہاشمی نے پرچم کُشائی سے تقریبات کا افتتاح کیا
کراچی (نیوز اپ ڈیٹس) بلدیہ وسطی کراچی میں یومِ قرار داد پاکستان جوش و خروش سے منایا گیا۔ شاہراہ ابنِ سینا ناظم آباد پر واقع بلدیہ وسطی کے مرکزی دفتر میں یوم پاکستان کی پر وقار تقریب کا انعقاد ہوا۔ چئیرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے وائس چیئرمین سید شاکر علی کے ساتھ پرچم کشائی سے تقریب کا افتتاح کیا۔ بلدیہ وسطی کے تمام افسران و عملے نے مل کر بہ آواز بلند قومی ترانہ پڑھا جس سے فضاءمیں حب الوطنی کا ساز بج اُٹھا۔ اس موقع پر حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے چئیرمین ریحان ہاشمی نے کہا کہ ۳۲ مارچ ۰۴۹۱ءمحض یومِ قرار داد پاکستان ہی نہیں بلکہ قیام پاکستان کی تحریک کی کام یابی میں سب سے اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، یہ دن ہمیں یاد دلاتاہے کہ اپنے آبا و اجداد کی قربانیوںکے ثمر پاکستان کو ہمیشہ قائم و دائم اور پاکستانی عوام کو خوش حال رکھنے کے لیے ہم بھی کسی قربانی سے دریغ نہ کریں۔ آج سرحدوں پر خطرات کے بادل منڈلا رہے ہیں تو ہمارے لیے پیغام ہے کہ ہم سب ایک مضبوط اور متحد قوم ہونے کا ثبوت دیں اور کسی بھی جارحیت کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن جائیں۔ تقریب میں وائس چیئرمین سید شاکر علی، میونسپل کمشنر محمد فہیم خان، ڈائریکٹر ایجوکیشن محمد عرفان شیخ، ڈپٹی ڈائریکٹر ابرار احمد کے علاوہ اسکولوں کے اساتذہ اور طلبہ و طالبات نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر دیگر مقررین نے بھی حاضرین سے خطاب کیا اور قرار داد پاکستان کی تاریخی اہمیت کو اُجاگرکرتے ہوئے نئی نسل کو پاکستان کی ترقی کے لیے حصول تعلیم کی جانب بھرپور توجہ دینے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر اسکولوں کے طلبہ و طالبات کے درمیان یوم پاکستان کے حوالے سے تقریری مقابلہ بھی ہوا جب کہ طلبہ و طالبات نے یومِ قرار داد پاکستان کی مناسبت سے خصوصی ٹیبلوز پیش کیے جن میں ملک و ملّت سے محبت کا عنصر نمایاں تھا۔ یاد رہے کہ 23مارچ 1940ء وہ دن ہے کہ جب بر صغیر کے مسلمانوں نے قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں مُصمم اور پختہ ارادہ کیا کہ مسلمانوں کے لیے الگ وطن حاصل کرنے کے سوا کوئی دوسری بات قبول نہیں کریں گے اور پھر تمام ہندوستان میں مسلمانوں نے یک زبان اور ایک متحد قوم بن کر انگریزوں اور ہندوؤں کے خلاف زبردست جدوجہد شروع کی جس کے نتیجے میں 14اگست 1947ءکو پاکستان عالم وجود میں آیا۔ ہمیں اپنے اسلاف کی قربانیوں کو یاد رکھنے کے لیے قومی نوعیت کے ہردن کو جوش و خروش سے منانا چاہیے۔ پروگرام کے آخر میں چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے ٹیبلوز اور تقریری مقابلے میں حصہ لینے والے طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کیے۔

No comments:

Post a Comment

قوم نے دیکھ لیا ہے کہ شہباز شریف کتنے دلیر اور جرات مند ہیں، وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان

قوم نے دیکھ لیا ہے کہ شہباز شریف کتنے دلیر اور جرات مند ہیں، وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان لاہور (نیوز اپ ڈیٹس) وزیر اطلاعات پن...