Saturday, April 1, 2017

ہم نہ صرف عوام کی خدمت کر رہے ہیں بلکہ ناکردہ گناہوں کی سزا اور مقدمات کا سامنا بھی کر رہے ہیں، میئرکراچی

 ہم اسی تگ و دو میں لگے ہوئے ہیں کہ کراچی کی بہتری اور ترقیاتی کاموں کے لئے فنڈز اور اختیارات حاصل کئے جائیں،وسیم اختر

کراچی(این این آئی)میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ وہ خوش قسمت لوگ ہوتے ہیں جنہیں اختیارات مل جاتے ہیں ہم نہ صرف عوام کی خدمت کر رہے ہیں بلکہ ناکردہ گناہوں کی سزا اور مقدمات کا سامنا بھی کر رہے ہیں ہم اسی تگ و دو میں لگے ہوئے ہیں کہ کراچی کی بہتری اور ترقیاتی کاموں کے لئے فنڈز اور اختیارات حاصل کئے جائیں، کراچی کے شہریوں کے تفریحی مقامات ، پارکوں اور کھیل کے میدانوں کو مفت کا مال نہ سمجھا جائے نہ ان پر قبضہ کیا ہے اور نہ ایسا کرنے دیں گے، افسران منتخب نمائندوں کے مینڈیٹ کو تسلیم کریں اور مسائل کھڑے کرنے کے بجائے کاموں میں آسانیاں پیدا کریں یہ بات انہوں نے کے ایم سی آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ، مختلف سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز، کے ایم سی کے مختلف محکموں کے سربراہان، سابق افسران، ایسوسی ایشن کے صدر جمیل فاروقی، نائب صدر نذیر لاکھانی، جنرل سیکریٹری بلال منظر، سیکریٹری نشر و اشاعت علی حسن ساجد اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے، میئر کراچی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم اور آپ مل کر کام کریں گے تو افسران ہماری طاقت بن جائیں گے ، کے ایم سی کے تمام ملازمین اپنے آپ کو سیاست سے الگ رکھیں، نظم و ضبط قائم رکھنے کے لئے افسران وقت پر دفاتر آئیں اور ماتحت عملے کو بھی اس بات کی ہدایت کریں کہ وہ دفتری اوقات کی پابندی کریں، بلدیاتی حکومت، افسران مل کر اصلاحات متعارف کرائیں ، نظام میں بہتری ہم سب کے اور شہر کے حق میں بہتر ہے انہوں نے کہا کہ ہم سب کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہئے اور اپنے آپ کو خدمت خلق کے لئے وقف کردینا چاہئے کیونکہ خدمت خلق بہت بڑی عبادت ہے اللہ نے آپ سب کو یہ موقع فراہم کیا ہے، میئر کراچی نے اس موقع پر خوش آئند اعلانات کرکے افسران کے دل جیت لئے انہوں نے اعلان کیا کہ افسران اور ان کے خاندان کو کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز میں علاج کی مفت سہولت فراہم کی جائے گی، ہاکس بے پر واقع کے ایم سی ہٹ کاانتظام وانصرام کے ایم سی آفیسرز ویلفیئر ایسوسی کے پاس ہوگا، کے ایم سی آفیسرز کلب کی پوری عمارت ایسوسی ایشن کے حوالے کی جارہی ہے تاکہ وہ افسران کو بہتر سہولتیں مہیا کریں، کے ایم سی افسران کی ہیلتھ پالیسی پر کام جاری ہے اور اس سلسلے میں ایسوسی ایشن کی کوششوں کی مکمل حمایت کی جائے گی اور جلد ہی کے ایم سی افسران ہیلتھ انشورنس پالیسی کے ذریعے علاج کی بہترین سہولتوں سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ میئر کراچی نے یہ بھی اعلان کیا کہ کے ایم سی کے افسران و ملازمین کے چار ماہ کے بقایاجات کی ادائیگی کے لئے وہ بھرپور کوشش کریں گے اور اس سلسلے میں جلد ہی افسران و ملازمین کے بقایا جات کی ادائیگی شروع کردی جائے گی، ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ادارے میں افسران کی ایسوسی ایشن کا کردار انتہائی اہم ہوتا ہے ایسوسی ایشن اپنے ممبران کی تعداد بڑھائے اور ان کی فلاح و بہبود اور صحت و مسرت کے لئے کام کرے تو ہم ایسوسی ایشن کی بھرپور حمایت اور سرپرستی کریں گے انہوں نے کہا کہ کراچی ہمارا شہر ہے ہم اس کی ترقی کے لئے ہرممکن اقدامات کریں گے ہمیں جس حد تک بھی جانا ہوگا جائیں گے اگر اختیارات نہ دیئے گئے تو سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے ۔ قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکریٹری بلال منظر نے میئر کراچی کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ہمارا عزم ہے کہ ہم سب مل جل کر کراچی شہر کی خدمت کریں یہ منزل منتخب نمائندے اور افسران مل کر ہی حاصل کرسکتے ہیں انہوں نے کہاکہ ایک طویل عرصے کے بعد سیاسی خلا پر ہوا ہے اور منتخب قیادت شہر کو میسر آئی ہے جو سیاسی محاذ پر شہر کے مفادات کا دفاع کرسکتی ہے اور شہر کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی، انہوں نے سندھ حکومت کی جانب سے کئے جانے والے عوام دشمن اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی سے بہت سے ادارے جس میں ماسٹر پلان، بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی، واٹر اینڈ سیوریج بورڈ، ادارہ ترقیات کراچی شامل ہیں چھین لئے گئے ہیں ، نائب صدر نذیر لاکھانی نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا اور کہا کہ کے ایم سی افسران کراچی کی ازسرنو تعمیر کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں ، میئر کراچی کے ساتھ کھڑے ہیں اور شہریوں کی خدمت کا جذبہ لے کر میئر کراچی کے ہاتھ مضبوط کریں گے۔ ایسوسی ایشن کے صدر جمیل فاروقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میئرکراچی کے ذہن میں آفیسرز اور ملازمین کی فلاح و بہبود کے لئے متعدد منصوبے ہیں جو بتدریج روبا عمل لائے جائیں گے انہوں نے کہا کہ کے ایم سی آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن ایک منتخب ادارہ ہے اور منتخب ہونے والے افسران کی یہ کوشش ہے کہ وہ اپنا بھرپور اور موثر کردار ادا کریں اور اپنے شہر و اداروں کو صاف ستھرا رکھیں ، اداروں کے قواعد و ضوابط کا احترام کریں ۔میئر کراچی نے اس موقع پر کے ایم سی آفیسرز کلب میں نوتعمیر شدہ سیمینار ہال کا افتتاح کیا اور پاکستان کی پہلی لوکل گورنمنٹ لائبریری کا تفصیلی دورہ بھی کیا۔اس موقع پر جوائنٹ سیکریٹری راشد سبزواری، خازن شمس الدین،منیجنگ کمیٹی کے اراکین محمد رضوان خان، ریحانہ پروین، سلمان شمسی، ڈاکٹر شارق، ڈاکٹر رضوانہ برکت، سعید اختر، محمد اسماعیل، محمد متین اور محمد شاہد و دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ 

عافیہ موومنٹ کی حامی خواتین کا مانچسٹر میں پاکستانی قونصلیٹ کے باہرعافیہ کی رہائی اور وطن واپسی کیلئے احتجاجی مظاہرہ 

 کراچی(نیوز اپ ڈیٹس)قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کے اغواءکے 14 سال مکمل ہونے کے موقع پرپاکستان سے باہر بھی احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں برطانیہ میں مقیم انسانی حقوق کی علمبردار اور عافیہ موومنٹ کی حامی خواتین نے مانچسٹر، برطانیہ میں واقع پاکستانی قونصلیٹ کے باہرعافیہ کی امریکی جیل سے رہائی اور وطن واپسی کیلئے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ عافیہ موومنٹ میڈیا انفارمیشن سیل ، پاکستان کوارسال کردہ احتجاجی مظاہرے کی تصاویر اور تفصیلات کے مطابق مانچسٹر میںبارش کے باوجودخواتین نے ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی کیلئے پاکستانی قونصلیٹ کے باہر تین گھنٹے طویل احتجاج کیا۔ مظاہرے کے دوران خواتین ”عافیہ کو رہا کرو“ اور ”عافیہ کو وطن بھیجو“ کے نعرے لگا کر اپنے مطالبات پیش کرتی رہیں۔اس موقع پر خواتین نے عافیہ کی صحت کے حوالے سے بھی شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے اپنے ہاتھوں میں جو بینرزاٹھارکھے تھے ان پر درج تھاکہ ”عافیہ کو فوری طوری پر طبی امداد کی ضرورت ہے“ اور ”فی الفور وطن منتقل کرنے ضرورت ہے“۔ خواتین مسلسل بارش کے باوجود عافیہ کی رہائی کیلئے پاکستانی قونصلیٹ کے باہر موجود رہیں۔ بعد ازاں خواتین کے ایک وفد نے پاکستانی قونصلیٹ کی ویلفیئر آفیسر مسز فضا نیازی سے ملاقات کی جنہوں نے اپنی حمایت کا یقین دلایا اوراحتجاج کرنے والی خواتین سے وعدہ کیا کہ وہ ان کا خط قونصل خانے تک پہنچائیں گی۔ انہوں نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے بدلے شکیل آفریدی کے تبادلے کے بارے میں دریافت کیا۔پیغمبر اسلام محمد ﷺ نے مسلمان قیدیوں کی رہائی کیلئے قیدیوں کا تبادلہ کیا تھا۔ یہ نئی حکمت عملی امیدافزا ہے جسے سب سے پہلے معروف برطانوی صحافی ایوون ریڈلے نے تجویز کیا تھا جس پر پاکستانی حکومت کو عمل پیرا ہونا چاہئے۔

عزیر بلوچ کے مقدمات فوجی عدالت بھیجنے کا فیصلہ

عزیر بلوچ کے بھارتی خفیہ ایجنسی را سمیت دیگر ملک مخالف ایجنسیوں سے رابطوں کا انکشاف ہوا ہے، ذرائع

کراچی(نیوز اپ ڈیٹس)لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ پر قائم مقدمات کو فوجی عدالت بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیز بلوچ کے ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے انکشاف کے بعد ملزم کے کیسز فوجی عدالت بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ ملزم عزیر بلوچ نے بھارتی خفیہ ایجنسی” را“ اور ایرانی انٹیلی جنس ایجنسیوں سے بھی روابط کا اعتراف کیا تھا جبکہ ملزم کا پاکستان سے گرفتار بھارتی خفیہ ایجنٹ کلبھوشن یادیو سے بھی رابطوں کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے عزیر بلوچ کے مقدمات کو فوجی عدالت منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔دوسری جانب کراچی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں 2012 میں لیاری آپریشن کے دوران پولیس اہلکاروں سمیت 25 سے زائد افراد کی ٹارگٹ کلنگ سے متعلق 7 مختلف مقدمات کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران عدالت نے عزیر بلوچ اور اس کے ساتھیوں امین بلیدی، مشتاق خان، عبدالغفارعرف ماما اور رمضان عرف رمضانی پر فرد جرم عائد کردی تاہم ملزمان نے کمرہ عدالت میں صحت جرم سے انکارکردیا جس پر عدالت نے تفتیشی افسران اور گواہان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 24 اپریل کوطلب کرلیا۔

سندھ حکومت نے آئی جی پولیس اے ڈی خواجہ کو عہدے سے ہٹا دیا

سندھ حکومت اس سے قبل بھی اے ڈی خواجہ کو جبری رخصت پر بھیج چکی ہے

کراچی(نیوز اپ ڈیٹس)سندھ حکومت نے انسپکٹر جنرل آف پولیس اے ڈی خواجہ کو عہدے سے ہٹاکر ایڈیشنل آئی جی سردار عبدالمجید دستی کو قائم مقام آئی جی سندھ مقرر کردیا ہے۔ذرائع کے مطابق حکومت سندھ نے آئی جی پولیس اللہ ڈنو خواجہ کو عہدے سے ہٹا دیاہے جبکہ ان کی جگہ پولیس سروس کے گریڈ 21 کے افسر ایڈیشنل آئی جی سردار عبدالمجید دستی کو قائم مقام آئی جی سندھ مقرر کردیاہے جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو عہدے سے ہٹانے کی کوئی ٹھوس وجوہات سامنے نہیں آسکی ہیں البتہ ان کی خدمات واپس وفاق کے سپرد کردی گئی ہیں۔اس سے قبل ہفتہ کو ہی سندھ حکومت نے اے ڈی خواجہ کی خدمات وفاق کے سپرد کرنے کی درخواست سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کو بھیجی تھی جس میں ساتھ ہی سندھ کے نئے آئی جی کے لیے چیئرمین اینٹی کرپشن سندھ غلام قادر تھیبو، ایڈیشنل آئی جی ٹریفک خادم حسین بھٹی اور ایڈیشنل آئی جی ریسرچ ڈیولپمنٹ اینڈ انسپیکشن سردار المجید کے نام تجویز کیے تھے تاہم وفاق کی جانب سے کوئی فیصلہ آنے سے قبل ہی صوبائی حکومت نے آئی جی کو تبدیل کردیا۔واضح رہے کہ سندھ حکومت کی اہم شخصیات اور اے ڈی خواجہ کے درمیان گزشتہ کئی ماہ سے چپقلش جاری ہے جبکہ سندھ پولیس میں بھرتیوں کے معاملے پر بھی حکومت اور اے ڈی خواجہ کے درمیان شدید اختلافات تھے جس کے باعث اس سے قبل بھی سندھ حکومت اے ڈی خواجہ کو جبری رخصت پر بھیج چکی تھی تاہم معاملہ عدالت میں جانے پر عدالتی حکم کے بعد اے ڈی خواجہ اپنے عہدے پر واپس آگئے تھے۔

پی آئی اے کے قائم مقام سی ای او نے اپنا نام ای سی ایل میں شامل ہونے کے باوجود آبائی وطن جانے کی کوششیں شروع کردی،ذرائع 

کراچی(نیوز اپ ڈیٹس) پی آئی اے کے قائم مقام سی ای او نے اپنا نام ای سی ایل میں شامل ہونے کے باوجود آبائی وطن جانے کی کوششیں شروع کردی ہیں۔انتظامیہ نے سی ای او کی چھٹی کی اجازت پرعمل درآمد موخر کردیاہے۔تفصیلات کے مطابق ایگزیکٹ کنٹرول لسٹ پر موجود پی آئی اے کے قائم مقام سی ای او برنڈ ہلڈن برنڈ نے ایک با ر پھر آبائی وطن جانے کی کوششیں تیز کردی ہیں، برنڈ ہلڈن برنڈ کی چھٹی کے لئے دی گئی درخواست کو مجاز اتھارٹیز نے جاری انکوئریز کی تکمیل تک موخر کردیاہے۔ذرائع کے مطابق سی ای او کے خلاف مذکورہ انکوائریز ایئر لائن کے لئے لیز پر حاصل طیاروں اور ایئر بس 310کی مبینہ فروخت کے حوالے سے جاری ہیں، انکوائریز ایف آئی اے کے علاوہ پی آئی اے کی دو رکنی ٹیم بھی کر رہی ہے۔ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کی تحقیقات کے ضمن میں قائم مقام سی ای او کا نام ای سی ایل میں شامل کیا گیا تھا، مذکورہ الزامات کی تحقیقات کے حوالے سے وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی پریس کانفرنس بھی کر چکے ہیں۔ہلڈن برنڈ کی روانگی کے لئے ای سی ایل سے عارضی طور پر نام نکلوانے کے لئے سفارتی ذرائع بھی متحرک ہیں۔ ہلڈن برںڈ نے قومی ایئر لائن کی انکوائری کمیٹی کے سوالنامے کے جوابات بھی کچھ روز قبل دیئے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ مجاز اتھارٹیز کو قائم مقام سی او کی جانب سے یورپ کے ایک ایئرپورٹ پر آپریشن کے مجوزہ آغاز پر بھی تحفظات ہیں، اس کے علاوہ مذکورہ ایئر پورٹ پر قومی ایئر لائن کے مجوزہ آپریشن کے لئے پڑوسی ملک کی ایک کمپنی کی مبینہ دلچسپی بھی سامنے آئی ہے۔ذرائع کے مطابق مذکورہ کمپنی کی انتظامیہ میں قائم مقام سی ای او کے قریبی عزیز کی موجودگی کے بھی شواہد سامنے آئے ہیں۔

کراچی،مارکیٹ کمیٹی کے مرکزی دفتر پر چھاپے کے دوران گرفتار تین ملازمین کو تحقیقات میں تعاون کرنے کی یقین دہانی پر رہاکردیاگیا

کراچی(نیوز اپ ڈیٹس)مارکیٹ کمیٹی کے مرکزی دفتر پر چھاپے کے دوران گرفتار تین ملازمین کو تحقیقات میں تعاون کرنے کی یقین دہانی پر رہاکردیاگیاجبکہ تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا گیاہے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز مارکیٹ کمیٹی کے مرکزی دفتر میں اینٹی کرپشن کے افسر رتو خان جلبانی اور مجسٹریٹ وسیم احمد کی جانب سے چھاپہ مار کر تین ملازمین نثار سومرو ، جاوید خان اور ماموں کو حراست میں لیا گیا تھا جنہیں تحقیقات میں تعاون کی یقین دہانی کے بعد رہا کردیا گیا ہے اس سلسلے میں اینٹی کرپشن کے افسر رتو خان جلبانی نے بتایا کہ تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیاگیا ہے ۔چیئرمین مارکیٹ کمیٹی کو طلب کیا ہے لیکن وہ پیش ہونے سے کترا رہے ہیں ، سبزی منڈی میں دکانوں کی الاٹمنٹ میں بڑے پیمانے پر گھپلے کی تحقیقات میں جو بھی ملوث پایا گیا اس کے خلاف کارروائی ہوگی ، دوسری جانب مارکیٹ کمیٹی کے چیئرمین حاجی علی احمد جوکھیو نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ اینٹی کرپشن ماضی کی انتظامیہ ایڈمنسٹریٹر مارکیٹ کمیٹی انور گوپا نگ اور شاہنواز کے دور میں کےے گئے گھپلوں کی تحقیقات کر رہے ہیں جس سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہے ، انہوں نے کہا کہ ہمارے تین ملازمین کو گرفتار نہیں کیا گیا لیکن ہم نے خود انہیں مشیر نامے کیلئے بھیجا تھا جو واپس آگئے ہیں ، انہوں نے کہا کہ اینٹی کرپشن کے ساتھ تحقیقات میں ہر ممکن تعاون کریں گے ۔

قوم نے دیکھ لیا ہے کہ شہباز شریف کتنے دلیر اور جرات مند ہیں، وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان

قوم نے دیکھ لیا ہے کہ شہباز شریف کتنے دلیر اور جرات مند ہیں، وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان لاہور (نیوز اپ ڈیٹس) وزیر اطلاعات پن...